کینیڈا کا بجٹ 2026… نیا امیگریشن دروازہ

اہم ترین بات یہ ہے کہ کینیڈا نے دنیا کے لیے اپنے دروازے مکمل بند نہیں کیے


[email protected]

کینیڈا کا نیا امیگریشن دروازہ: پاکستان، دبئی، سعودیہ اور یورپ میں بسنے والے پاکستانیوں کے لیے ایک نیا موقع؟5 نومبر 2026 کو کینیڈا کی حکومت نے وفاقی بجٹ پیش کیا۔ وزیراعظم مارک کارنی کی حکومت کا یہ بجٹ محض آمدنی اور اخراجات کا میزانیہ نہیں، بلکہ کینیڈا کے مستقبل کی نئی سمت کا اعلان بھی ہے۔

اس بجٹ میں امیگریشن، رہائش،فارن انوسٹمنت، روزگار اور معاشی ترقی کے حوالے سے ایسے فیصلے کیے گئے ہیں جنھیں پاکستان میں بیٹھ کر سمجھنا ضروری ہے جب کہ اوور سیزپاکستانیوں کے لیے جاننا بھی اہم ہے۔

اہم ترین بات یہ ہے کہ کینیڈا نے دنیا کے لیے اپنے دروازے مکمل بند نہیں کیے، البتہ یہ واضح کر دیا ہے کہ وہ ہر آنے والے کو نہیں، بلکہ اپنی معیشت اور لیبر مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق لوگوں کو خوش آمدید کہنا چاہتا ہے۔یہ فرق سمجھنا انتہائی ضروری ہے۔

کینیڈا کی آبادی تقریباً چار کروڑ ہے، مگر رقبے کے اعتبار سے دنیا کے بڑے ممالک میں شمار ہوتا ہے۔ یہاں قدرتی وسائل، زراعت، صنعت، ٹیکنالوجی اور تعمیرات کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ آبادی کا ایک بڑا حصہ عمر رسیدہ ہو رہا ہے ،کئی شعبوں میں ہنرمند کارکنوں کی ضرورت ہے۔لہٰذا کینیڈا امیگریشن کو ختم نہیں کر رہا، بلکہ اسے زیادہ منظم اور ضرورت کے مطابق بنا رہا ہے۔

نئے بجٹ میں 2027 سے 2029 تک ہر سال مستقل رہائش کی سالانہ تعداد 380,000 اور عارضی رہائشی کی سالانہ تعداد 370,000 رکھی گئی ہے۔ عارضی رہائشیوں میں تقریباً 220,000 ورکرز اور 150,000 بین الاقوامی طلبہ شامل ہوں گے۔

مطلب یہ ہے کہ کینیڈا ہر سال لاکھوں افراد کے لیے اپنے دروازے کھلے رکھے گا، تاہم اب تعلیم، ہنر، تجربے اور روزگار کی ضرورت کو زیادہ اہمیت دی جائے گی۔کینیڈا نے فیصلہ کیا ہے کہ 2027 کے اختتام تک کینیڈا میں موجود تقریباً 200,000 عارضی رہائشیوں کو مستقل رہائش دینے کا راستہ فراہم کیا جائے گا۔

اس منصوبے میں 100,000ایسے کارکنوں کی منتقلی بھی شامل ہے جو Express Entry یا Provincial Nominee Program کی اہلیت رکھتے ہیں۔یہ بات خصوصاً سمجھنے کی ہے کہ یہ 200,000 افراد پاکستان یا دبئی میں بیٹھے نئے درخواست گزار نہیں ہوں گے۔

یہ پہلے سے کینیڈا میں مقیم لوگ ہیں۔ اس فیصلے سے ایک واضح پیغام ملتا ہے کہ کینیڈا اب باہر سے ہر کسی کو بلانے کے بجائے ان لوگوں کو مستقل حیثیت دینا چاہتا ہے جو پہلے ہی اس کی معیشت میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

پاکستان کے نوجوانوں کے لیے خوشخبری یا مایوسی ہے؟پاکستان میں ہر سال ہزاروں نوجوان یونیورسٹیز سے تعلیم مکمل کرتے ہیں۔ ان میں ڈاکٹر، انجینئر، آئی ٹی ماہرین، اکاؤنٹنٹس، الیکٹریشن، پلمبر، ویلڈرز، نرسیں اور دیگر ہنرمند افراد شامل ہیں۔

ان نوجوانوں کے لیے کینیڈا اب بھی ایک اہم منزل بن سکتا ہے، لیکن انھیں اپنی حکمت عملی تبدیل کرنا ہوگی۔ اب صرف یہ سوچنا کافی نہیں کہ کسی طرح کینیڈا پہنچ جائیں۔ اصل سوال یہ ہوگا کہ آپ کینیڈا کو کیا دے سکتے ہیں؟

اگر کسی نوجوان کے پاس اچھی تعلیم، انگریزی یا فرانسیسی زبان کی مہارت، متعلقہ شعبے میں تجربہ اور قابلِ تصدیق اسناد ہیں تو اس کے لیے مختلف امیگریشن راستے موجود رہیں گے۔خصوصاً:ہیلتھ کیئر، ڈاکٹرز، نرسیں اور طبی عملہ،تعمیراتی شعبے میں الیکٹریشن، پلمبر اور ویلڈرز، انجینئرنگ اور انفراسٹرکچر، مصنوعی ذہانت (AI)، سافٹ ویئر اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی۔ توانائی اور صنعتی شعبے،تعلیم اور دیگر مخصوص ہنرمند پیشے۔

کینیڈا کی ضرورت صرف یونیورسٹی ڈگری ہولڈرز تک محدود نہیں، ایک کوالیفائڈ الیکٹریشن، ویلڈر یا پلمبر بھی کسی معیشت کے لیے اتنا ہی اہم ہو سکتا ہے جتنا کہ ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ پروفیشنل۔پاکستان کو اس موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے اپنے نوجوانوں کو ڈگری کے ساتھ ہنر، زبان اور انٹرنیشنل معیار کی تربیت بھی دینی ہوگی۔

اس وقت لاکھوں پاکستانی سعودیہ، یو اے ای، قطر، عمان، بحرین اور دیگر خلیجی اور یورپی ممالک میں کام کر رہے ہیں۔کسی کے پاس تعمیرات کا تجربہ ہے‘ کوئی صنعتی ماہر ہے، کسی کے پاس ہوٹل مینجمنٹ، اکاؤنٹنگ اور آئی ٹی کا تجربہ ہے۔

ان لوگوں کے لیے کینیڈا کے نئے بجٹ کا اہم پیغام یہ ہے کہ کینیڈا کو دنیا بھر سے قابل اور تجربہ کار افراد کی ضرورت برقرار ہے۔ مثلاً سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں کام کرنے والے پاکستانی الیکٹریشنز، سافٹ ویئر انجینئرزاورسول و الیکٹرک انجینئرز کینیڈا کے امیگریشن پروگرامز کے لیے اپنی اہلیت کا جائزہ لے سکتے ہیں۔

البتہ یہ سمجھنا ضروری ہے کہ خلیج میں ملازمت کرنے سے کسی کو خودکار طور پر کینیڈا کی مستقل رہائش نہیں ملتی۔ اسے متعلقہ امیگریشن پروگرام کی شرائط پوری کرنا ہوں گی۔اس سلسلے میں تین راستے خاص طور پر قابلِ غور ہیں:اول: s Expres Entry۔یہ ہنرمند اور تجربہ کار افراد کے لیے ایک اہم راستہ ہے۔ عمر، تعلیم، زبان، تجربے اور دیگر عوامل کی بنیاد پر پوائنٹس اور اہلیت دیکھی جاتی ہے۔دوم:

(PNP) Provincial Nominee Program

کینیڈا کے مختلف صوبوں کی اپنی ضروریات ہیں۔ کسی کو نرسز کی ضرورت ہے، کسی کو تعمیراتی ورکرز اور کسی کو ٹیکنالوجی ایکسپرٹس کی۔ صوبائی نامزدگی بعض امیدواروں کے لیے مستقل رہائش کا راستہ آسان بنا سکتی ہے۔سوم:

Employer-Specific-Work Permit

اگر کینیڈا میں کوئی حقیقی آجر کسی غیر ملکی کارکن کو ملازمت دینا چاہتا ہے اور متعلقہ قانونی شرائط پوری ہوتی ہیں تو ورک پرمٹ کا راستہ بھی موجود ہے۔ بعض صورتوں میں LMIA درکار ہوتا ہے اور بعض میں استثنا ہوتا ہے۔

پاکستان اور خلیجی ممالک میں موجود پاکستانیوں کے لیے ایک عملی مشورہ ہے: اپنی ڈگری، تجربے کے خطوط، پیشہ ورانہ سرٹیفکیٹس اور زبان کی مہارت کے ثبوت ابھی سے تیار رکھیں۔امیگریشن کے نام پر جعلی جاب آفر اور ویزا فروخت کرنے والے ایجنٹوں سے بھی محتاط رہیں۔

اس بجٹ کا انتہائی اہم پہلو کینیڈا کی پراپرٹی مارکیٹ ہے۔گزشتہ چندبرس سے کینیڈا میں غیر ملکی شہریوں کی جانب سے رہائشی جائیداد خریدنے پر پابندی عائد ہے۔ اب نئی حکومت نے اس پالیسی میں ایک اہم تبدیلی کی تجویز پیش کی ہے۔

حکومت نے موجودہ رہائشی مکانات کی غیر ملکی خریداری پر پابندی مزید دو سال، یعنی یکم جنوری 2029 تک بڑھائی ہے لیکن نئی تعمیر رہائشی جائیدادوں کو اس پابندی سے مستثنیٰ کرنے کی تجویز ہے۔ یہاں پاکستانی سرمایہ کاروں کے لیے اہم بات سمجھنا ضروری ہے۔

اگر پاکستان میں کوئی شخص کینیڈا کا شہری یا مستقل رہائشی نہیں ہے اور وہ وہاں کوئی پرانا گھر خریدنا چاہتا ہے تو پابندی برقرار رہے گی۔ لیکن نئی تعمیر شدہ رہائشی جائیدادوں کے لیے مجوزہ استثنا ایک نیا راستہ کھول سکتا ہے۔

اس کا مطلب یہ ہو سکتا ہے کہ پاکستان، دبئی اور سعودی عرب میں مقیم ایسے سرمایہ کار جو کینیڈا میں قانونی طور پر سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، وہ نئے تعمیراتی منصوبوں میں مواقع تلاش کر سکیں۔ تاہم بجٹ میںابھی تجویز دی گئی ہے، قانون سازی اور ضابطہ سازی بھی درکار ہے۔ یہ پراپرٹی خریدنے کی مکمل آزادی نہیں، بلکہ نئی تعمیرات میں سرمایہ کاری کے لیے ایک ممکنہ نیا دروازہ ہے۔

اب اصل سوال یہ ہے کہ کینیڈا کے اس بجٹ سے پاکستان کو کیا فائدہ ہو سکتا ہے؟پاکستان کے لیے یہ موقع صرف چند ہزار نوجوانوں کو کینیڈا بھیجنے تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔ اسے ایک قومی حکمت عملی کے طور پر دیکھنے کی ضرورت ہے۔

سب سے پہلے پاکستان کو اپنی ٹیکنیکل تعلیم اور ہنر مندی کے اداروں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانا چاہیے۔اگر پاکستان میں ہر سال ہزاروں نوجوانوں کو معیاری الیکٹریشن، ویلڈر، پلمبر، نرسنگ، تعمیرات، آئی ٹی اور دیگر شعبوں کی تربیت دی جائے اور ان کی اسناد بین الاقوامی معیار کے مطابق ہوں تو یہ نوجوان دنیا بھر میں روزگار حاصل کر سکتے ہیں۔

دوسرا فائدہ زرمبادلہ کا ہے۔بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانی اپنے خاندانوں کو رقم بھیجتے ہیں۔ ان ترسیلاتِ زر سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر، گھریلو اخراجات، تعلیم اور کاروباری سرگرمیوں کو سہارا ملتا ہے۔تیسرا فائدہ سرمایہ کاری کا ہے۔

دبئی اور سعودی عرب میں کاروبار کرنے والے پاکستانیوں کے پاس سرمایہ، کاروباری تجربہ اور عالمی رابطے موجود ہیں۔ اگر کینیڈا کی نئی تعمیراتی پالیسی ان کے لیے قابلِ عمل مواقع پیدا کرتی ہے تو وہ کینیڈین تعمیراتی کمپنیوں، ڈیولپرز اور نئے ہاؤسنگ منصوبوں کے ساتھ شراکت داری کے امکانات تلاش کر سکتے ہیں۔

چوتھا فائدہ علم اور ٹیکنالوجی کی منتقلی ہے۔پاکستان سے جانے والے نوجوان جب کینیڈا میں جدید ٹیکنالوجی، کاروباری طریقوں اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے واقف ہوں گے تو مستقبل میں پاکستان کے لیے بھی سرمایہ کاری اور کاروباری روابط پیدا کر سکتے ہیں۔

لیکن اس کے لیے پاکستانی حکومت کو صرف ترسیلاتِ زر پر خوش ہونے کے بجائے بیرون ملک پاکستانیوں کے ساتھ سرمایہ کاری کے مضبوط اور شفاف نظام بھی قائم کرنے ہوں گے۔میرے خیال میں پاکستان ، خلیجی ممالک اور پْرتگال سمیت یورپ کے دیگر ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو اس موقع کو تین مختلف زاویوں سے دیکھنا چاہیے۔

نوجوانوں کے لیے: اگر آپ کینیڈا آنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے اپنی تعلیم، زبان، پیشہ ورانہ مہارت اور کام کے تجربے کو بہتر بنائیں۔ امیگریشن کے لیے اپنی اہلیت کا جائزہ لیں اور سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔

خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے لیے: اگر آپ دس یا پندرہ سال سے سعودی عرب یا دبئی میں کام کر رہے ہیں اور آپ کے پاس اچھی پیشہ ورانہ مہارت ہے تو کینیڈا کے مستقل رہائشی پروگراموں کا جائزہ ضرور لیں۔ لیکن اپنی موجودہ ملازمت چھوڑنے یا سرمایہ منتقل کرنے کا فیصلہ مکمل معلومات کے بغیر نہ کریں۔ کینیڈا کی نئی تعمیراتی پالیسی پر نظر رکھیںاور سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کریں۔

آخری بات، کینیڈا نے دروازے بند نہیں کیے، داخلے کا معیار بدل دیا ہے۔ کینیڈااپنی ضرورت کے مطابق امیگریشن کا نیا نظام تشکیل دے رہا ہے۔ کینیڈا کا نیا بجٹ ہمیں یہ بتاتا ہے کہ آنے والے وقت میں دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کو صرف آبادی نہیں بلکہ قابل، تعلیم یافتہ، ہنرمند اور محنتی انسانوں کی ضرورت ہوگی۔

پاکستان کے پاس نوجوانوں کی ایک بڑی آبادی ہے۔ ہمارے پاس ڈاکٹر بھی ہیں، انجینئر بھی، آئی ٹی ماہرین بھی اور ایسے لاکھوں نوجوان بھی جو اگر مناسب تربیت حاصل کر لیں تو عالمی مارکیٹ میں اپنی جگہ بنا سکتے ہیں۔

ہمارے لاکھوں پاکستانی دبئی سعودی عرب اور یورپ میں برسوں سے محنت کر رہے ہیں۔ ان کے پاس تجربہ بھی ہے، سرمایہ بھی ہے اور بین الاقوامی کاروباری سمجھ بوجھ بھی۔سوال یہ نہیں کہ کینیڈا پاکستانیوں کو کتنے ویزے دے گا، اصل سوال یہ ہے کہ پاکستان اپنے نوجوانوں اور بیرون ملک مقیم شہریوں کو اس نئے عالمی مقابلے کے لیے کتنا تیار کرتا ہے۔

ایک طرف کینیڈا کو ہنرمند انسان چاہییں اور دوسری طرف پاکستان کو روزگار، زرمبادلہ، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کی ضرورت ہے۔اگر دونوں ملکوں کی ضروریات ایک دوسرے سے مل جائیں تو یہ صرف کینیڈا کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے لیے بھی ایک بڑا موقع ثابت ہو سکتا ہے۔آخر میں بات صرف اتنی ہے کہ دنیا میں مواقع ختم نہیں ہوتے، لیکن مواقع ان لوگوں کے حصے میں آتے ہیں جو وقت سے پہلے خود کو تیار کر لیتے ہیں۔