وزیرداخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا ہے کہ کراچی سیف سٹی کا پہلا فیز مکمل ہوگیا جس کے بعد دوسرے مرحلے میں داخل ہورہے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبائی وزیر داخلہ و قانون ضیاء الحسن لنجار کی زیر صدارت کراچی سیف سٹی منصوبے کے اقدامات سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں جیریز انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وفد سمیت دیگر شرکاء کے ساتھ کراچی سیف سٹی منصوبے کے مختلف پہلوؤں، تکنیکی تقاضوں اور عملی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ علاوہ ازیں اجلاس میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔
ڈی جی سیف سٹی نے پروجیکٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ فیز ون مکمل ہو چکا ہے۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ سیف سٹی پروجیکٹ کے فیز ٹو میں ہم داخل ہونے جا رہے ہیں، فیز ٹو کے جملہ امور و اقدامات کے حوالے سے جلد میٹنگ کال کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جیریز سیف سٹی پروجیکٹ کے حوالے سے اپنے جملہ امور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیں، سیف سٹی پروجیکٹ سافٹ ویئر کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ کراچی کو محفوظ شہر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے، سیف سٹی منصوبہ شہریوں کے تحفظ، جرائم کی روک تھام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ جدید نگرانی کے نظام اور معلوماتی ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاکر شہری تحفظ کے نظام کو مزید مستحکم بنایا جائے گا، حکومت سندھ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل اور جدید ذرائع استعمال کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ سیف سٹی منصوبے کو محض نگرانی کے نظام تک محدود رکھنے کے بجائے شہری سلامتی کے ایک جامع نظام کے طور پر آگے بڑھانا ہوگا، جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جرائم کی بروقت نشاندہی اور مؤثر تدارک کو یقینی بنانا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمے اور ادارے باہمی اشتراک سے منصوبے کے عملی تقاضوں اور قابل عمل تجاویز کو حتمی شکل دیں، عوامی تحفظ کے اقدامات میں شفافیت، مؤثریت اور نتائج کو بنیادی اہمیت دی جائے، کراچی کی سکیورٹی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ حکمت عملی وضع کرنا ناگزیر ہے۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری قانون، ایڈووکیٹ جنرل سندھ، ڈی جی سیف سٹی، جیریز پر مشتمل 05 رکنی وفد سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔