اسلام آباد:
مولانا فضل الرحمان کے ساتھی مفتی ابرار پر اسلام آباد میں سڑکوں کی بندش، کارِسرکار میں مداخلت اور پولیس پر پتھراؤ کا مقدمہ درج کرلیا گیا، ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ بھی جاری ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق فضل الرحمان کے ساتھی مفتی ابرار پر اسلام آباد کے سیکٹر آئی نائن فور میں غیر قانونی اجتماع، سڑک کی بندش اور پولیس پر پتھراؤ کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر نمبر 1212/26 کے مطابق جے یو آئی (ف) کے کارکنان نے پیشگی اجازت کے بغیر اجتماع کیا، پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا، سرکاری گاڑیوں کی توڑ پھوڑ اور سرکاری امور میں مداخلت کی، جے یو آئی (ف) کے عناصر نے واقعے کے دوران اسلحے کے زور پر سرکاری اہلکاروں کو فرائض کی انجام دہی سے بھی روکا، ایف آئی آر کے مطابق غیر قانونی اجتماع کے دوران عام شہریوں، مسافروں اور قریبی رہائشی فلیٹس کے مکینوں کی جان و مال بھی خطرے میں ڈالی گئی۔
دریں اثنا انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت اسلام آباد نے دفعہ 7 سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مفتی ابرار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔