مشروبات بنانے والی صنعتوں کی الیکٹرانک نگرانی کا نظام مزید وسیع کرنے کا فیصلہ

نظام کی تنصیب اور دیکھ بھال کے لیے منظور شدہ کمپنیوں کی تعداد بڑھا کر 7 کردی گئی


ارشاد انصاری November 18, 2026
فائل فوٹو

اسلام آباد:

ایف بی آر نے مشروبات تیار کرنے والی صنعتوں کی الیکٹرانک نگرانی کا نظام مزید وسیع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو  کی جانب سے  اس نظام کی تنصیب اور دیکھ بھال کے لیے منظور شدہ کمپنیوں کی تعداد بڑھا کر 7 کردی گئی ہے۔ اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کو فوری طور پر نافذ کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نئی منظور شدہ کمپنیوں میں نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن بھی شامل ہے۔

متعلقہ صنعتیں الیکٹرانک مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب کے لیے ایف بی آر کی منظور شدہ کسی بھی کمپنی کی خدمات حاصل کرسکیں گی۔ اس نظام کا اطلاق بوتلوں میں فروخت ہونے والے پانی، پیکٹ والے جوس، دودھ اور دیگر مشروبات کی پیداوار پر ہوگا۔

ایف بی آر کے مطابق مشروبات تیار کرنے والی تمام رجسٹرڈ کمپنیوں کو نئے احکامات پر عمل درآمد کرنا ہوگا، جبکہ منظور شدہ کمپنیوں کی فہرست میں شامل نہ ہونے والی صنعتیں بھی اس پابندی سے مستثنیٰ نہیں ہوں گی۔

الیکٹرانک مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے مشروبات کی پیداوار کی نگرانی اور ٹیکس نظام میں شفافیت لانے میں مدد ملے گی۔