سی سی ڈی کا منڈی بہاء الدین میں آپریشن، خوف کی علامت ملزم گرفتار

ملزم کو چوٹ دھیراں میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا


سید مشرف شاہ November 16, 2026

منڈی بہاالدین:

سی سی ڈی منڈی بہاؤالدین نے خطرناک اشتہاری ملزم کو زبردست پولیس مقابلے کے بعد گرفتار کرلیا۔ 

ضلع سرگودھا کا رہائشی ملزم احسان ولد محمد انور، قوم کہوٹ اشتہاری ملزمان شہزاد نصر عرف انعام وینس اور فیصل بڈھا کی ہلاکت کے بعد موقع سے فرار ہوگیا تھا، ہلاک و گرفتار اشتہاری ملزمان سنگین جرائم میں مطلوب تھے اور علاقے میں خوف کی علامت سمجھے جاتے تھے۔

سی سی ڈی منڈی بہاؤالدین نے چوٹ دھیراں کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد احسان کو شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کیا، مذکورہ ملزم تھانہ کوٹ مومن ضلع سرگودھا میں درج مقدمے میں نامزد تھا۔ 

مقابلے کے بعد فرار ہونے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا جس میں گرفتار ملزم محمد احسان بھی نامزد تھا۔گرفتار ملزم کے انکشافات کے بعد فرار ملزمان اور ممکنہ سہولت کاروں کے روابط کی تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیاہے۔

ترجمان سی سی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم کی نشان دہی پر اسکے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جلد تمام مطلوب ملزمان کو گرفتارکر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔