فائرنگ سے شہری کی ٹانگ ضائع کرنے پر مجرم کو 10 سال قیدِ بامشقت کا حکم

ایڈیشنل سیشنز جج محمد جمیل نے مجرم کو ایک لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا


یاسر علی November 21, 2026
فوٹو: فائل

پشاور:

پشاور کی سیشن کورٹ نے فائرنگ سے شہری کی ٹانگ ضائع کرنے کے مقدمے میں ملزم حضرت عمر کو مجموعی طور پر 10 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی۔

ایڈیشنل سیشنز جج محمد جمیل نے مجرم کو ایک لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا۔ عدالت نے مجرم حضرت عمر کو نصف دیت کے برابر ارش بھی 3 سال میں 12 مساوی اقساط میں ادا کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے اقدامِ قتل کے جرم میں ملزم حضرت عمر کو 7 سال قید بامشقت اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی، جبکہ شہری کی دائیں ٹانگ ضائع کرنے کے جرم میں مجرم کو مزید 3 سال قید بامشقت کی سزا دی گئی۔

سزا سنائے جانے کے بعد مجرم حضرت عمر کو سینٹرل جیل پشاور منتقل کر دیا گیا۔

وکیل مدعی مقدمہ اسد خان شہزادہ یوسفزئی کے مطابق ملزم نے مستورات کے تنازع پر فائرنگ کرکے مدعی کو ٹانگ پر گولی ماری تھی۔ مدعی کی ٹانگ زخمی ہونے کے بعد ضائع ہوگئی تھی، جس کے باعث اسے کاٹ دیا گیا۔

مدعی مقدمہ کے مطابق واقعہ اکتوبر 2024 میں تھانہ آغا میرجانی شاہ کی حدود میں پیش آیا تھا۔