حکومت کا ملکی برآمدات بڑھانے بنانے کے لیے جامع پلان متعارف کروانے کا فیصلہ

صنعتوں کی پیداواری لاگت کم کرنے کےلیے بجلی، گیس کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ لینے، توانائی کی بچت پر سرمایہ کاری کی تجویز


ارشاد انصاری November 17, 2026

وفاقی حکومت نے ملکی برآمدات بڑھانے بنانے کے لیے جامع پلان متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت۔ وزارت صنعت و پیداوار نے برآمدی صنعتوں کی لاگت کم کرنے، پیداوار بڑھانے اور عالمی منڈیوں تک رسائی آسان بنانے، مشترکہ ٹیسٹنگ لیبارٹریز، جدید مشینری، سستی توانائی، آسان قرضوں اور بندرگاہوں پر سامان کی کلیئرنس تیز کرنے کی تجاویز دی ہیں۔

وزارت صنعت و پیداوار حکام کے مطابق وزارت صنعت و پیداوار نے برآمدات میں تیزی لانے کیلئے تیار کردہ جامع پلان حکومت کو بھجوادیا ہے مجوزہ کے مطابق برآمدی صنعتوں کے خام مال پر اضافی ڈیوٹیز اور ٹیرف کی خامیاں دور کرنے، کسٹم کلیئرنس میں تاخیر ختم کرنے اور برآمد کنندگان کو ریفنڈز کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کی سفارش کی گئی ہے۔

صنعتوں کی پیداواری لاگت کم کرنے کے لیے بجلی اور گیس کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ لینے اور توانائی کی بچت پر سرمایہ کاری کی تجویز دی گئی ہے اور برآمدی صنعتوں کیلئے مشترکہ ٹیسٹنگ لیبارٹریز اور سرٹیفکیشن کی سہولیات بڑھانے، جدید مشینری، آٹومیشن اور صنعتی کلسٹرز میں نئی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق برآمد کنندگان کو قرضوں تک آسان رسائی، انوائس کی بنیاد پر ورکنگ کیپیٹل اور سپلائی چین فنانسنگ فراہم کرنے کی تجویز بھی پلان کا حصہ ہے پلان میں بندرگاہوں پر سامان رکنے کا دورانیہ کم کرنے، متبادل تجارتی راستے متعارف کرانے اور خام مال کی درآمد کے اجازت ناموں کا ڈیجیٹل نظام آسان بنانے پر زوردیا گیا ہے۔

زرعی برآمدات بڑھانے کے لیے فوڈ پروسیسنگ، کولڈ چین اور جدید پیکجنگ کی سہولیات بہتر بنانے جبکہ انجینئرنگ مصنوعات، سرجیکل آلات، ادویات اور ملبوسات کی عالمی منڈیوں میں طلب اور سرٹیفکیشن تقاضوں کا جائزہ لینے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔