شوگر، سیمنٹ، ٹیکسٹائل، مشروبات، تمباکو سیکٹر میں انڈر انوائسنگ، قومی خزانے کو کھربوں کا نقصان

ان صنعتوں میں بہت سے مینوفیکچررز منظم طریقے سے اپنی اصل پیداوار کو کم دکھا رہے ہیں


خصوصی رپورٹر November 20, 2026

اسلام آباد:

پاکستان میں غیر قانونی اور غیر دستاویزی تجارت کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو مسلسل نقصان پہنچانے کا انکشاف ہوا ہے جن میں سیمنٹ، ٹیکسٹائل، شوگر، مشروبات اور تمباکو سیکٹر نمایاں ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان غیر قانونی اور غیر دستاویزی مینوفیکچرنگ کی وجہ سے بھاری قومی خزانے سے محروم ہو رہا ہے، متوازی معیشت نہ صرف جائز کاروباروں کو نقصان پہنچا رہی ہے بلکہ ملک کی مالیاتی گنجائش کو بھی محدود کر رہی ہے۔

اہم صنعتوں میں انڈر انوائسنگ، چھپی ہوئی پیداوار اور بغیر ٹیکس فروخت نے طویل عرصے سے غیر مساوی مقابلے کا میدان پیدا کر رکھا ہے، جس سے قومی معیشت کو ہر سال کھربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے یہ مسئلہ خاص طور پر شوگر، سیمنٹ، ٹیکسٹائل، مشروبات اور تمباکو کے شعبوں میں نمایاں ہے۔

ان صنعتوں میں بہت سے مینوفیکچررز منظم طریقے سے اپنی اصل پیداوار کو کم دکھا رہے تھے، جس سے نہ صرف حکومت کی آمدنی کم ہوئی بلکہ قوانین کی مکمل پابندی کرنے والی کمپنیاں بھی مقابلے میں پیچھے رہ گئیں۔

اس چیلنج پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے ایک حالیہ تقریب میں بتایا کہ بڑے مینوفیکچررز صارفین سے سیلز ٹیکس وصول کر رہے تھے، لیکن انڈر انوائسنگ کرکے اور اپنی مکمل پیداوار کی صلاحیت ظاہر نہ کر کے ٹیکس چوری کر رہے تھے۔

انہوں نے شوگر کی صنعت کو منظم نگرانی کے کامیاب نتائج کی مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہر شوگر مل کی پیداوار یونٹ پر کیمرا نصب ہے جو بتاتا ہے کہ کتنے تھیلوں کی پیداوار ہو رہی ہے اور تھیلوں پر کیو آر کوڈ لگا ہے جو ظاہر کرتا ہے کہ وہ کہاں جا رہے ہیں اور کہاں فروخت ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی مداخلت کی بدولت محض ایک سال میں شوگر کی صنعت سے اضافی 60 ارب روپے سیلز ٹیکس وصول ہوا، اب یہی نظام سیمنٹ، ٹیکسٹائل اور مشروبات کی صنعتوں تک پھیلایا جا رہا ہے، تمباکو کا شعبہ اس مسئلے کی اور بھی سنگین تصویر پیش کرتا ہے، برسوں تک صنعت کا ایک بڑا حصہ باضابطہ نظام سے باہر رہا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ تمباکو کا ایک باضابطہ شعبہ ہے جو سالانہ 150 سے 200 ارب روپے ٹیکس ادا کر رہا ہے اس کے مقابلے میں ایک غیر دستاویزی شعبہ بھی موجود ہے جس کے چھپے ہوئے کارخانے ہیں، جو خود تمباکو کاشت کرتے ہیں، سگریٹ بناتے ہیں اور فروخت کرتے ہیں۔ اب یہ سب ٹیکس کے دائرے میں لایا جا چکا ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ  اس سلسلے میں ایسے آپریشنز کیے گئے ہیں کہ آپ حیران رہ جائیں گے، صنعتی حلقوں کے مطابق صرف غیر دستاویزی تمباکو کی تجارت ہی قومی معیشت کو سالانہ تقریباً 300 ارب روپے کے محصول کے نقصان کا سبب بن رہی ہے۔

اس حوالے سے اقتصادی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ چھپی ہوئی پیداوار کو باضابطہ معیشت میں لانے سے ٹیکس کی بنیاد وسیع ہوتی ہے، منصفانہ مقابلہ بحال ہوتا ہے اور عام شہریوں پر کوئی اضافی بوجھ ڈالے بغیر ملک کی مالیاتی گنجائش مضبوط ہوتی ہے، جب انڈر انوائسنگ اور متوازی مینوفیکچرنگ کو منظم طریقے سے نمٹا جاتا ہے تو فوائد نہ صرف قابلِ پیمائش ہوتے ہیں بلکہ پائیدار بھی بن جاتے ہیں۔