ECO ممالک کے نقشے پر نگاہ ڈالیے۔ ایک طرف پاکستان کی بندرگاہوں پر سمندر کی لہریں تجارتی جہازوں کی منتظر ہیں، دوسری طرف ایران کے تیل اور گیس کے ذخائر زمین کی تہوں میں قدرت کی امانت بنے ہوئے ہیں۔
ترکیہ کی فیکٹریوں میں مشینیں چل رہی ہیں، قازقستان کے وسیع میدانوں میں گندم لہلہا رہی ہے، ازبکستان کے کھیتوں میں کپاس اگ رہی ہے، ترکمانستان کی زمین گیس کے خزانوں سے بھری ہوئی ہے، آذربائیجان توانائی کی دولت لیے کھڑا ہے، تاجکستان اور کرغزستان میں پن بجلی کے امکانات سمٹے ہوئے ہیں، افغانستان پھلوں، خشک میووں سے لدا پھندا ہوا ملک ہے اور یہ دس ممالک ایسی اقتصادی تصویر ہیں کہ جیسے ایکو یعنی اقتصادی تعاون تنظیم کے نام سے ایک دوسرے سے جوڑنے کی کوشش کی گئی ہے.
لیکن یہاں ایک سوال یہی جنم لیتا ہے کہ کیا یہ دس ممالک اپنی مشترکہ قوت کو ایک ایسی اقتصادی طاقت میں بدل سکتے ہیں جس کے ثمرات ان ملکوں کے نصف ارب سے بھی زائد افراد تک پہنچ جائیں جب کہ یہ بتایا جاتا ہے کہ عالمی تجارت میں ان ملکوں کا مجموعی حصہ محض 2 فی صد سے کچھ ہی زیادہ ہے اور یہی بات اس خطے کی اقتصادی کمزوری کو ظاہر کرتی ہے جب کہ وسیع وسائل ہیں یہ خطہ عالمی تجارت سے اپنا بھرپور حصہ ابھی تک حاصل نہیں کر پا رہا ہے۔
ان ملکوں میں ترکیہ کی معیشت بڑی ہے لیکن وہاں کے عوام مہنگائی سے پریشان ہیں، ایران کے پاس توانائی کے بے پناہ وسائل موجود ہیں لیکن پابندیاں، جنگ اور مالیاتی مشکلات سے نبرد آزما ہے۔ تنظیم کے رکن ملکوں میں کسی کے پاس گندم کے وسیع میدان ہیں، کہیں کپاس کی فصل، چاول کے کھیت، پھلوں کے باغات، گیس کے وسیع ذخائر، بجلی پیدا کرنے کی وسیع صلاحیت لیکن یہ سب مل کر ابھی تک اقتصادی قوت نہ بن سکے۔
پاکستان زرعی معیشت پر انحصار کرنے والا ملک ہے لیکن ایک تلخ حقیقت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے محنت کش کسان مہنگے بیج، مہنگے داموں خریدی گئی کھاد، روز بروز بڑھتے نرخ والی بجلی اور نہری پانی کی کمی اور بڑھتے ہوئے اخراجات سے پریشان ہے۔
دوسری طرف زرعی پیداوار کا بڑا حصہ مناسب ذخیرہ، پراسیسنگ اور مارکیٹنگ نہ ہونے کے باعث اپنی پوری قدر نہیں حاصل کر رہا ہے۔ اگر پاکستان اپنی زرعی پیداوار کو خام مال کے بجائے غذائی مصنوعات میں تبدیل کرے تو برآمدات اور دیہی روزگار دونوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
قازقستان جس کے پاس بڑی مشینی کاشت کا تجربہ ہے، پاکستان اور قازقستان دونوں ممالک بیج، زرعی مشینری اور غذائی تجارت میں تعاون بڑھا سکتے ہیں۔ ازبکستان کی زرعی شناخت ہے اس کی اقتصادی اہمیت اس بات میں ہے کہ وہ خام کپاس برآمد کرنے سے زیادہ ٹیکنالوجی اور ملبوسات کی صنعت کو اہمیت دے رہا ہے۔
دونوں ملکوں کے درمیان ٹیکسٹائل مشینری اور تیار ملبوسات کی تجارت کے لیے تعاون کی گنجائش موجود ہے۔ ترکیہ زراعت اور جدید غذائی صنعت کا امتزاج رکھنے کے ساتھ ٹیکسٹائل اور اسلحہ کی صنعت میں اپنا مقام رکھتا ہے اور اس تنظیم کے دیگر ملکوں کے مقابلے میں اس کی برآمدات کا حجم سب سے زیادہ ہے۔
وہ یورپ کا دروازہ ہے اور ان دس ملکوں کے لیے یورپ کے دروازے کو کھول سکتا ہے۔ ایران فروٹ اور خشک میواجات پیدا کرنے والابڑا ملک ہے،حکومت پاکستان اس جانب توجہ دے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم بڑھ سکے ۔
تاجکستان اور کرغزستان کے پہاڑوں کے دامن میں پانی کے وسائل اور وسیع چراگاہیں یہاں کی اقتصادی اثاثہ ہیں۔ پاکستان کے بہت سے علاقے ایسے ہیں جہاں کے پہاڑ درختوں پودوں سے ڈھکے ہوئے ہیں، اگر وہاں وسیع چراگاہیں قائم کرنے کا ہنر ان دو ملکوں سے حاصل کر لیتے ہیں تو بھیڑ بکریاں لاکھوں نہیں کروڑوں کی تعداد میں پالی جا سکتی ہیں۔
پاکستان میں بھیڑ بکریاں پالنے کا کام نہایت ہی کم پیمانے پر ہوتا ہے۔ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں گلہ بانی کے پیشے سے وابستہ افراد کو ’’بکر وال ‘‘ کہا جاتا ہے۔ یہ گجرقوم کے مختلف قبائل کے لوگ ہیں، یہ لوگ سرسبز پہاڑی وادیوں میں اپنے مال مویشیوں سمیت رہتے رہتے ہیں، یہ گجر بکروال قبائل، مقبوضہ کشمیر، آزاد کشمیر، شمالی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مشرقی افغانستان، تاجکستان سے لے کر روسی قفقاز ریجن تک پھیلے ہوئے ہیں۔
ان گجر قبائل کو تاجکستان،کرغزستان اور قفقاز ریجن کی ریاستوں میں وسیع و عریض اور سرسبز چراگاہوں کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ اگر پاکستان کی وفاقی اور متعلقہ صوبائی حکومت یہاں بھی سہولتیں فراہم کرے تو پاکستان دودھ، گھی، پنیر، شپ وول ، کھالوں اور گوشت کی پیداوار میں اضافے کے ساتھ لاکھوں افراد کو اس روزگار کے ساتھ جوڑ سکتا ہے۔
مقامی ایگری انڈسڑی پھل پھول سکتی ہے، پاکستان قیمتی زرمبادلہ کما سکتا ہے اور انسانی ہجرت میں کمی نہیں بلکہ اس کا خاتمہ ہوسکتا ہے۔ میں نے دیکھا کہ مانسہرہ، تورغر، کوہستان ، چترال اور پنجاب کے خطہ پوٹھوہار کے پہاڑی علاقے سبزے سے ڈھکے ہوئے ہیں، ان علاقوں میں اگر بڑی بڑی چراگاہیں قائم کی جائیں تو ہزاروں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع میسر آ سکتے ہیں۔ ان تمام ملکوں کا زرعی اتحاد ان ملکوں کی عوام کی خوشحالی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔