سندھ: فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی تعداد 149 ہوگئی

مزید 16 افراد کے نام فہرست میں شامل کرنے کی سفارش، 6 افراد تاحال گرفت میں نہ آسکے


شاہ میر خان November 19, 2026
(فوٹو: فائل)

سندھ میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت رواں سال فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی تعداد 149 ہوگئی، جن میں سے 25 افراد اس وقت جیلوں میں قید، 13 مسنگ جبکہ 6 افراد تاحال ناقابل رسائی ہیں۔

سی ٹی ڈی کے مطابق فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نگرانی اور پابندیوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے متعلقہ ادارے اقدامات کررہے ہیں جبکہ مزید 16 افراد کے نام فہرست میں شامل کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔

سی ٹی ڈی کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی سب سے زیادہ تعداد ضلع ایسٹ میں 32 ہے، جبکہ ضلع ویسٹ میں 23، سینٹرل میں 17، سٹی میں 13، کورنگی میں 10، کیماڑی میں 4، ملیر میں 4 اور ضلع ساؤتھ میں 2 افراد شامل ہیں۔

کراچی کے علاوہ ضلع لاڑکانہ میں 6، نوشہرو فیروز میں 5، سانگھڑ میں 2، بدین میں 2، حیدرآباد میں 3، دادو میں 2، جیکب آباد میں 7، جامشورو میں 2، قمبر میں 5، کشمور میں 2، خیرپور میں ایک، شکارپور میں ایک، سکھر میں 5 اور سجاول میں ایک شخص فورتھ شیڈول کی فہرست میں شامل ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق فورتھ شیڈول میں شامل افراد کو ہر ہفتے متعلقہ تھانے جبکہ ہر ماہ سی ٹی ڈی میں اپنی حاضری یقینی بنانے کا پابند کیا گیا ہے۔ ان افراد کی فہرست میں ایسے مشتبہ افراد کو شامل کیا جاتا ہے جن پر انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت دہشت گردی، دہشت گردی کی سہولت کاری، فرقہ واریت پھیلانے یا کالعدم تنظیموں اور مشکوک عناصر سے تعلق کا شبہ ہو۔

رپورٹ کے مطابق تھانے میں غیرحاضری یا عائد پابندیوں کی خلاف ورزی پر متعلقہ افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جاتے ہیں اور ان کے نام مزید تین سال کے لیے فورتھ شیڈول میں شامل کیے جاسکتے ہیں۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق پابندیوں کی خلاف ورزی پر سال 2025 میں 2 افراد جبکہ سال 2026 میں اب تک 6 افراد کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔