کراچی: لانڈھی میں گھر کے اندر فائرنگ، خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق

جاں بحق افراد میں میاں بیوی اور خاتون کا بھائی شامل ہیں، ترجمان ایدھی


ساجد رؤف November 20, 2026

کراچی:

لانڈھی اولڈ مظفر آباد کے قریب گھر میں فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ترجمان ایدھی کے مطابق جاں بحق افراد میں میاں بیوی اور خاتون کا بھائی شامل ہیں، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کرلیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شوہر نے بیوی اور سالے کو گولی مارنے کے بعد خود کشی کی، جاں بحق خاتون نے خلع کے لئے عدالت سے رجوع کیا ہوا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ جوڑے کی شادی 15 سال قبل ہوئی تھی اور کچھ دنوں سے علحیدگی تھی، خاتون اپنے والدین کے گھر مظفر آباد کالونی میں رہائش پذیر تھی۔

پولیس حکام کے مطابق شوہر کی رہائش شاہ لطیف ٹائون میں تھی، صبح شوہر اپنے سسرال پہنچا اور بیوی اور سالے پر فائرنگ کردی، لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

قائد آباد پولیس کے مطابق ناصر احمد ولد مقبول احمد نے فائرنگ کرکے اپنے سالے محمد احسن ولد محمد عارف اور اپنی بیوی مسماۃ اسماء زوجہ ناصر احمد کو قتل کر دیا، جبکہ بعد ازاں ملزم ناصر احمد نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی، موقع سے ایک عدد پستول برآمد ہوا ہے۔