صبح کے وقت زیادہ دیر سونا صحت میں گراوٹ کی علامت ہو سکتا ہے: تحقیق

تحقیق میں شامل 1338 معمر افراد 19 برس تک سائنس دانوں کی زیرِ نگرانی رہے


ویب ڈیسک November 19, 2026

ایک نئی سائنسی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ دن کے وقت سونے کی بعض عادات بڑھتی عمر میں صحت کی خرابی اور موت کے خطرے کی نشاندہی کر سکتی ہیں۔

امریکی اداروں میساچوسٹس جنرل بریگھم اور رش یونیورسٹی میڈیکل سینٹر کے سائنس دانوں نے 1338 معمر افراد کی 19 سال تک نگرانی کی۔ تحقیق میں شامل افراد کی اوسط عمر 81 سال تھی۔

تحقیق کے مطابق جو افراد معمول کے مطابق صبح کے وقت قیلولہ کرتے تھے، ان میں دوپہر کے ابتدائی اوقات میں سونے والوں کے مقابلے میں موت کا خطرہ 30 فی صد زیادہ پایا گیا۔

 جرنل جاما نیٹ ورک اوپن میں شائع ہونے والی تحقیق میں شرکا کی نیند اور جسمانی سرگرمیوں کے معمولات جانچنے کے لیے کلائی پر باندھے جانے والے خصوصی مانیٹرز استعمال کیے گئے۔

تحقیق کے نتائج کے مطابق دن بھر میں قیلولے کے دورانیے میں ہر اضافی ایک گھنٹے کے اضافے کے ساتھ موت کا خطرہ 13 فی صد بڑھا جبکہ روزانہ قیلولوں کی تعداد میں ہر اضافے کے ساتھ یہ خطرہ 7 فی صد زیادہ پایا گیا۔

محققین کے مطابق دیگر بیماریوں، صحت کے عوامل اور رات کی نیند کو مدنظر رکھنے کے بعد بھی یہ نتائج برقرار رہے۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی عمر میں ضرورت سے زیادہ دن کے وقت سونا صحت کی کمزوری اور جسمانی نظام میں آنے والی تبدیلیوں کی علامت ہو سکتا ہے۔

تاہم، محققین نے واضح کیا کہ دن میں سونا بذات خود کسی بیماری یا موت کی وجہ ثابت نہیں ہوا بلکہ یہ بڑھتی عمر میں صحت کے مسائل کی ممکنہ نشاندہی کرنے والا ایک اشارہ ہو سکتا ہے۔