صاحب حق صاحب شا منصور

ولی اللہ کو ان کی زندگی میں قسمت والے پہچانتے ہیں



روایت تو یہی ہے کہ اولیاء اللہ اور ان کی کرامات پر ان کے دار فانی سے کوچ کر جانے بعد لکھا جاتا ہے۔ایک چینی کہاوت ہے کہ درخت کی صحیح اونچائی کا پتہ تب چلتا ہے جب وہ کٹ کر زمین پر لٹایا جاتا ہے۔

میں نے کئی بار سوچا کہ میں اپنے اکابرین میں حقیقی اللہ والے ڈھونڈ ڈھونڈ کر ان کی زندگی میں ان پر لکھوں گا، مجھے اپنے مرشد و مربی شیخ المفسرین و محدثین حضرت مولانا حمداللہ جان ڈاگئی باباجیؒ کی ایک نشست یاد آگئی، میں نے ایک سوال کیا کہ حقیقی ولی اللہ کی کیا نشانی ہے؟

باباجانؒ نے فرمایا کہ ولی اللہ کو ان کی زندگی میں قسمت والے پہچانتے ہیں، ولی اللہ نیام میں رکھی تلوار کی مانند ہوتے ہیں، کسی کی تلوار زندگی میں بے نیام ہو جاتی ہے، مگر اکثریت کی ولایت کی تلوار اس کے دار فانی سے کوچ کرنے کے بعد بے نیام ہوتی ہے۔

یہ بے نیامی اللہ رب العزت کے ہاں ولی کے مقام اور رتبے کے مطابق ہوتی ہے، مقربین خاص کی تلوار دار فانی سے روح کے پرواز کے ساتھ چمک دمک، طوفان اور باران رحمت کے ساتھ بے نیام ہوتی ہے، جنازے میں ناقابل یقین و حیرت انگیز تعداد اور تدفین کے دوران قبر کی مٹی کی محسور کن خوشبو ولی اللہ کی ولایت پر مہر تصدیق ثبت کر دیتی ہے اور بعدالوفات ان کی کرامات کا سلسلہ جاری و ساری رہتا ہے۔

مگر قسمت والوں اور اس جستجو میں خوف خدا کے ساتھ لگ جانے والوں پر ولی کی زندگی میں ولایت کی نشانیاں آشکار ہو جاتی ہیں۔ میں نے پوچھا باباجانؒ آپ کبھی صاحب کرامت زندہ ولی سے ملے ہیں؟ باباجانؒ نے تبسم فرما کر پوچھا کہ آپ کو ملنا ہے؟

میں نے کہا بالکل مگر میری اتنی قسمت کہاں، تو انھوں نے فرمایا مفتی حسن صاحب اور صاحب حق صاحب شامنصور سے ملو۔ باباجانؒ نے فرمایا یہ دونوں مستجاب الدعوت اور اللہ کے مقربین میں سے ہیں۔

صاحب حق صاحب کے ساتھ تو میری بہت تواتر سے ملاقاتیں ہوئی تھیں اور ان کے والد محترم شیخ القرآن شامنصور باباؒ کی ولایت اور کرامت بعدالوفات کے مجھ سمیت ان کے جاننے والے خاص و عام قائل ہیں مگر صاحب حق صاحب شامنصور کو اپنے بڑے بھائی کی حیثیت سے ملتا رہا۔

اس نشست کے بعد جب ان سے ملا اور باباجانؒ کی نظر سے دیکھا تو دل کی دنیا بدل گئی۔ مفتی حسن صاحب سے باباجانؒ کے اس انکشاف کے بعد پہلی ملاقات میں انکے نورانی چہرے پر نظر ڈالی تو دل و دماغ مسخر ہوگئے۔

آج زندہ ولیوں کے اسی سلسلے پر لکھنے کا آغاز ہزاروں طلباء کے استاد اور لاکھوں مریدین کے مرشد و مربی، دارالعلوم تعلیم القرآن شاہ منصور (صوابی) کے مہتمم و شیخ القرآن درویش صفت ولی کامل اور دلعزیز صاحب حق صاحب شامنصور سے کر رہا ہوں۔

شیخ القرآن مولانا نورالہادی دامت برکاتہم العالیہ شامنصور باباؒ کی نسبت سے ’’صاحب حق صاحب‘‘ کے نام سے مشہور اور پہچانے جاتے ہیں۔ صاحب حق صاحب خیبرپختون خواہ کے عالمی شہرت یافتہ ولی کامل شیخ المفسرین علامہ عبدالہادی المعروف شاہ منصور باباجی نوراللہ مرقدہ کے فرزند ارجمند، علمی جانشین اور مشہور زمانہ اولیاء اللہ شیخین کریمین شامنصور کے قریبی عزیز ہیں۔

اپنے والد محترم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے گزشتہ چالیس سال سے قرآن و حدیث اور دعوت وارشاد آپ کا اوڑھنا بچھونا ہے۔ آپ کا طرز کلام عام فہم، دلنشین اور فصاحت و بلاغت کا اعلی نمونہ ہوتا ہے، وہ عوام و خواص میں یکساں مقبول ہیں ،علماء کرام ان کی علمی، روحانی شان سے باخبر اور عوام ان کے عوامی انداز و سادگی پر فدا ہیں۔

حلقہ درس ہو یا مجلس وعظ و ذکر، اہل علم کی محفل ہو یا عوامی اجتماع، صاحب حق صاحب ہر موقع پر شمع محفل ہوتے ہیں۔ ہلکے پھلکے انداز میں ان کی تقریر عوام و خواص میں یکساں مقبول ہے۔ عوام کو دینی امور خوبصورت لہجہ اور مترنم انداز میں سمجھانا آپ کا کمال ہے۔

آپ کی واعظانہ تقاریر و خطبات قرآن و سنت کے حوالہ جات اور پشتو و فارسی اشعار سے مزین ہوتے ہیں۔ ضرب المثال سے موضوع کو سامعین کے دل میں اتارنے اور مناسب طنز و مزاح سے سامعین میں ہنسی کی لہر دوڑا کر بات سمجھانے کے فن میں اپنی مثال آپ ہیں، نجی محفل ہو یا جلسہ عام نیکیوں کی ترغیب، برائیوں سے پرہیز، مسنون اعمال کی تاکید اور اذکار و وظائف کی تلقین کرتے رہتے ہیں۔ 2027 میں دارالعلوم تعلیم القرآن شامنصور میں درس و تدریس کے سلسلے کے سو سال پورے ہو جائیں گے۔

اپنے والد محترم کی سنت پر عمل کرتے ہوئے گزشتہ چالیس سال سے بلاناغہ پندرہ شعبان المعظم سے پچیس رمضان المبارک تک سالانہ چالیس روزہ دورہ تفسیر قرآن آپ کا معمول ہے جس میں ہزاروں مسلمان شرکت کرتے ہیں اور اپنے دل و دماغ کو فہم قرآن سے مزین کرتے ہیں۔

درس دیتے وقت طلبہ کو ’’طالبانو‘‘ عوام کو وعظ کرتے وقت ’’رونڑو‘‘ اور چھوٹے بچوں کو ’’روارہ‘‘ کہنا آپ کا تکیہ کلام ہے، یہ اپنائیت بھرے الفاظ سامعین کے دلوں اور اذہان کو مسخر کرلیتے ہیں، ان کی نشست و برخاست نمود و نمائش سے خالی اور گفتگو تکلف سے بے نیاز ہوتی ہے۔

صاحب حق صاحب دامت برکاتہم کی شخصیت میٹھے بول، خندہ پیشانی، سخاوت، فیاضی اور مہان نوازی کے اوصاف عالیہ سے مزین، تو کل علی اللہ آپ کا سرمایہ، تقویٰ آپ کا اثاثہ اور حق گوئی و بے باکی آپ کا شیوہ ہے۔

ڈاگئی باباجیؒ فرماتے تھے کہ ولی کی نشانیوں میں سے ایک نشانی یہ بھی ہے کہ وہ دشمن کی دشمنی اور ظالم کے ظلم پر، دشمن و ظالم کے لیے رحم اور اصلاح کی دعا کرتے ہیں مگر اللہ رب العزت اپنے اولیاء اللہ اور مقربین کو مخلوق کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑتے، خود قہار و جبار اور منتقم اللہ اپنے اولیاء اللہ کا انتقام اپنی شان و عظمت کے مطابق لیتے ہیں۔ اس لیے اولیاء اللہ سے نسبت رکھنے والی ہر چیز کی بے ادبی سے بچنا چاہیے۔

ایک مشہور روایت کے مطابق ایک مجذوب اللہ والا نگنے پیر بارش میں اپنی دنیا میں مست حق اللہ کی صدائیں لگاتا ہوا بازار سے گزر رہا تھا، ایک حلوائی نے آواز دی کہ آو جلیبی کھائیں۔ مجذوب نے گرم دودھ میں جلیبیاں کھائیں تو مست ہو کر باہر نکلا اور زور سے زمین پر پیر مار کر حق اللہ کی صدا بلند کی، اس کے قریب ایک نو بیاہتا جوڑا گزر رہا تھا، دلہن نے عروسی لباس پہنا تھا، مجذوب نے کیچڑ میں پاؤں زور سے مارا تو دلہن کے کپڑے گندھے ہوگئے، دلہن کے منع کرنے کے باوجود اس کے شوہر نے مجذوب کو مار مار کر لہولہان کیا، لوگوں نے چھڑایا تو مجذوب نے آسمان کی طرف ہاتھ اٹھا کر کہا، واہ میرے مولا تیری شان و عظمت پر قربان ،کبھی گرم جلیبیاں اورکبھی گرم گرم تھپڑ اور لاتیں، یہ کہتے ہوئے حق اللہ کی صدائیں بلند کرتے ہوئے چل پڑے۔

تھوڑے فاصلے پر دلہا دلہن کا گھر تھا۔ گھر کی سیڑھیاں چڑھتے وقت لڑکے کا پیر سیڑھیوں میں پھنس گیا اور اس کی چادر اس کے گلے میں پھنس کر وہ سیڑھیوں میں لٹک گیا۔ دلہن کے شور اور فریاد پر لوگ جمع ہوگئے اور لڑکے کو اتارا تو وہ مر چکا تھا۔

لوگوں نے بھاگ کر مجذوب کو پکڑا کہ آپ نے بدعا کیوں دی، یہ قتل آپ نے کیا، مجذوب بولے مجھ سے قسم لے لو، میں نے کوئی بدعا نہیں دی، لوگوں نے کہا پھر یہ حادثہ کیوں آیا، مجذوب نے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس لڑکے نے کیوں مارا تھا؟

جو موقع کے گواہ تھے انھوں نے بتایا کہ آپ نے اس کی دلہن کے کپڑوں کو گندھا کیا تھا اس لیے اس نے مارا۔ وہ پھر بولے میں نے اس کے تو کپڑے گندھے نہیں کیے تھے، جس کے کپڑے گندھے ہوئے تھے، وہ تو منع کر رہی تھی، پھر اس نے مجھے کیوں مارا؟

لوگوں نے کہا اس نے اپنی بیوی کی محبت میں آپ کو مارا، مجذوب نے حق اللہ کی صدا بلند کی اور کہا کہ میں نے کچھ نہیں کیا، مجھ سے جو محبت کرتاہے اس نے کیا ہوگا اور چل پڑا۔ اللہ رب العزت ہم سب کو اولیاء اللہ اور بزرگان کی صحبت، توجہ اور نسبتوں سے نوازیں اور ان کی دل آزری اور آہ سے اپنی ستاری کی چادر میں لپیٹ کر رکھے اور ولی کامل صاحب حق صاحب شاہ کو کامل روحانی جسمانی صحت کے ساتھ عمر خضر سے نوازیں اور ان کے پاک صاف دامن کو ہر قسم کے داغ سے محفوظ رکھے۔ آمین، ثمہ آمین یا رب العالمین۔