پنجاب میں اسموگ کی شدت بڑھنے کا امکان، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

رات گئے اور صبح کے اوقات میں حدِ نگاہ متاثر ہونے اور ٹریفک کی روانی میں مشکلات کا خدشہ ہے


نعیم اصغر November 19, 2026

اسلام آباد:

این ڈی ایم اے نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں آئندہ دو روز کے دوران اسموگ کی بڑھتی ہوئی شدت کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔

ترجمان کے مطابق لاہور، قصور، گوجرانوالہ، حافظ آباد، ننکانہ صاحب، سرگودھا، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ اور فیصل آباد میں اسموگ میں شدت کا امکان ہے جبکہ جھنگ، خانیوال، ملتان، خانپور، کوٹ ادو اور بہاولپور سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی اسموگ متوقع ہے۔

اسموگ اور دھند کے باعث بالخصوص رات گئے اور صبح کے اوقات میں حدِ نگاہ متاثر ہونے اور ٹریفک کی روانی میں مشکلات کا خدشہ ہے۔

آلودہ فضا اور اسموگ کی بڑھتی ہوئے شدت کے باعث سانس لینے میں دشواری، آنکھوں میں جلن اور سانس کی تکالیف پیدا ہو سکتی ہیں۔ بچے، بزرگ اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

ترجمان کے مطابق عوام اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ فضائی معیار (AQI) اور حدِ نگاہ کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ شہری دورانِ سفر احتیاط برتیں، ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔

اسموگ اور دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اپنی صحت و سلامتی اور تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ موسم اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے بروقت اور مستند معلومات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ سے راہنمائی لیں۔