امریکی اداکار، ریپر اور ٹی وی میزبان نک کینن کو لوپس کے مرض کے دوران طبیعت خراب ہونے پر اسپتال میں داخل کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی اسپتال میں موجودگی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے دعاؤں اور تعاون کی درخواست کی ہے۔
بل بورڈ کی رپورٹ کے مطابق نک کینن نے انسٹاگرام پر اسپتال کے بستر پر لیٹے ہوئے اپنی تصویر پوسٹ کی، جس میں وہ حفاظتی ماسک پہنے طبی معائنے سے گزر رہے ہیں۔ اس پوسٹ کے ساتھ انہوں نے ڈونی ہیتھ وے کا گانا ’اے سانگ فار یو‘ بھی شامل کیا۔
اداکار نے تصویر کے ساتھ ’لوپس وارئیر‘ کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ یہ صورت حال انسان کو بہت زیادہ تھکا سکتی ہے، اس لیے سب ان کے لیے دعا کریں۔
46 سالہ نک کینن نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں بظاہر انہیں سی ٹی اسکین کے لیے تیار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو میں ایک طبی اہلکار کو ان سے یہ پوچھتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ کیا وہ پہلے بھی سی ٹی اسکین کروا چکے ہیں۔
نک کینن میں 2012 میں لوپس کی تشخیص ہوئی تھی۔ میو کلینک کے مطابق لوپس ایک خودکار مدافعتی بیماری ہے، جس میں جسم کا مدافعتی نظام غلطی سے اپنے ہی صحت مند خلیوں، بافتوں اور اعضا پر حملہ کرنے لگتا ہے۔ اس بیماری کے نتیجے میں جسم کے مختلف حصوں میں سوزش پیدا ہوسکتی ہے، جن میں جوڑ، جلد، گردے، خون کے خلیے، دماغ، دل اور پھیپھڑے شامل ہیں۔
طبی مسائل کے باوجود نک کینن اپنی پیشہ ورانہ سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وہ اپنے پروگرام ’وائلڈ این آؤٹ لائیو: دی نیکسٹ جنریشن‘ کے دورے کے سلسلے میں مختلف شہروں کا سفر کررہے تھے۔ اس ٹور کا اگلا شو ہفتہ 21 نومبر کو ہیوسٹن کے ٹویوٹا سینٹر میں شیڈول ہے، تاہم اسپتال میں داخلے کے بعد ان کی اس پروگرام میں شرکت کے حوالے سے صورت حال واضح نہیں۔
نک کینن نے ستمبر میں اعلان کیا تھا کہ نیٹ فلکس کے لیے ان کی خاندانی زندگی پر مبنی ایک دستاویزی سیریز تیار کی جارہی ہے، جسے رواں موسم سرما میں ریلیز کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ لوگ کافی عرصے سے ان کے طرز زندگی میں دلچسپی لیتے آئے ہیں، اس لیے وہ دوسروں کو قیاس آرائیاں کرنے دینے کے بجائے خود اپنی زندگی کی تفصیلات سامنے لانا چاہتے ہیں۔
12 بچوں کے والد نک کینن اس سیریز میں اپنے خاندان اور ذاتی زندگی کے مختلف پہلو ناظرین کے سامنے پیش کریں گے۔