دمہ اور پھیپھڑوں کے مریضوں میں فلو سے موت کا خطرہ سات گنا زیادہ ہونے کا انکشاف

ان بیماریوں میں دمہ اور کرونک آبسٹرکٹو پلمونری ڈیزیز نمایاں ہیں


ویب ڈیسک November 17, 2026

برطانیہ میں ہونے والی ایک تحقیق اور طبی شواہد سے انکشاف ہوا ہے کہ دمہ اور پھیپھڑوں کی دیگر دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد کو فلو لاحق ہونے کی صورت میں موت کا خطرہ عام افراد کے مقابلے میں تقریباً سات گنا زیادہ ہو سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ افراد دمہ یا پھیپھڑوں کی کسی دوسری بیماری کا شکار ہیں لیکن تشویش ناک بات یہ ہے کہ ان میں سے بڑی تعداد فلو سے بچاؤ کی ویکسین نہیں لگوا رہی حالانکہ ویکسینیشن انہیں بیماری کی سنگین پیچیدگیوں اور اسپتال میں داخلے سے بچانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

لنگ ہیلتھ ٹاسک فورس کی ایک حالیہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ موسم سرما کے دوران صرف انگلینڈ میں فلو ویکسینیشن پروگرام کے ذریعے تقریباً ایک لاکھ افراد کو اسپتال میں داخل ہونے سے بچایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق 26-2025 کے دوران 65 سال سے کم عمر دائمی سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد میں سے صرف 47 فی صد نے فلو سے بچاؤ کی ویکسین لگوائی یعنی نصف سے بھی کم مریض ویکسینیشن سے مستفید ہوئے۔

ماہرین کے مطابق دائمی سانس کی بیماریاں طویل عرصے تک برقرار رہنے والی طبی کیفیات ہیں جو پھیپھڑوں اور سانس کی نالیوں کو متاثر کرتی ہیں، جس سے مریضوں کو سانس لینے اور جسم میں آکسیجن کی مناسب فراہمی میں مشکلات پیش آتی ہیں۔

ان بیماریوں میں دمہ اور کرونک آبسٹرکٹو پلمونری ڈیزیز نمایاں ہیں۔ دمہ میں سانس کی نالیوں میں سوزش پیدا ہوتی ہے جبکہ سی او پی ڈی میں مستقل نقصان کے باعث سانس کی نالیاں تنگ ہو جاتی ہیں۔

فلاحی تنظیم استھما اینڈ لنگ یو کے کے مطابق مریضوں میں فلو ویکسین لگوانے کی کم شرح کی ممکنہ وجوہات میں ویکسین تک رسائی میں مشکلات اور ویکسین کے حوالے سے عوامی عدم اعتماد شامل ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق پھیپھڑوں کے دائمی امراض میں مبتلا افراد کے لیے فلو سے بچاؤ کی ویکسینیشن خاص اہمیت رکھتی ہے کیونکہ انفلوئنزا ان کی پہلے سے متاثرہ سانس کی صحت کو مزید خراب کر سکتا ہے۔