علاقوں کی تقدیر محض جغرافیائی سرحدوں سے متعین نہیں ہوتی بلکہ اس امر سے تشکیل پاتی ہے کہ وہاں آباد قومیں اپنے مشترکہ وسائل، تاریخی روابط اور معاشی امکانات کو کس قدر دانش مندی سے بروئے کار لاتی ہیں۔
دنیا کے بعض خطے قدرتی دولت سے مالا مال ہونے کے باوجود باہمی رقابتوں اور سیاسی کشیدگیوں کے باعث ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتے ہیں، جب کہ بعض قومیں اشتراکِ عمل، تجارت اور اقتصادی مفاہمت کے ذریعے اپنی جغرافیائی اہمیت کو معاشی قوت میں تبدیل کرلیتی ہیں۔ جنوبی، وسطی اور مغربی ایشیا کے سنگم پر واقع خطے کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) اسی اجتماعی امکان کی علامت ہے۔ اس تنظیم کی اصل معنویت محض سربراہی اجلاسوں، سفارتی ملاقاتوں اور مشترکہ اعلامیوں تک محدود نہیں بلکہ ایک ایسے معاشی نظام کی تشکیل میں پوشیدہ ہے جہاں جغرافیہ، وسائل، تجارت اور انسانی صلاحیتیں مشترکہ ترقی کا وسیلہ بن سکیں۔
اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کا تیسواں اجلاس اسی تناظر میں غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی صدارت میں منعقد ہونے والے اس اجلاس میں رکن ممالک کے نمائندوں، سفارتی وفود اور تنظیم کے ذیلی اداروں کی شرکت علاقائی تعاون کے تسلسل کی عکاسی کرتی ہے۔ پاکستان نے 2026اور 2027کے لیے تنظیم کی صدارت سنبھالی ہے اور اس موقع کے لیے ’’علاقائیت کی بحالی، ایک مضبوط اور مستحکم ای سی او‘‘ کا تصور اختیار کیا گیا ہے۔ اسے قابلِ پیمائش اقتصادی اہداف، مشترکہ منصوبوں اور عملی اقدامات میں ڈھالنا وقت کی بنیادی ضرورت ہے۔
اقتصادی تعاون تنظیم 1985میں پاکستان، ایران اور ترکیہ نے قائم کی تھی، جب کہ 1992 میں افغانستان، آذربائیجان، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کی شمولیت سے اس کا دائرہ وسیع ہوگیا۔ اس طرح ایک ایسا علاقائی پلیٹ فارم وجود میں آیا جس کے ارکان جغرافیائی قربت کے علاوہ تہذیبی، تاریخی اور تجارتی رشتوں میں بھی منسلک ہیں۔ تنظیم کے بنیادی مقاصد میں رکن ممالک کے درمیان تجارت کا فروغ، تجارتی رکاوٹوں کا خاتمہ، ٹرانسپورٹ اور مواصلاتی روابط کی توسیع، توانائی کے شعبے میں تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنا شامل ہیں۔ اس کا بنیادی فلسفہ یہ ہے کہ معاشی ترقی کو کسی ایک ریاست کی انفرادی کامیابی کے بجائے پورے خطے کی مشترکہ پیش رفت بنایا جائے۔اس تناظر میں ای سی او کی افادیت کا سب سے اہم پہلو جغرافیائی اتصال ہے۔
وسطی ایشیا کی ریاستیں قدرتی گیس، تیل، معدنیات اور دیگر وسائل سے مالا مال ہیں، لیکن بیشتر ممالک کو عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے موثر زمینی اور بحری راستوں کی ضرورت ہے۔ پاکستان کو بحیرہ عرب کی بندرگاہوں اور نسبتاً مختصر تجارتی راستوں کی صورت میں ایک اہم جغرافیائی سہولت حاصل ہے۔ کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر کی بندرگاہیں وسطی ایشیائی ریاستوں کے لیے بین الاقوامی تجارت کے امکانات بڑھا سکتی ہیں۔ اگر شاہراہوں، ریلوے نظام، کسٹم سہولتوں اور سرحدی گزرگاہوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے تو پاکستان خطے اور عالمی منڈیوں کے درمیان ایک موثر تجارتی پل بن سکتا ہے۔ تاہم یہ امکان اسی وقت حقیقت بنے گا جب بنیادی ڈھانچے کے منصوبے محض کاغذی معاہدوں کے بجائے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔
اسحاق ڈار نے اپنے خطاب میں بجا طور پر اس امر کی نشاندہی کی ہے کہ خطے کی جغرافیائی برتری کو مضبوط اقتصادی روابط اور مشترکہ خوش حالی میں تبدیل کرنا ناگزیر ہے۔ خود مختاری کی برابری، باہمی احترام، عدم مداخلت اور مشترکہ مفادات پر مبنی تعاون ایسے اصول ہیں جن کے بغیر علاقائی اشتراک دیرپا بنیادوں پر قائم نہیں ہوسکتا۔ پاکستان کا ایک پُرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان دیکھنے کا تصور بھی اسی وسیع تر اقتصادی وژن سے جڑا ہوا ہے۔
افغانستان کی جغرافیائی حیثیت جنوبی اور وسطی ایشیا کے درمیان قدرتی رابطے کی حامل ہے۔ اس سرزمین پر امن، مستحکم سیاسی ماحول اور محفوظ تجارتی راستوں کے بغیر علاقائی منصوبوں کی تکمیل دشوار رہے گی۔ اس لیے افغانستان میں امن ، دہشت گردی کا خاتمہ، سرحدی انتظامات اور باہمی اعتماد کی بحالی پورے خطے کے مفاد کا تقاضا ہے۔
البتہ اقتصادی تعاون کی کامیابی کے لیے سیاسی اختلافات کو معاشی مفادات پر غالب آنے سے روکنا بھی ضروری ہے۔ افغانستان کے حوالے سے موجودہ صورتِ حال اور بعض علاقائی سلامتی کے تحفظات اس حقیقت کی یاد دہانی کراتے ہیں کہ اقتصادی ترقی اور امن ایک دوسرے سے جدا نہیں ہوسکتے۔ رکن ممالک کو ایک دوسرے کی خود مختاری کا احترام کرتے ہوئے ایسے قابلِ عمل انتظامات تشکیل دینے چاہییں جن کے ذریعے سرحد پار تجارت، نقل و حمل اور سرمایہ کاری کے راستے محفوظ رہیں۔ کسی بھی ریاست کے داخلی یا خارجی تنازعے کو پورے خطے کی معاشی سرگرمیوں کا یرغمال نہیں بننا چاہیے۔ اسی تناظر میں پاکستان اور بھارت کے تعلقات کا معاملہ بھی علاقائی امن و استحکام سے براہِ راست وابستہ ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان مسلسل کشیدگی نہ صرف دو طرفہ تجارت کو محدود کرتی ہے بلکہ پورے خطے کے اقتصادی امکانات پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے۔ لندن میں قائم بین الاقوامی ادارے انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسٹرٹیجک اسٹڈیز کی حالیہ تحقیق میں بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ ماضی میں خفیہ سفارتی اور سلامتی رابطوں نے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں کردار ادا کیا۔ 2003کی جنگ بندی اور 2004میں امن عمل کی بحالی اس ضمن میں قابلِ ذکر مثالیں ہیں۔ ادارے نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ رابطوں کے فقدان سے غلط اندازوں اور کسی بڑے واقعے کے بعد فوجی تصادم کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ نومبر 2026 میں نئی دہلی میں ہونے والے کثیرالجہتی اجلاس اور اگست 2027 میں اسلام آباد میں متوقع شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کو ایسے مواقع کے طور پر دیکھا جاسکتا ہے جہاں کم از کم ضروری رابطوں کی بحالی کی گنجائش پیدا ہو۔ تاہم ان مواقع کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے دونوں جانب سیاسی آمادگی اور سنجیدہ طرزِ عمل ناگزیر ہوگا۔
اس ضمن میں سیاحت اور ثقافتی روابط کو بھی علاقائی تعاون کا اہم ستون بنایا جاسکتا ہے۔ ای سی او کے رکن ممالک مشترکہ تہذیبی ورثے، تاریخی شاہراہِ ریشم، قدیم تجارتی مراکز اور صدیوں پر محیط علمی و ادبی روایت کے امین ہیں۔ اگر ان مشترکہ اثاثوں کو منظم سیاحتی منصوبوں، ثقافتی میلوں، جامعات کے تبادلوں اور مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں کے ذریعے اجاگر کیا جائے تو عوامی سطح پر قربت بڑھے گی۔ اس سے نہ صرف سیاحت، ہوٹلنگ اور مقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا بلکہ نوجوان نسل میں علاقائی شناخت اور باہمی اعتماد کا جذبہ بھی مستحکم ہوگا۔
پاکستان کی ای سی او صدارت اس اعتبار سے ایک اہم سفارتی اور اقتصادی ذمے داری بھی ہے۔ اسلام آباد کو چاہیے کہ وہ اپنے دورِ صدارت میں چند واضح ترجیحات متعین کرے، جن میں علاقائی ٹرانسپورٹ راہداریوں کی تکمیل، باہمی تجارت میں اضافے کے اہداف، توانائی کے مشترکہ منصوبے، سرمایہ کاری کے تحفظ اور نوجوانوں کے لیے تعلیمی و تکنیکی تعاون کو مرکزی حیثیت حاصل ہو۔ تنظیم کے سیکریٹریٹ اور ذیلی اداروں کی کارکردگی کو بھی نتائج سے منسلک کیا جائے تاکہ رکن ممالک کو پیش رفت کی باقاعدہ رپورٹ فراہم ہوسکے۔ قازقستان کی سابقہ صدارت میں علاقائی ٹرانسپورٹ روابط اور پائیدار ترقی پر توجہ کو اسی تسلسل کا حصہ بناتے ہوئے نئے اہداف مقرر کیے جاسکتے ہیں۔
یہ امر بھی پیش نظر رہنا چاہیے کہ علاقائی اقتصادی تعاون کا حقیقی فائدہ صرف حکومتی اداروں، سرمایہ کاروں یا تجارتی کمپنیوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔ اس کے ثمرات عام شہری، کسان، مزدور، چھوٹے تاجر اور نوجوان تک پہنچنے چاہییں۔ جب سرحد پار تجارت سے اشیائے ضروریہ کی دستیابی بہتر ہو، نئی صنعتوں سے روزگار پیدا ہو، توانائی کی فراہمی مستحکم ہو اور تعلیم و تحقیق کے مواقع بڑھیں تو علاقائی تعاون عوامی زندگی میں اپنی افادیت ثابت کرتا ہے۔ یہی کسی بھی بین الاقوامی تنظیم کی کامیابی کا اصل پیمانہ ہے۔ پاکستان کے لیے ای سی او کی صدارت محض ایک رسمی سفارتی اعزاز نہیں بلکہ اپنے جغرافیائی محلِ وقوع کو معاشی اثاثے میں بدلنے کا موقع ہے۔
اس موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے قومی سطح پر پالیسیوں کا تسلسل، بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری، داخلی امن اور ادارہ جاتی استعداد میں اضافہ ناگزیر ہے۔ اسلام آباد کے اجلاس کی کامیابی کا فیصلہ شرکا کی تعداد یا مشترکہ اعلامیے کے الفاظ سے نہیں بلکہ آنے والے مہینوں میں مکمل ہونے والے منصوبوں اور رکن ممالک کے درمیان بڑھنے والے اقتصادی روابط سے ہوگا، اگر پاکستان اس ذمے داری کو عملی بصیرت، متوازن سفارت کاری اور قابلِ پیمائش اہداف کے ساتھ آگے بڑھاتا ہے تو اقتصادی تعاون تنظیم خطے کی مشترکہ خوش حالی کا موثر ذریعہ بن سکتی ہے۔