شعیب اختر کا بال ٹیمپرنگ کے لیے بوتلوں کے ڈھکن استعمال کرنے کا انکشاف!

ہم انگلینڈ میں سینڈ پیپر نہیں بلکہ بوتلوں کے ڈھکن استعمال کیا کرتے تھے: شعیب اختر


ویب ڈیسک November 18, 2026

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے دور میں انگلینڈ میں بال ٹیمپرنگ سینڈ پیپر کے بجائے بوتلوں کے ڈھکن استعمال کیے جاتے تھے۔

وسڈن کے پروگرام ’دی اسکوپ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا ’’ہم انگلینڈ میں سینڈ پیپر نہیں بلکہ بوتلوں کے ڈھکن استعمال کیا کرتے تھے۔‘‘

عثمان خواجہ کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر وہ عثمان خواجہ کے ساتھ ہیں لیکن یہ بات کرنے کا بہتر وقت ہو سکتا تھا۔ اس معاملے کو جانے دیا جائے، اس کو کیوں اتنا بڑا مدعا بنایا جا رہا ہے۔

شعیب اختر نے کرکٹ کے قوانین اور کھیلنے کی شرائط میں تبدیلیوں پر بھی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دو نئی گیندوں کے استعمال سے کھیل بتدریج بیٹرز کے حق میں ہوتا جا رہا ہے۔

سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ کرکٹ ختم ہو رہی ہے اور گزشتہ 20 برس سے اس کھیل کا زوال جاری ہے۔

انہوں نے پاکستان کرکٹ میں نئے سپر اسٹارز کی کمی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بابر اعظم کے باوجود پاکستان کے پاس ایسے جارحانہ مزاج اور متاثر کن شخصیت کے حامل کھلاڑی نہیں جو نوجوان نسل کو کرکٹ کی جانب راغب کرسکیں۔

شعیب اختر کے مطابق ان کے اپنے بچے بھی کرکٹ میں زیادہ دلچسپی نہیں رکھتے۔