امریکی ریاست فلوریڈا میں 20 سالہ خاتون ٹیچر کو 17 سالہ طالب علم کے ساتھ مبینہ رومانوی تعلق رکھنے اور اسے قابل اعتراض تصاویر بھیجنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق میا ایسویڈو گایارڈو نامی خاتون گریس ایجوکیشن اکیڈمی میں طویل مدتی متبادل ٹیچر کے طور پر فرائض انجام دے رہی تھیں۔ یہ ایک نجی مسیحی تعلیمی ادارہ ہے جہاں زیر تعلیم 17 سالہ طالب علم کے ساتھ ان کے مبینہ تعلق کا انکشاف ہوا۔
ہرنانڈو کاؤنٹی کے شیرف آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پولیس کو 5 نومبر کو اطلاع ملی تھی کہ خاتون ٹیچر اپنے ایک نابالغ طالب علم کے ساتھ رومانوی تعلق میں ملوث ہیں۔
تحقیقات کے دوران جب پولیس نے طالب علم کا موبائل فون چیک کیا تو اس میں قابل اعتراض تصاویر ملیں جو مبینہ طور پر ٹیچر نے بھیجی تھیں۔
حکام کے مطابق میا گایارڈو 7 اگست سے 4 نومبر تک مذکورہ تعلیمی ادارے میں ملازمت کرتی رہی تھیں۔ انہیں 13 نومبر کو گرفتار کیا گیا۔
خاتون پر طالب علم کے ساتھ اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے رومانوی تعلق قائم کرنے، نابالغ کو نقصان دہ مواد بھیجنے اور برقی رابطے کے ذریعے غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے تین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق ملزمہ کی ضمانت ایک لاکھ پانچ ہزار ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ ان کی اگلی عدالتی پیشی 12 دسمبر کو متوقع ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمہ اب مذکورہ تعلیمی ادارے میں ملازمت نہیں کر رہی ہیں۔ ان پر عائد الزامات کو عدالت میں ثابت کرکے سزا دلوائیں گے۔