روزنامہ ایکسپریس کے مطابق فیصل آباد میں پیسے کم لانے پر چچا چچی نے اپنی یتیم بھتیجی کو آگ لگا دی اور دس سالہ بچی پر تشدد بھی کیا جس پر دونوں میاں بیوی کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق یتیم بھتیجی سے اس کا چچا اور چچی بھیک منگواتے تھے اور خیرات کی رقم کم ملنے پر میاں بیوی نے پہلے بچی پر تشدد کیا اور بعد میں اس پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس سے وہ جھلس گئی۔
ظاہر ہے کہ کم بھیک ملنے پر بچی پیسے کم لائی ہوگی یا اس نے کچھ کھا پی لیا ہوگا اور ویسے بھی بھیک میں ملنے والی رقم اس کی اپنی تھی جسے اس کے چچا و چچی نے اپنی کمائی کا ذریعہ بنا رکھا تھا اور چچا خود کچھ کرنے کی بجائے کمسن یتیم بچی کی گداگری کی کمائی پر پلتا رہا اور ایک دن خیرات کی رقم کم ملی تو اپنے بھائی کی چھوڑی ہوئی بیٹی جو چچا کا اپنا خون تھی کو خود پالنے کی بجائے گداگری پر لگا دیا۔
کیونکہ اسے معلوم تھا کہ ملک بھر میں گداگری سب سے منافع بخش کاروبار بنا ہوا ہے جسے مافیاز منظم کاروبار کے تحت چلا رہے ہیں اور گھر بیٹھے کچھ رقم لگائے بغیر اتنی بڑی آمدنی حاصل کر رہے ہیں، جتنی لاکھوں روپے لگا کر دکان میں کاروبار کرنے والا دکاندار جسے بھتوں، چندوں سمیت پولیس، ایف بی آر و دیگر مسائل کا سامنا ہے جسے اتنی بڑی رقم لگا کر بھی اتنی آمدنی نہیں ہوتی کہ وہ باعزت زندگی گزار سکے کیونکہ کاروباری حالات سالوں سے خراب ہیں۔
ایک دکاندار سے لے کر ہول سیلر، بڑے تاجر اور صنعتکار بھی اپنے مسائل، آمدن کم اور اخراجات کا رونا رو رہا ہے، جن میں ٹھیک ٹھاک آمدنی والے بھی شامل ہیں اور جسے دیکھو مہنگائی، بجلی گیس، پٹرول کا رونا رونے میں مصروف ہے۔
کم آمدنی والوں کی خودکشیوں کی خبریں بھی حالات نے عام کر دی ہیں مگر کبھی خبر نہیں بنی کہ کسی بھیک مانگنے والے گداگر نے مالی پریشانی کے باعث خودکشی کی ہو۔ ملک میں گداگری ذاتی نہیں بلکہ اجتماعی کمائی کا ایسا کاروبار بنا ہوا ہے جس پر کوئی ٹیکس ہے نہ بھکاریوں کو کہیں بھتہ دینا پڑتا ہے۔
خیرات مانگنے کے عادیوں کو نہ مہنگائی کی فکر ہے نہ وہ بے روزگار ہیں۔ گداگری ہی ان کے لیے بہترین اور منافع بخش کاروبار ہے جو عروج پر چل رہا ہے۔
مانگنے والوں میں پیشہ ور بھکاری، نشیئی اور خواجہ سرا شامل ہیں جو سر راہ، سڑکوں گلیوں میں جا کر مختلف متاثر کن التجائیں کرکے بھیک مانگ کر اپنی زندگی گزار رہے ہیں۔
بھیک کے حصول کے لیے انھیں مفلوک الحال بننا اور پھٹے پرانے کپڑے پہن کر کسی مصروف علاقوں میں صرف جھولی پھیلانا پڑتی ہے۔
اگرکسی بھکاری کو کام کرنے کا طعنہ دیا جائے تو وہ کہتا ہے کہ بغیر کشکول بہترین سوٹ پہن کر جب ہمارے حکمران بیرون ملک جاکر قرضہ مانگنے میں شرم محسوس نہیں کرتے تو ہم کیوں کریں۔ بھیک مانگنا مجبوری کم بلکہ کاروبار بھی بن چکا ہے جس میں نقصان تو ہوتا نہیں، ہاں اگر کسی وجہ سے بھیک کم ملے تو معاملہ قسمت پر ڈال دیا جاتا ہے۔
کسی وجہ سے جسمانی معذوری حادثے یا آگ سے جل جانے والوں کا احساس زیادہ کیا جاتا ہے، انھیں بھیک اور خیرات زیادہ ملتی اور وہ اچھی زندگی گزارنے کے ساتھ لاکھوں روپے جمع بھی کر لیتے ہیں جب کہ غریب تو دور کی بات اب تو متوسط طبقے میں بھی بچت ممکن نہیں رہی کیونکہ عوام کی اپنی حکومتوں نے ملک کی طرح انھیں مقروض ضرور کر دیا ہے۔
کچھ رقم بچانے کے قابل نہیں چھوڑا۔ ملکی بدحالی، بے روزگاری، بجلی گیس، پٹرول اور ہر چیز کی مہنگائی نے متوسط طبقے کو غریبوں میں ضرور شامل کر دیا ہے بس وہ خیرات کی ذلت سے محفوظ ہیں۔خیرات میں کتنی اچھی آمدنی ہوتی ہے، اس کا ثبوت کئی بھکاریوں کے اچھے گھر ہیں۔
عادی بھکاریوں کی بڑھتی تعداد ظاہر کرتی ہے کہ یہ ایک اچھا روزگار ہے جس میں بے روز گاری کا خطرہ بھی نہیں ہے ۔ اور بے عزتیوں کا احساس بھی نہیں رہتا، اس لیے گداگری منافع بخش کاروبار بنا ہوا ہے۔
بڑے شہروں میں مافیاز نے بڑی تعداد میں بھکاری پالے ہوئے ہیں جن کو وہ کمائی والے مقامات پر پہنچانے اور واپس لے جانے کی ذمے داری لے کر گھر بیٹھے لاکھوں روپے کما رہے ہیں۔ بہترین کمائی والے مقامات وہ زیادہ رقم دینے والوں کو ٹھیکے پر بھی دیتے ہیں اور کم کمائی پر تشدد اور جھلسائے جانے کے واقعات کم اور انفرادی ہوتے ہیں، ملک میں بعض گداگروں سے کروڑوں کی رقم وصولی، ان کی جائیدادوں کا انکشاف بھی ہوتا رہتا ہے جس کی وجہ سے گداگری ختم تو دور کی بات کم بھی نہیں ہو رہی بلکہ مسلسل بڑھ کر غیر ممالک تک جا پہنچی ہے۔