حرمین شریفین کی مقدس دھرتی پر حملہ پاکستان پر حملہ تصور ہوگا، رانا ثنااللہ

بھارت کو معلوم ہے وہ پاکستان کو توڑ نہیں سکتا لیکن وہ حرکتیں افغانستان اور فتنۃالخوارج کے ذریعے کررہا ہے، مشیروزیراعظم


بلال غوری November 15, 2026
فوٹو: فائل

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ ہمیں محافظ حرمین شریفین کا اعلیٰ مقام ملا ہے اور مقدس دھرتی پر حملہ پاکستان پر حملہ تصور ہوگا۔

لاہور میں آل پاکستان تحفظ حرمین شریفین و استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر وزیراعظم رانا ثنا اللہ نے کہا کہ غیر مسلم دنیا کسی مسلمان ملک کو ایٹمی طاقت کے طور پر نہیں دیکھنا چاہتی ہے، معرکہ حق کی شان دار فتح نے پورے پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کا سر دنیا بھر میں بلند کیا اور پاکستان آج دنیا بھر میں امن کے سفیر کے طور پر جانا جاتا ہے۔

وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ ہمیں محافظ حرمین شریفین کا اعلیٰ مقام ملا، حرمین شریفین کی مقدس دھرتی پر حملہ پاکستان پر حملہ تصور ہوگا اور تحفظ حرمین شریفین کے لیے پوری قوم حاضر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کے کرم سے نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا اور ہندوستان کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے مقابلے میں 6 دھماکے کیے جبکہ آج ہندوستان کو معلوم تھا اور 1998 کے بعد معلوم ہے کہ وہ پاکستان کو توڑ نہیں سکتا لیکن وہ حرکتیں افغانستان اور فتنۃالخوارج کے ذریعے کررہا ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جب بھی فکر اور فخر کا لمحہ نصیب ہوا تو وہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت تھی اور مرکز اہلحدیث ہمارے ساتھ تھا اور ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی 78 سالہ تاریخ میں جب پاکستان ایٹمی طاقت بنا تو ہر پاکستانی نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا اور پوری دنیا کے مسلمانوں نے خوشی منائی وہ لمحہ کبھی بھی نہیں بھولا جا سکتا ہے۔