پہاڑ سے لڑھکتا چٹان کا ٹکڑا چلتی گاڑی پر آ گِرا، سوار معجزانہ طور پر محفوظ

واقعے کے دوران گاڑی کے قریب موجود ایک خاتون راہ گیر نے بھی خطرے کو بروقت بھانپ لیا


ویب ڈیسک November 16, 2026

چین کے صوبے سیچوان میں ایک خوفناک حادثہ پیش آیا جہاں پہاڑی ڈھلوان سے لڑھکتا ہوا چٹان کا ایک ٹکڑا اچانک سڑک پر چلتی گاڑی پر آ گرا۔ تاہم، گاڑی میں سوار افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔

حادثے کی ڈیش کیم فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پہاڑی سے ایک بہت بڑا پتھر تیزی سے نیچے لڑھکتا ہوا آتا ہے اور سفید رنگ کی پیجو 308 کار کے پچھلے حصے پر گر جاتا ہے۔ پتھر کے زور دار ٹکرانے سے گاڑی کا پچھلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا جبکہ عقبی شیشہ بھی ٹوٹ کر بکھر گیا۔

خوش قسمتی سے گاڑی میں موجود تمام افراد اس خوفناک حادثے میں محفوظ رہے اور کسی کو خراش تک نہیں آئی۔

گاڑی کے مالک نے چینی اخبار دی بیجنگ نیوز کو بتایا کہ حادثے کے وقت اس کے دو رشتہ دار گاڑی کی پچھلی نشست پر بیٹھے ہوئے تھے۔

واقعے کے دوران گاڑی کے قریب موجود ایک خاتون راہ گیر نے بھی خطرے کو بروقت بھانپ لیا اور پتھر کی زد میں آنے سے چند لمحے قبل وہاں سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچانے میں کامیاب رہی۔

حادثے کے نتیجے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا لیکن اس میں سوار افراد اور قریب موجود خاتون کا محفوظ رہنا کسی معجزے سے کم نہیں۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔