جوش ہیزل ووڈ نے پیٹ کمنز کو کپتانی سے ہٹانے پر ٹیم چھوڑنے کا عندیہ دے دیا

ہیزل ووڈ کا کہنا تھا کہ انہیں سینڈ پیپر کے استعمال یا گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے منصوبے کا کوئی علم نہیں تھا


اسپورٹس ڈیسک November 21, 2026

آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے بال ٹیمپرنگ تنازع میں کپتان پیٹ کمنز کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر انہیں کپتانی سے ہٹایا گیا تو وہ خود بھی ٹیم میں اپنے مستقبل پر نظرثانی کر سکتے ہیں۔

نیوز کارپ کو دیے گئے انٹرویو میں ہیزل ووڈ نے 2018 کے دورہ جنوبی افریقا کے دوران پیش آنے والے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق اپنے مؤقف کا اعادہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں سینڈ پیپر کے استعمال یا گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے منصوبے کا کوئی علم نہیں تھا۔

ہیزل ووڈ نے کہا کہ گزشتہ چند روز سے مختلف افراد کی جانب سے کمنز کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے تاہم وہ اپنے کپتان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ان کے مطابق کمنز نے گزشتہ پانچ سے چھ برسوں میں ٹیم کو بہترین انداز میں متحد کیا اور اس بات کو یقینی بنایا کہ ماضی جیسا واقعہ دوبارہ پیش نہ آئے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پہلے ٹیسٹ میں کمنز کپتان نہ ہوئے تو ان کے لیے صورتحال قابل قبول ہونا مشکل ہوگا اور وہ خود بھی اپنے مستقبل کے بارے میں سوچنے پر مجبور ہوں گے۔

بال ٹیمپرنگ تنازع پر بات کرتے ہوئے ہیزل ووڈ نے کیمرون بینکرافٹ کے حالیہ بیان میں بعض تضادات کی نشاندہی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے فوراً بعد ہونے والی پوچھ گچھ میں انہوں نے اپنا مؤقف واضح کر دیا تھا اور انہیں اس بات کا یقین ہے کہ وہ کسی منصوبے کا حصہ نہیں تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بینکرافٹ نے کہیں واضح طور پر یہ نہیں کہا کہ اس نے سینڈ پیپر استعمال کرنے کے بارے میں بولرز کو بتایا تھا۔

ہیزل ووڈ نے اس دوران اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور بینکرافٹ پر عائد پابندیوں کو بھی غیر معمولی قرار دیتے ہوئے بینکرافٹ کے لیے ہمدردی کا اظہار کیا۔