جرمن عدالت میں سندھ کا کسان

فطرت کو نچوڑنے اور اس کا استحصال کرنے میں فریقین یکساں ہیں، فرق محض وسائل، حجم اور استطاعت کا ہے۔


شیخ جابر November 17, 2026

جیکب آباد کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے تعلق رکھنے والا عبدالحفیظ کھوسو جب جرمنی کے وسیع و عریض اور فلک شگاف صنعتی زونز کے سامنے کھڑا ہوتا ہے، تو بظاہر یہ منظر ڈیوڈ اور گولائتھ کی اساطیری جنگ کا سا معلوم ہوتا ہے۔ سندھ کے ان 39 کسانوں کا جرمن انرجی کمپنی آر ڈبلیو ای اور سیمنٹ ساز ادارے ہائیڈل برگ مٹیریلزکے خلاف مقدمہ عالمی میڈیا میں ایک رومانوی داستان کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔

داستان کچھ یوں ہے کہ مشرق کا ایک معصوم، غریب اور فطرت سے جڑا ہوا کسان، مغرب کی ان بے رحم اور دیو ہیکل کارپوریشنز کے کٹہرے میں کھڑا ہے جن کی چمنیوں سے نکلنے والے زہریلے دھوئیں نے عالمی حدت کو بڑھایا اور نتیجتاً 2022 کے قیامت خیز سیلاب نے سندھ کی زمینوں، فصلوں، مال مویشیوں اور کچے مکانوں کو نیست و نابود کر دیا۔

 بہ ظاہر یہ ایک مظلوم اور ظالم کی اخلاقی جنگ ہے، ایک غریب کی امیر کے خلاف جدوجہد ہے اور ماحولیاتی انصاف کی ایک شان دار اور رجائیت پسندانہ لہر ہے، لیکن ذرا رکیے! صحافت اور این جی اوز کے اس رومانوی اور ہم دردانہ بیانیے کے پردے کو چاک کر کے معاشی گہرائی میں اترا جائے، تو یہ پوری تصویر ایک بھیانک سراب نظر آتی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ سندھ کے کسان اور جرمن کارپوریشن کے درمیان ماحولیاتی نقصان کا یہ مقدمہ کسی اعلیٰ اخلاقیات کا ٹکراؤ نہیں، کہ اصلاحات سرمایہ دارانہ نظام کے اپنے ہی اندرونی تضاد کا شاخسانہ ہے۔

ہمیں یہ تلخ حقیقت تسلیم کرنی ہوگی کہ کسان اور کارپوریشن کوئی دو مختلف دنیائیں نہیں ہیں، بلکہ ایک ہی معاشی دوڑ کے دو ایسے کھلاڑی ہیں جن کا قبلہ، کعبہ اور حتمی ہدف ایک ہی ہے۔’’منافع کا لامتناہی حصول۔‘‘ یہ کیسا معصوم مفروضہ ہے کہ کسان محض اپنی چند بنیادی ضروریات پوری کرنے کے بعد حصول زر سے تائب ہو جاتا ہے؟ سرمایہ دارانہ نظام میں شمولیت کے بعد کوئی بھی فرد محض ’’ضروریات‘‘ تک محدود نہیں رہتا۔ اگر ایک کسان کے پاس ایک ایکڑ زمین اور ایک بیل ہے، تو اس کی اگلی خواہش دو ایکڑ زمین اور ایک ٹریکٹر کی ہوتی ہے، اگر اس کی فصل اچھی ہو جائے، تو وہ اس منافع سے قناعت کر کے گھر نہیں بیٹھتا، بلکہ مزید زمینیں لیتا ہے، مزید بیج بوتا ہے اور اپنے سرمائے کو ضرب دینے کی ہر ممکن کوشش کرتا ہے۔

 فطرت کو نچوڑنے اور اس کا استحصال کرنے میں فریقین یکساں ہیں، فرق محض وسائل، حجم اور استطاعت کا ہے۔ ہم کارپوریشن کی چمنیوں سے نکلنے والے دھوئیں کو تو دیکھتے ہیں، لیکن اس کسان کو معصومیت کا لبادہ پہنا دیتے ہیں جو اپنے منافع کو بڑھانے کے لیے فیٹر انجن چلا کر ڈیزل کا کالا دھواں اڑاتا ہے، فصلوں کی باقیات کو آگ لگا کر فضا کو زہر آلود کرتا ہے، اور زمین سے زیادہ سے زیادہ پیداوار نچوڑنے کے لیے غیر متوازن کیمیائی کھادوں اور زہریلے اسپرے کا بے دریغ استعمال کر کے مٹی اور زیر ِ زمین پانی کو ہمیشہ کے لیے بانجھ اور زہریلا کر دیتا ہے۔

کسان کی استطاعت فیٹر انجن کے دھوئیں اور کیمیائی کھاد تک محدود ہے، جب کہ کارپوریشن کی استطاعت عالمی فضاؤں کو زہر آلود کرنے اور براعظموں کا موسم بدلنے تک ہے۔ جس کی جتنی ہمت ہے، وہ اتنی ہی تباہی مچا رہا ہے۔ کارپوریشن کا جرم صرف یہ ہے کہ وہ اس تباہی کے کھیل میں کسان سے زیادہ ہنر مند، زیادہ سرمایہ دار اور زیادہ طاقتور ہے۔

اس تناظر میں دیکھا جائے تو کسان کا جرمن عدالت سے رجوع کرنا کسی اعلیٰ انسانی اخلاقیات کا نوحہ نہیں، بلکہ وسائل اور استطاعت کی کمی کا ماتم ہے۔ یہ دراصل اس دوڑ میں پیچھے رہ جانے والے کی اس دھول پر جھنجھلاہٹ ہے جو دوڑ جیتنے والے کی تیز رفتاری نے اڑائی اور جس نے اس غریب کی فصلیں تباہ کر دیں، اگر کسان کے پاس بھی وہ تمام تر عالمی وسائل، ٹیکنالوجی اور سرمایہ ہوتا جو ایک جرمن کارپوریشن کے پاس ہے، تو کیا وہ ماحولیات کے تحفظ کی خاطر اپنے پرافٹ میکسیمائزیشن کو قربان کر دیتا؟ انسانی جبلت اور سرمایہ دارانہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی انسان کو زیادہ پیداوار اور منافع کا موقع ملا، اس نے فطرت کو بے دردی سے روندا۔

یہاں ایک انتہائی بنیادی اور چبھتا ہوا سوال جنم لیتا ہے۔ اگر سرمایہ دارانہ نظام میں ہر معاشی فریق کو اپنے مفاد اور منافع میں زیادہ سے زیادہ اضافے کی مطلق آزادی حاصل ہے، تو کیا کسی ایک فریق کو دوسرے فریق کے نقصان کا ذمے دار ٹھہرانا دراصل اسی نظام کے بنیادی اصول کو چیلنج کرنا نہیں ہے؟

جب ہم نے اجتماعی طور پر ایک ایسے عالمی معاشی نظام کو قبول کر لیا ہے جس کا پہلا اور آخری اصول ہی ’’لالچ کی تقدیس‘‘ہے، تو پھر ہم کس بنیاد پر رونا رو رہے ہیں؟ ایڈم اسمتھ کے ’’پوشیدہ ہاتھ‘‘ (Invisible Hand) سے لے کر آج کے نیو لبرل ازم تک، سارا نظام اس فلسفے پر کھڑا ہے کہ ہر شخص اپنے ذاتی منافع کے لیے اندھا دھند کام کرے تو معاشرہ خود بخود ترقی کر جائے گا۔ جرمن کارپوریشنز بالکل اسی اصول پر کاربند ہیں۔ انھوں نے اپنے شیئر ہولڈرز کو زیادہ سے زیادہ منافع دینے کے لیے وہ سب کچھ کیا جو سرمایہ دارانہ نظام کی کتابِ مقدس میں لکھا ہے، اگر کھیل کا اصول ہی ’’زیادہ سے زیادہ منافع‘‘ ہے، تو اصولوں پر انتہائی کامیابی اور مہارت سے عمل کرنے والے کو مجرم کیسے ٹھہرایا جا سکتا ہے؟ آپ اس کھلاڑی کو سزا کیسے دے سکتے ہیں جو آپ کے بنائے ہوئے اصولوں کے مطابق کھیل کر آپ ہی کو ہرا دے؟

 جرمن عدالت میں کھڑا سندھ کا کسان، شعوری یا لاشعوری طور پر، کسی ایک یا دو کارپوریشنز کے خلاف نہیں، بلکہ اسی نظام کے خلاف مقدمہ لڑ رہا ہے جس کا وہ خود ایک چھوٹا سا پرزہ ہے۔ اس کا مقدمہ اس معاشی مذہب کے خلاف بغاوت ہے جس کا کلمہ وہ خود بھی پڑھتا ہے۔ کسان کا شکوہ یہ نہیں ہے کہ فضا کیوں آلودہ ہو رہی ہے، اس کا اصل شکوہ یہ ہے کہ کارپوریشنز کے کاربن اخراج کا بل اس کے کھاتے میں کیوں ڈالا جا رہا ہے۔ وہ صرف اپنے اس نقصان کا معاوضہ (Compensation) چاہتا ہے جو اسے اس دوڑ سے باہر کر رہا ہے۔ کل اگر اسے یہ ڈیمجز مل جاتے ہیں، تو وہ واپس آ کر انھی پیسوں سے بڑی مشینیں خریدے گا، مزید کھاد ڈالے گا، مزید فیٹر انجن چلائے گا اور ایک بار پھر اپنے تئیں، اپنی استطاعت کے مطابق، اسی فطرت کا سینہ چاک کرے گا جس کی تباہی کا رونا رو کر اس نے وہ پیسے وصول کیے ہوں گے۔

 یہ ایک ایسا چکر ہے جس کا کوئی اخلاقی انجام نہیں ہے۔ نظام بدلنے کی نہیں، صرف استطاعت بڑھانے کی جنگ لڑی جا رہی ہے اور جب جنگ سرمائے اور استطاعت کی ہو، تو اخلاقیات کے لبادے اوڑھنا محض ایک فکری منافقت ہے۔ آسمان کی واقعی کوئی سرحد نہیں، اور لالچ کی بھی کوئی سرحد نہیں ہوتی،چاہے وہ جرمنی کے صنعتی زون میں بیٹھے کسی سی ای او کی ہویا جیکب آباد کے ڈوبتے ہوئے کھیتوں میں کھڑے کسی کسان کی۔ جب تک سرمائے کی ہوس کو ترقی کا نام دیا جاتا رہے گا، ہم سب باری باری ان سیلابوں میں غرق ہوتے رہیں گے، بس ڈوبنے کی باری کا تعین ہمارے بینک بیلنس اور ہماری جغرافیائی استطاعت سے ہوگا۔