کراچی:
این سی سی آئی اے نے پے درپے کارروائیوں کے ذریعے آن لائن جوئے اور بیٹنگ ایپس کا بڑا گٹھ جوڑ بے نقاب کردیا، آن لائن جوئے اور سٹے کے ذریعے 240 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز سامنے آئیں، 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ایک اور کارروائی میں ٹیٹو ہیکر کو گرفتار کیا گیا، ملزم ڈارک ویب کے ذریعے دنیا بھر کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اہلکاروں کا خفیہ ڈیٹا چوری کرکے فروخت کرنے میں ملوث تھا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ آن لائن جوئے اور بیٹنگ ایپس کے خلاف تین ماہ تک تحقیقات کی گئیں۔ تحقیقات میں ایکس 777، میل بیٹ اور ون ایکس بیٹ سمیت متعدد بیٹنگ ایپس کے ذریعے بڑے پیمانے پرمالیاتی لین دین کا انکشاف ہوا، آن لائن جوئے میں ملوث 38 بینک اکاؤنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ 38 کمپنیوں کے کردار کےمتعلق بھی تحقیقات جاری ہیں، بیٹنگ ایپس ابتدا میں صارفین کو منافع دے کر جوئے کی طرف راغب کرتی ہیں اور بعد ازاں صارفین کی رقوم مسلسل اس کاروبار میں گردش کرتی رہتی ہیں، صارفین جاز کیش اور ایزی پیسہ اکاؤنٹس کے ذریعے بھی رقم منتقل کرتے ہیں جبکہ جوئے سے حاصل ہونے والی رقم کا 60 سے 65 فیصد دوبارہ بیٹنگ ایپس میں لگایا جاتا ہے۔
شہزاد اکبر نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ میں 6 ارب 15 کروڑ روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز کی نشاندہی کی گئی تھی، تاہم این سی سی آئی اے کی جاری تحقیقات میں مشکوک اکاؤنٹس میں آنے والی مجموعی رقم 240 ارب روپے تک پہنچ گئی، تحقیقات کے مطابق آن لائن جوئے کے نیٹ ورک کی مجموعی مالیاتی سرگرمیاں ایک ہزار ارب روپے تک ہونے کا خدشہ ہے، کارروائی کے دوران ایک ارب روپے مالیت کی رقم اوراثاثے منجمد کیے گئے ہیں،کارروائی کے دوران گرفتار ملزم کے قبضے سے 73 لاکھ روپے نقد بھی برآمد ہوئے، نیٹ ورک سے منسلک دو بینک اکاؤنٹس منجمد کیے گئے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ جوئے کی رقم کی منتقلی کے لیے مختلف کاروباری سرگرمیوں کے نام پر بینک اکاؤنٹس کھولے جاتے تھے، ڈیری، ویب ڈیزائننگ اور دیگر کاروباروں کی آڑ میں اکاؤنٹس کھول کر ان کے ذریعے اربوں روپے کی ٹرانزیکشنز کی جاتی تھیں، بے نامی اکاؤنٹس کے مالکان کو ماہانہ معاوضہ دے کر ان کے اکاؤنٹس استعمال کیے جاتے تھے، ایک شخص کے نام پر کھولے گئے تین بینک اکاؤنٹس میں 18 ماہ کے دوران 2 ارب روپے منتقل ہوئے، فیصل بینک، یو بی ایل اور حبیب میٹرو کے اکاؤنٹس بھی مبینہ طور پر جوئے کی رقم کی منتقلی کے لیے استعمال ہوئے، مبینہ طور پر سہولت کاری کرنے والے بینک منیجرز کو بھی ایف آئی آر میں شامل کیا گیا ہے جبکہ بینک اکاؤنٹس کھولنے میں ملوث عملے کے خلاف بھی کارروائی اور گرفتاریوں کا عندیہ دیا گیا ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے کے مطابق آن لائن جوئے کے نیٹ ورک کے اصل بینیفیشری مالکان کو کارروائی میں نشانہ بنایا گیا ہے اور تحقیقات کا دائرہ کراچی سے دیگر شہروں اور بین الاقوامی روابط تک بڑھا دیا گیا ہے، بیٹنگ ایپس تیار کرنے والی متعدد کمپنیاں چینی ہیں اور اس نیٹ ورک کے مالیاتی معاملات کی مزید چھان بین کی جارہی ہے۔
خفیہ اداروں کا ڈیٹا چرا کر بیچنے والا منظور کالونی سے گرفتار
این سی سی آئی اے نے ایک اور اہم کارروائی میں ڈارک ویب کے ذریعے دنیا بھر کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اہلکاروں کا خفیہ ڈیٹا چوری کرکے فروخت کرنے والے پاکستانی نوجوان کو بھی گرفتار کرلیا، بین الاقوامی ایجنسی کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو منظور کالونی کے قریب سے گرفتار کیا گیا، متعلقہ بین الاقوامی ایجنسی 2023 سے ملزم کی سرگرمیوں پرنظر رکھے ہوئے تھی، ملزم مختلف ممالک کے انٹیلی جنس اہلکاروں کی اصل شناخت، کوڈ نام اور خفیہ معلومات ڈارک ویب کے ذریعے فروخت کررہا تھا، ان کے مطابق گرفتار ملزم ٹیلی گرام پر گوتھم کے نام سے اکاؤنٹ چلا رہا تھا اور ڈارک ویب سے حاصل کردہ ڈیٹا مختلف ذرائع کو فروخت کرتا تھا، ملزم فوڈ ڈیلیوری کا کام بھی کرتا تھا، اس کی شناخت آئی پی ایڈریسزکی مدد سے کی گئی،اس کے جسم پر موجود مختلف ٹیٹوز اور سائبر جرائم سے متعلق دیگر تفصیلات بھی تحقیقات کا حصہ ہیں، حکام کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے بین الاقوامی ایجنسی تین سال سے کوشش کررہی تھی۔
ڈبہ اسکیم چلانے والے نیٹ ورک کو ڈائلر سافٹ ویئر تیار کرکے دینے والا گرفتار
این سی سی آئی اے کی ایک اور کارروائی میں ڈبہ اسکیم چلانے والے نیٹ ورک کو ڈائلر سافٹ ویئر تیار کرکے فراہم کرنے والے ملزم کو گرفتارکرلیا گیا۔ شہزاد اکبر نے بتایا کہ گرفتار ملزم دانیال ڈائلر سافٹ ویئر کی تیاری اور خریداری کے علاوہ مختلف کال سینٹرز کو بھی یہ سافٹ ویئر فراہم کرتا تھا، ڈبہ اسکیم کے نیٹ ورک میں استعمال ہونے والے ڈائلرسسٹم کی تیاری اور فراہمی میں ملوث ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
جامعات میں منشیات فراہم کرنے والے گرفتار
شہزاد اکبر نے دوران پریس کانفرنس بتایا کہ کراچی کی مختلف جامعات اور تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والے نیٹ ورک کے خلاف ایکشن کے دوران یونیورسٹیوں اور کالجز میں منشیات فراہم کرنے والے نیٹ ورک کے دو ملزمان حسام الدین اور مرکزی سپلائر سید افتخار کو گرفتار کرلیا گیا ہے، تحقیقات میں انڈس یونیورسٹی، جامعہ کراچی اور اردو سائنس کالج سمیت مختلف تعلیمی اداروں میں منشیات کی سپلائی میں ملوث تھے۔
انھوں نے بتایا کہ منشیات کی فروخت کے لیے واٹس ایپ چینل بنایا گیا تھا جس کے ذریعے طلبہ سے آرڈر وصول کرکے انہیں مختلف اقسام کی منشیات فراہم کی جاتی تھیں، منشیات کی اقسام کے لیے خفیہ ناموں پر مشتمل مینیو بھی تیار کیا گیا تھا، منشیات سپلائی کرنے والے ملزمان میں سے ایک فوڈ ڈیلیوری رائیڈر کا روپ دھار کر یونیورسٹیوں میں داخل ہوتا تھا اور کھانے کے ڈبوں میں ایلومینیم فوائل کے اندر منشیات چھپا کرطلبہ تک پہنچاتا تھا۔
شہزاد اکبر کے مطابق ڈی ایچ اے کی پوش رہائشی آبادیوں میں بھی منشیات کی سپلائی کا انکشاف ہوا ہے جبکہ بعض سپلائرز کے روابط ایران تک ہونے کی تحقیقات کی جارہی ہیں، بیبرگ، زبیر اور ایان نامی مبینہ منشیات سپلائرز کے حوالے سے بھی تفتیش جاری ہے، گرفتار ملزمان کے نیٹ ورک کے ذریعے کینابس، ویڈ سمیت مختلف اقسام کی منشیات سپلائی کی جارہی تھیں۔
آن لائن جنسی استحصال: تین بچوں کو بچالیا گیا، والدین کے حوالے
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے شہزاد اکبرنے بتایا کہ ایک دیگر کارروائی کے دوران آن لائن جنسی استحصال کے ممکنہ خطرے سے دو کم عمر بچیوں اور ایک بچے کو بھی بازیاب کرالیا، بازیاب دونوں بچیوں کی عمریں 13، 13 سال جبکہ لڑکے کی عمر 15 سال ہے، تینوں بچوں کو والدین کی تحویل میں دے دیا گیا ہے،تحقیقات کے مطابق کم عمر لڑکا اسنیپ چیٹ پر مختلف اکاؤنٹس کے ذریعے اپنے خیالات اور جنسی خواہشات کا اظہار کرتا تھا، جبکہ اس کے ساتھ رابطے میں موجود افراد کم عمر بچیوں کی ویڈیوز طلب کررہے تھے۔
انھوں نے بتایا کہ کم عمر بچیوں کے آن لائن استحصال کا خدشہ سامنے آنے پر فوری طور پر ان کے والدین کو آگاہ کیا گیا، این سی سی آئی اے نے شواہد والدین کے سامنے رکھے اور تینوں بچوں کو محفوظ تحویل میں پہنچایا، بچوں کے آن لائن استحصال اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ممکنہ نیٹ ورکس کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں۔