تہران: ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ تہران امریکی حملے کا انتظار نہیں کرے گا بلکہ کسی بھی ممکنہ کارروائی کا جواب دینے کے لیے خود فیصلہ کرے گا۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کو انٹرویو دیتے ہوئے غریب آبادی نے الزام عائد کیا کہ امریکا سفارتی مذاکرات کو ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کی تیاری کے لیے وقت حاصل کرنے کی غرض سے استعمال کرسکتا ہے۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں امریکی فوجی موجودگی بڑھ رہی ہے اور ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی عمل کے متاثر ہونے کے خدشات ظاہر کیے جارہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ کا اسٹرائیک گروپ بھی مشرقِ وسطیٰ پہنچ گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس کے علاوہ دو امریکی طیارہ بردار بحری جہاز پہلے ہی امریکی سینٹرل کمانڈ کے زیرِ انتظام خطے میں موجود ہیں۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ نے امریکی فوجی سرگرمیوں کے تناظر میں واشنگٹن کے ارادوں پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی سلامتی کے معاملے میں محتاط ہے اور کسی ممکنہ حملے کے جواب کے لیے پیشگی اقدامات کرسکتا ہے۔
کاظم غریب آبادی نے کہا کہ ایران کی جوہری تنصیبات تک عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے معائنہ کاروں کو رسائی اس وقت تک نہیں دی جائے گی جب تک ایران کی شرائط پوری نہیں ہوتیں اور جنگ کا مستقل خاتمہ نہیں ہوجاتا۔
ان کے مطابق امریکا کو پہلے قابلِ اعتماد ضمانتیں فراہم کرنا ہوں گی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران امریکا کم از کم تین مرتبہ اپنے وعدوں اور مؤقف میں بدعہدی کا مظاہرہ کرچکا ہے۔