لندن: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
مشرقِ وسطیٰ سے آبنائے ہرمز کے راستے تیل کی ترسیل جنگ سے پہلے کی سطح کے قریب بحال ہونے اور عالمی منڈی میں رسد بڑھنے کی توقعات نے قیمتوں پر دباؤ ڈالا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی حکومت نے بھی ملک کے اندر مختلف بندرگاہوں کے درمیان ایندھن کی ترسیل میں سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کیے ہیں، جس سے سپلائی میں اضافے کی توقعات مزید مضبوط ہوئی ہیں۔
پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 45 منٹ پر برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 47 سینٹ، یعنی 0.49 فیصد کمی کے بعد 95.37 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
اسی دوران امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت میں 23 سینٹ، یعنی 0.26 فیصد کمی ہوئی اور یہ 88.33 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔
رپورٹ کے مطابق جمعے کو بھی عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں کم ہوکر بند ہوئی تھیں۔ سرمایہ کار امریکا اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جنگ کے باعث پیدا ہونے والے جغرافیائی سیاسی خطرات میں کمی کے اشاروں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ یہ تنازع اب نویں ماہ میں داخل ہوچکا ہے۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمتوں میں بالترتیب 16 اور 13 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل کی بحالی اور رسد میں ممکنہ اضافے کی توقعات نے عالمی منڈی میں قیمتوں کو متاثر کیا ہے۔