شہر قائد میں نیشنل ہائی وے پر نامعلوم مسلح ملزمان دودھ کے تاجر سے 45 لاکھ روپے نقدی رقم اور تاجر کا اسلحہ چھین کر فرار ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق متاثرہ تاجر چوہدری محمد اشفاق گجر نے بتایا کہ ملزمان نے 45 لاکھ روپے نقدی اور لائسنس یافتہ اسلحہ چھینا اور فرار ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ڈیری اینڈ کیٹل فارمر ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر موقع پر پہنچ گئے۔
ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن پاکستان (DCFA Pakistan) کے مرکزی صدر شاکر عمر گجر نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
شاکر عمر گجر نے آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی، متعلقہ ڈی آئی جی اور ایس ایس پی ملیر سے فوری نوٹس لینے اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری محمد اشفاق گجر بھینس کالونی کے بڑے ڈیری فارمرز میں شمار ہوتے ہیں اور دودھ کی ہول سیل تجارت سے بھی وابستہ ہیں۔ ان سے 45 لاکھ روپے کی ڈکیتی پورے ڈیری اور لائیو اسٹاک سیکٹر کے لیے انتہائی تشویش کا باعث ہے۔
شاکر عمر گجر کا کہنا تھا کہ ڈیری فارمرز اور دودھ کے ہول سیلرز روزانہ لاکھوں روپے کا مالی لین دین کرتے ہیں، نیشنل ہائی وے جیسے اہم تجارتی راستے پر مسلح ڈکیتی کاروباری افراد کے تحفظ اور امن و امان پر سنگین سوالات پیدا کرتی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری تحقیقات کرکے ملزمان کو گرفتار کیا جائے، لوٹی گئی 45 لاکھ روپے کی رقم اور چھینے گئے اسلحے کی برآمدگی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور جائے وقوعہ کے اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جائے۔
شاکر عمر گجر نے مزید کہا کہ بھینس کالونی، نیشنل ہائی وے اور دودھ کی نقل و حمل کے اہم راستوں پر پولیس گشت اور سیکیورٹی میں اضافہ کیا جائے تاکہ ڈیری فارمرز اور دودھ کے تاجروں کو محفوظ کاروباری ماحول فراہم کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیری فارمرز پاکستان کی غذائی سلامتی اور ملکی معیشت کا اہم ستون ہیں، ان کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔DCFA Pakistan نے چوہدری محمد اشفاق گجر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے فوری انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب ایس ایس پی ملیر عبدالخالق پیرزادہ نے بتایا کہ ڈکیٹی کا واقعہ یشنل ہائی وے شاہ لطیف موڑ کے قریب پیش آیا۔دو موٹر سائیکلوں پر4 مسلح ملزمان 45 لاکھ روپے اور لائسنس یافتہ اسلحہ چھین کر لے گئے۔ بیوپاری منظور کالونی سے بھینس کالونی آیا تھا۔
واردات سے متعلق متاثرین کا بیان قلمبند کرکے پولیس تفتیش کررہی یے ۔پولیس ٹیمز کو گرفتاری کا ٹاسک دے دیا گیا یے ۔شبہ ہے کہ ملزموں نے بیوپاری کی ریکی کررکھی تھی۔