فیض احمد فیضؔ نے کیا خوب کہا۔
گلوں میں رنگ بھرے بادِ نو بہار چلے
چلے بھی آؤ کہ گلشن کا کا روبار چلے
اسے فریاد بھی کہہ سکتے ہیں،یاد بھی کہہ سکتے ہیں۔اپنے اپنے موڈکی بات ہوتی ہے۔بہار میں پھولوں پر جیسے جوانی چلی آتی ہے۔گلشن میں چمن کا بھی شمار ہوتا ہے،جس کی ایک سے بڑھ کر ایک بڑھ ایک اداہوتی ہے۔جس میں بہار کبھی چپکے سے ،کبھی چھپ کے سے شریک ہو جاتی ہے۔یہ بھی عرض کرتے چلیں کہ خزاں بھی کسی بہار سے کم نہیں ہوتی۔اس کے پت جھڑ بہت سے حالات و واقعات کا پتہ دیتے ہیں۔
عبد الحمید عدمؔ کا بھی ایک شعر یاد آیا۔
میں میکدے کی راہ سے ہو کر نکل گیا
ورنہ سفر حیات کا کتنا طویل تھا
مے خانہ کے افسانوی کردار میں ساقی کو بنام ساقی کابھی کہا جا سکتا ہے۔اور اس کا سفر کسی نہ کسی رُوپ میں جاری رہتا ہے۔اور اس کے قدم کبھی تیز اور کبھی آہستہ ۔یہ درست کہ کسی نہ کسی بہانے سے سفر کٹ ہی جاتا ہے۔کہیں قیام آجاتا ہے،کہیں مقام آجاتا ہے،اور منزل۔اس کا بھی عجب انداز ہوتا ہے۔جسے غضب انداز بھی کہہ سکتے ہیں۔جب بات حد سے بڑھ جاتی ہے،تو منزل بھی پس منظر میںنظر آتی ہے۔اوراس کی کشش…اور اس کاعلم ہی نہیں ہوپاتا۔باقیؔ صدیقی نے بھی کیا خوب کہا۔
اے بادِ سحر نہ چھیڑ ہم کو
ہم جاگے ہوئے ہیں رات بھر کے
بادِ سحر کے سنگ بھی کبھی یاد اور کبھی فریاد چلتی رہتی ہے۔اس میں کس کا جلوہ نظر نہیں نظر آتا ہے۔کبھی کبھی ایسا لگتا ہے کہ جیسے یہ آنکھوں کا دھوکہ ہو۔اس میں ان کی بے تابی کو بھی شامل کرسکتے ہیں۔
بے شک ! رات میں بہت سے کرم بھرم بھی نظر آتے۔لیکن ایک دن ان کے صفحات کھلنا شروع ہو جاتے ہیں اور بہت سے راز فاش ہونے لگتے ہیں۔ بہت سوں کے چہروں پر طوفان دکھائی دیتا ہے،اور بہت سے چہروں پر سے گرد ہٹنے لگتی ہے۔
جس میں پریشانی کے ساتھ ساتھ پشیمانی کا بھی کہہ سکتے ہیں۔آج ہم اپنے پیارے لاہور،راج دلارے لاہور، زندہ دلانِ لاہور کے شروع کے سالوں کے حوالے سے کچھ عرض کرتے ہیں۔’’تمام تاریخ دان اس پر متفق ہیں کہ لاہور ایک نہایت قدیم شہر ہے ۔
محمود غزنوی کے عہد میںاس شہر کا عروج ایک بار پھر شروع ہوا۔سلطنت ِ مغلیہ تک لاہور دارالسلطنت بھی رہا ہے ۔ جہانگیر کو اس شہر سے بہت لگاؤ تھا ،اور اُس کی وصیت کے مطابق اُسے لاہور میں ہی دفن کیا گیا۔
مقبرہ جہانگیر آج بھی لاہور کے حسن میں شمار کیا جاتاہے۔ سولویں ویں صدی میں مغل اعظم (اکبر بادشاہ) کے زمانے میںاُس کے اہم ساتھی ابوالفضل نے اپنی کتاب میں لاہور کاذکر کیا ہے۔
سترہویں صدی کی شروع میں مشہور شاعر ملٹن نے لاہور کی عظمت پر شاعری بھی کی۔وہ کہتاہے کہ ’’ اس شہر کو قدیم اور جدید دونوں صورتوں میں شہرتیں حاصل ہوئیں‘‘۔طامس مور جو اٹھارویں صدی کے آخر میں پیداہواتھا۔وہ اپنی کتاب ’’ لالہ رُخ ‘‘ میں لاہور کی آبادی،رونق،اور دولت کے بارے میںلکھتا ہے،’’ یہاں کے بازاروں میں کافی رش نظر آتا ہے، اور یہاں کے لوگ امیر ہیں۔
اور یہاں کے عالیشان محلات ،مسجدوں کے بلندمیناروں،خانقاہوںکے گنبدوں اور بیشمار عمارات سے اس شہردل پر جاود کا سا اثر کرتا ہے‘‘۔ ہمارا پیارا لاہور دریائے راوی کے بائیں کنارے واقعہ ہے، وقت وقت کے ساتھ اور سیلابوں کی وجہ اس کا رُخ بدلتا رہا ہے۔
1663 میں اس میں طغیانی کی وجہ شہر کو بہت نقصان ہوا تھا۔ اور آج کل بھارت کی سازش سے یہ ایک گندا نالہ بن گیا ہے،جب بھارت پانی چھوڑتا ہے، تو سیلاب بہت سی آبادیاں ڈوب جاتی ہیں۔
موسم بدلے پھر بھی ہے آشوبِ وصال و ہجر وہی
حال زمانے کاجب یہ ہوکیا ماضی کیاحال کریں
موسم بھی ہجر ووصال کی کیفیت سے گزرتے ہیں،اور ان بھی شدت بھی آجاتی ہے۔اس میں کوئی شک نہیں کہ آج یعنی حال ہی اصل میں زندگی ہے۔آج کے ریفرنس میں ہم پاکستانی فلمی صنعت کے مشہوراداکار الیاس کاشمیری کا ذکر کرتے ہیں۔
’’ وہ 25دسمبر 1925 کو لاہور میںپیدا ہوئے تھے۔ الیاس کاشمیری کو فلموں میں کام کرنے کا شوق ہوا تواُنھوں نے بمبئی کا رُخ کیا۔بمبئی میں اُن کی ملاقات سہراب مودی کے بھائی رستم مودی سے ہوئی،جنھوں نے اُنہیں اپنی فلم’’ گل بکاؤلی ‘‘ میں ایک چھوٹا سا کردار دے دیا۔
اس کے بعد الیاس کاشمیری نے دو فلموںملکہ، اور عابدہ میں مرکزی کر دار ادا کیے۔فلم’’ ملکہ‘‘ میں اُن کی ہیروئن شوبھنا سمرٹ تھیںجو مشہور اداکارہ کاجول کی نانی تھیں۔جب کہ فلم ’’ عابدہ‘‘میں اُن کی ہیروئن سورن لتا تھیں۔
قیام پاکستان کے بعد الیاس کاشمیری نے پنجابی فلم’’ مندری‘‘ سے اپنے پاکستانی فلمی کیر یئر کا آغاز کیا۔یہ فلم 28نومبر 1950 کو ریلیز ہوئی تھی،اس کے ہدایت کار داؤد چاند تھے۔اس کے بعد ریلیز ہونے والی فلم’’ قسمت‘‘میں اُنھوں نے سنتوش کمار کے بڑے بھائی کے کردار میںبڑی عمدہ اداکاری کامظاہرہ کیا۔
اس فلم میں ان کا کردار تایاکا تھا، جس کے بعد وہ پوری فلمی صنعت میں تایا جی کے نام سے پکارے جانے لگے۔1954 میں ہدایت کار ایم جے راناکی فلم’’ ماہی منڈا‘‘ میںالیاس کاشمیری نے ولن کا کردار ادا کیااور یوں اُن کی فنی زندگی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا۔اس فلم کے فلم ساز باری ملک تھے،جن کے ساتھ الیاس کاشمیری کی دوستی ہوئی۔
الیاس کاشمیری نے بطور فلم سازایک فلم’’ عشق پر زور نہیں‘‘ بھی پروڈیوس کی تھی،جس میں اُن کی اداکاری کو بھی سراہا گیا تھا۔الیاس کاشمیری نے مجموعی طور پر 547فلموںمیں کام کیا،جن میں سے بیشترپنجابی فلمیں پنجابی تھیں۔یہ عظیم اداکار 12دسمبر 2007 کو لاہور میں وفات پا گئے۔وہ لاہور میں ہی آسودۂ خاک ہیں‘‘۔