دیر سے کھانے اور سونے والے افراد میں میٹابولک بیماریوں کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے، تحقیق

ماہرین کے مطابق صحت مند زندگی کے لیے متوازن غذا کے ساتھ کھانے اور سونے کے اوقات کو بھی باقاعدہ رکھنا ضروری ہے


ویب ڈیسک November 22, 2026

ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ رات دیر سے کھانے اور سونے کی عادت رکھنے والے افراد میں میٹابولک سنڈروم کا خطرہ زیادہ ہو سکتا ہے، خصوصاً موٹاپے کا شکار افراد اس سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔

امریکی شہر ہیوسٹن میں واقع یو ٹی ہیلتھ ہیوسٹن کے محققین کے مطابق موٹاپے کا شکار وہ افراد جو رات دیر تک جاگتے اور دیر سے کھانا کھاتے ہیں، ان میں میٹابولک سنڈروم سے وابستہ علامات ظاہر ہونے کے امکانات نمایاں طور پر زیادہ ہوتے ہیں۔

محققین کا کہنا ہے کہ جسم کی قدرتی حیاتیاتی گھڑی (جسے سرکیڈین ردھم کہا جاتا ہے) اور روزمرہ معمولات کے درمیان عدم مطابقت بیماریوں کے خطرے میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔

تحقیق کے مطابق سونے اور کھانے کے اوقات میں بے قاعدگی آنتوں میں موجود مفید بیکٹیریا کے نظام کو متاثر کر سکتی ہے جس کے نتیجے میں جسم کے میٹابولزم پر منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔

میک گوورن میڈیکل اسکول کے شعبہ معدہ و آنت کے تحقیقی مرکز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فراز بیشہساری کا کہنا تھا کہ ماہرین طویل عرصے سے میٹابولک صحت کے لیے خوراک کی اہمیت کو تسلیم کرتے آئے ہیں لیکن اب یہ بات بھی سامنے آ رہی ہے کہ ہم کس وقت کھانا کھاتے ہیں، یہ بھی صحت کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔

ماہرین کے مطابق صحت مند زندگی کے لیے متوازن غذا کے ساتھ کھانے اور سونے کے اوقات کو بھی باقاعدہ رکھنا ضروری ہے۔