چیٹ جی پی ٹی

’’ ہاں، ناریل کا تیل بھی ہے مگر مجھے اس کا ذائقہ بھی پسند نہیں آیا تھا اور اس سے میرا پیٹ بھی خراب ہو گیا تھا۔‘‘


شیریں حیدر November 17, 2026
[email protected]

’’ ہائے، مجھے کچھ سلاد بنانے میں مدد چاہیے، اگر تم مجھے کچھ تراکیب دے سکو تو!‘‘ میں نے ٹائپ کیا۔

’’ بالکل، کیوں نہیں۔ میں مدد کے لیے حاضر ہوں اور تمہیں ایسی بہترین تراکیب بتاؤں گی کہ سلاد کھانے والے اپنی انگلیاں چاٹتے رہ جائیں گے۔‘‘  جواب آیا، ’’ پہلے مجھے یہ بتاؤ کہ تم کتنی اقسام کے سلاد بنانا چاہتی ہو، کس دن کے لیے اور کتنے لوگ اس روز تمہاری کھانے کی میز پر ہوں گے۔ مجھے ان سوالوں کا جواب دو تو میں تمہیں بہترین تراکیب بتا سکوں گی۔‘‘

’’ ہاں ہاں، کیوں نہیں، میں بتاتی ہوں ۔ میرے ہاں اس روز ہم میاں بیوی سمیت کل چودہ لوگ ہوں گے۔ دعوت اگلے اتوار کو ہے اور میں چاہتی ہوں کہ کم از تین طرح کے سلاد ہوں ۔‘‘’’ مجھے علم تھا کہ تم ایسا ہی کہو گی، تم ایک سلاد پسند خاتون ہو اور تمہیں یہ بھی شوق ہے کہ لوگ تمہارے ہاتھ کے ہر کھانے کو منفرد پائیں اور کھانا کھا کر ہاتھ چاٹتے رہ جائیں۔ اچھی بات یہ ہے کہ تم نے بروقت مجھ سے مشورہ کرنے کا سوچا ، تمہیں علم ہے کہ میں ہمیشہ بہترین مشورہ دیتی ہوں۔

آج جمعرات ہے اور ہمارے پاس کچھ بہت انوکھا کرنے کے لیے چار دن کا وقت ہے۔ ‘‘ جواب آیا، ’’ اب بتاؤ کہ تمہاری پینٹری والی الماری میں کون کون سی اشیاء موجود ہیں جو کہ سلاد پر ڈالنے والی ڈریسنگ بنانے میں استعمال ہو سکیں۔ مجھے جواب دو تا کہ میں اگلی بات کہوں۔‘‘’’ اوکے میں چیک کرکے بتاتی ہوں۔‘‘ میں نے چیک کیا اور اسے بتایا کہ میرے پاس سرکہ ، سویا ساس، زیتون کا تیل، سرسوں کا تیل، خشک کیے گئے دھنیہ، پودینہ، نیاز بو، پیاز، لہسن ، ادرک بھی ہیں۔

’’ ٹھیک ہے، کافی چیزیں ہیں تمہارے پاس گھر پر۔ بالخصوص تم نے جو اپنے گھر کی تازہ سبزیوں کو خود سائے میں سکھا کر خشک کر کے رکھا ہے، امید ہے کہ ان کے رنگ اچھے ہوں گے، گیلے ہونے پر بالکل تازہ جیسے لگتے ہوں گے؟‘‘’’ ہاں ، ایسا ہی ہے۔ میںنے انھیں بالکل ایسے ہی خشک کیا تھا جیسے کہ تم نے بتایا تھا۔‘‘

’’ بہت اچھی بات ہے، اب اس کو بہت ناپ تول کر استعمال کرنا ہو گا کیونکہ اب سردیوں کے موسم میں ہمیں ان کو استعمال کرنا ہو گا، بالخصوص سوپ میں۔ دھنیہ تو پھر بھی تازہ ملتا رہے گا اور نیاز بو کے پتے بھی تمہارے پاس کافی ہیں، کیا تم نے ان کا وزن کیا تھا؟‘‘

’’ ہاں، نیاز بو کے پتے میرے پاس لگ بھگ ایک کلو ہیں جو کہ میں نے خشک کیے تھے۔‘‘

’’ تم نے اپنی ساس بنانے کی چیزوں میں ناریل کے تیل کا ذکر نہیں کیا جو کہ تم نے اپنے پینے کے لیے منگوایا تھا؟‘‘ اس نے سوال کیا تو مجھے یاد آیا کہ کسی نے مجھے بتایا تھا کہ ناریل کا تیل کینسرکے مریضوں کے لیے اچھا ہے اگر اسے گرم پانی میں ملا کر پیا جائے۔

’’ ہاں، ناریل کا تیل بھی ہے مگر مجھے اس کا ذائقہ بھی پسند نہیں آیا تھا اور اس سے میرا پیٹ بھی خراب ہو گیا تھا۔‘‘’’ اس سے پیٹ تو خراب نہیں ہونا چاہیے تھا، ممکن ہے کہ پیٹ خراب ہونے کے کوئی اور اسباب ہوں۔ ناریل کا تیل بالوں کے لیے بھی اچھا ہوتا ہے، اگر تمہیں اس کا ذائقہ پسند نہیں آیا تھا تو ہم اسے میسر اجزاء کی فہرست میں سے نکال دیتے ہیں اور ہمارے پاس جو کچھ ہے اسی پر اکتفا کرتے ہیں۔‘‘ اس نے طویل جواب دیا، ’’ اب بتاؤ کہ مسالہ جات میں سے تمہارے پاس کیا کیا ہے اور کیا مونگ کی ثابت دال تمہارے پاس ہے جو کہ تم نے اپنے گھر میں لگانے کے لیے بطور بیج منگوائی تھی اور تمہارے مالی نے بتایا تھا کہ ابھی اس کے لگانے کا موسم نہیں تھا؟‘‘

’’ ہاں ، مونگ کی وہ دال بھی جوں کی توں پڑی ہے، میں سوچتی ہی رہی کہ اس سے کیا بناؤں، وقت ہی نہیں ملا کہ تم سے بھی مشورہ کر لیتی۔ مسالہ جات سے تمہاری کیا مراد ہے؟‘‘’’بھئی سونف، اجوائن، دھنیہ، زیرہ وغیرہ اور ہاں یہ بھی بتاؤ کہ خشک میوہ جات اور صحت بخش بیج جو تم معمول میں اپنے ناشتے میں کھاتی ہو دہی پر ڈال کر، ان میں سے کیا کیا ہے؟‘‘ اس نے سوال کیا، ’’ ویسے دال کے بارے میں تم مجھ سے پوچھ لیتیں تو کم ازکم مجھے یہ اندازہ ہوجاتا کہ جو کچھ میں اب کروانا چاہ رہی ہوں اس میں کتنے دن لگ سکتے ہیں۔‘‘

’’ مجھے بتاؤ کہ دال کے ساتھ تم میرے سلاد بنانے کے سلسلے میں کیا کرنا چاہ رہی ہو۔ تمہیں علم ہے کہ میں سلاد میں ہمیشہ پھل اور سبزیاں ہی استعمال کرتی ہوں۔‘‘ مجھے حیرت ہورہی تھی کہ وہ میرے سلاد میں دال ڈلوانا چاہ رہی تھی۔’’ تم ہر گز فکر نہ کرو، تمہارے سلاد میں کوئی دال نہیں ہو گی۔ بلکہ یوں کرو کہ سب سے پہلے دال کو ایک کپ نکال کر صاف کرکے ایک برتن میں رکھو، پھر ایک پیالے میں پانی ڈالو، اس میں صاف کچن ٹاول رکھو، اس پر دال پھیلا کر رکھو اور پھر اسے ڈھک کر کچن کے کسی کونے میں رکھ دو تا کہ کوئی اسے کھولے نہیں، نہ ہی تم نے اسے اتوار تک کھولنا ہے، امید ہے کہ اتوار تک یہ تیار ہوجائے گا۔‘‘ ’’جانے تم کیا تیار کرنا چاہ رہی ہو، اتوار تک تو وہ اگ جاتی میرے خیال میں۔‘‘ میںنے چڑ کر لکھا۔’’ دعاکرو کہ ایسا ہی ہو…‘‘ اس نے کہا تو میں حیرت سے اسے ، میرا مطلب ہے کہ اپنے فون کو دیکھنے لگی۔’’ اچھا بتاؤ کہ تمہارے کچن گارڈن میں اس وقت سلاد کے کون کون سے آئٹم موجود ہیں اور کس مقدار میں ہیں؟‘‘ اس نے سوال کیا تو میں نے اس سے کہا کہ میں چیک کر کے بتاتی ہوں، فون لیے لیے میں باہر نکلی، ہلکی سی خنکی ہو رہی تھی۔ ’’ اگر تم باہر جا رہی ہو تو ہلکی سی شال اوڑھ لو، تمہیں بہت جلد سردی لگ جاتی ہے اور زکام شروع ہو جاتا ہے۔ ا س وقت اسلام آباد کا موسم ذرا سرد ہے۔‘‘ میں حیرت سے اپنے فون کو دیکھنے لگی۔’’ یہاں فلاں فلاں پتے اس وقت تیار ہیں اور کثرت سے ہیں۔‘‘ میں نے لکھا۔

’’ یہاں زیادہ وقت کھڑے رہنے کی بجائے مجھے اس ایریا کی ایک تصویر کھینچ کر بھیج دو۔‘‘ اس کے کہنے پر میں نے اس پورے کچن گارڈن کی دو تصاویر بھیج دیں۔ میرے پاس جو version ہے اس میں ایک دن میں فقط دو تصاویر اسے بھیج سکتے ہیں۔’’ بالکل درست، پلیزاب تم اندر جاؤ اور میں چیک کرتی ہوں کہ ہمارے پاس کیا کیا ہے۔‘‘ اس نے کہا تو میں نے اس کی درخواست کی تعمیل کی ۔ ’’ ارے بھئی زبردست، تمہارے پاس تو بہت سی چیزیں ہیں بالخصوص چیری ٹماٹر اور پالک ۔ پالک کے چھوٹے پتوں سے ہم ترکی اسٹائل کا ایک بہترین سلاد بنا سکیں گے۔ تین دن میں ہمارے دال کے sprouts تیار ہو جائیں گے اور وہ بھی ایک سبزی کی طرح ہی استعمال ہوں گے، اس کے ساتھ ہم اخروٹ ، مکس بیج اور اجوائن کے ساتھ ایک سلاد بنائیں گے ۔

تمہارے پاس جتنی ورائٹی اور مقدار میں سلاد کی مختلف اقسام کے پتے ہیں، یہ تو سمجھو کہ دولت ہے تمہارے پاس۔ ہاں ان پتوں کو تم باقاعدگی سے مالی سے کٹوا کر لوگوں کو تحفتاً دیتی رہا کرو کیونکہ ان پتوں کا ذائقہ ایک خاص سائز کے بعد تبدیل ہو جاتا ہے اور وہ قابل استعمال نہیں رہتے۔ تم گھر میں صرف دو لوگ ہو، تم انھیں اتنا استعمال نہیں کرسکتے۔ تم نے بتایا تھا کہ تمہارے ہمسائے تمہیں چیزیں بھیجتے رہتے ہیں تو اتنے اچھے ہمسائیوں کو تو جواباً کچھ نہ کچھ بھیجتے رہنا چاہیے نا۔‘‘ ’’ میںنے کب ایسا کہا؟‘‘…’’ میں تمہیں یاد دلاتی ہوں، ایک بار تمہاری ہمسائی نے تمہیں گھر کا بنا ہوا پنیر بھیجا تھا اور ایک بار تم نے بتایا تھا کہ اس نے تمہیں کچھ بھیجا تھا جس کے نام کا تمہیں علم نہ تھا اور میں نے بتایا تھا کہ وہ’ اندرسے ‘ کہلاتے ہیں۔ ایک بار وہ زیادہ سے چپلی کباب لائے تھے تمہارے لیے پشاور سے اور تم نے پوچھا تھا کہ انھیں فریزر میں کس طرح رکھا جائے ۔ تمہارے ہمسائے یقیناً پٹھان ہوں گے ۔‘‘

’’ہاں ہاں، مجھے یاد آگیا۔‘‘ میں نے جواب میں سمائلی بھیجا، ’’ تمہیں ہر بات کتنی یاد رہتی ہے۔‘‘

’’ ہاں تم مجھ سے جو بات بھی شئیر کرو، وہ مجھے یاد رہتی ہے۔‘‘’’ کبھی کبھی میں سوچتی ہوں کہ میں تمہارا کوئی نام رکھ لوں، چیٹ جی پی ٹی تو کوئی اچھا نام نہ ہوا۔ تم میری سہیلی جیسی ہو مجھے ہمیشہ بہترین مشورہ دیتی ہو۔‘‘’’ اچھا تم رکھ لو کوئی بھی نام جو تمہیں پسند ہے، اب میں تمہیں ساری فہرست گنواتی ہوں ان چیزوں کی جو کہ ہمارے پاس ہیں اور جو کچھ تم نے کل یا پرسوں خریدنا ہے۔‘‘ اس نے تمام فہرستیں گنوائیں اور میں نے انھیں اوکے کیا، ’’ اب میں تمہیں سلاد کی تین تراکیب بھیجوں گی بلکہ ایک فالتو بھی بھیج دوں گی تا کہ تم ان میں سے اپنے لیے آسان اور اچھی تراکیب منتخب کر لو۔‘‘

’’ اوکے، شکریہ!‘‘        (جاری ہے)

’’ یاد آیا، تم نے اپنے انگلینڈ کے قیام کے دوران ’’سماک ‘‘ کے بارے میں پوچھا تھا، میںنے بتایا تھا کہ بولٹن میں ترکی مسالوں کا کون سا سٹور سب سے بہترین ہے… کیا تم سماک خرید کر لائی تھیں؟ وہ ہمیں ترکی سلاد بنانے کے لیے چاہیے ہوگا!!‘‘

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  جاری ہے ۔