پاکستان میں فرٹیلائزرز کی قیمتوں میں کمی کا امکان

 کھاد ڈیلرز کے خلاف 7 دنوں میں کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا،  زائد قیمت پر کھاد فروخت کرنے والوں کے لائسنس منسوخ ہوں گے


اسامہ اقبال November 19, 2026

پاکستان میں فرٹیلائزرز کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے جب کہ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی زیر صدارت فرٹیلائزر ریویو کمیٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، اجلاس میں یوریا اور ڈی اے پی کھاد کی قیمتوں، طلب و رسد اور دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع نے کہا کہ  کھاد ڈیلرز کے خلاف آئندہ سات دنوں میں کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا، مقررہ قیمت سے زائد پر کھاد فروخت کرنے والے ڈیلرز کے لائسنس منسوخ ہوں گے، ناجائز منافع خوری میں ملوث کھاد ڈیلرز کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔

کھاد کی مصنوعی قلت پیدا کرکے قیمتیں بڑھانے والوں کے خلاف کارروائی اور کھاد کمپنیوں کو اپنے ڈیلرز کی قیمتوں اور سپلائی کا ذمہ دار قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

ڈیلرز کی جانب سے زائد قیمت وصولی پر کھاد کمپنیوں سے بھی جواب طلبی ہوگی، اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ملک میں ڈی اے پی کھاد کی دستیابی کا کوئی مسئلہ نہیں۔

گندم کی کاشت کے سیزن میں کسانوں کو کھاد کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا اور  ضلعی انتظامیہ کو کھاد کی قیمتوں کی مؤثر نگرانی اور خلاف ورزیوں پر کارروائی کی ہدایت کی گئی۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ فیکٹری سطح پر قیمتیں مستحکم ہیں تو ڈیلرز زائد قیمتیں کیوں وصول کر رہے ہیں؟ کسانوں کا معاشی استحصال اور کھاد کی ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں ہوگی۔