2026 میں پاکستان کے 8 مقبول ترین ڈرامے، عالمی ناظرین کی توجہ کا مرکز

2026 پاکستانی ڈراموں کے لیے خاصا سرگرم رہا، کئی ڈراموں نے بہترین ٹی آر پی اور عالمی ناظرین کی توجہ حاصل کی


ویب ڈیسک November 21, 2026

2026 پاکستانی ڈراموں کے لیے خاصا سرگرم رہا۔ اس دوران محبت، خاندانی مسائل، سائبر کرائم، عدالتی جدوجہد اور قبائلی تنازعات پر مبنی متعدد کہانیاں ناظرین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

8 ڈرامے خاص طور پر زیر بحث رہے، جن میں سے سات اپنی آخری قسط تک پہنچ چکے ہیں، جبکہ 21 نومبر 2026 تک عمیرہ احمد کا تحریر کردہ ڈراما ’درِ نجات‘ نشر ہورہا ہے۔

میری زندگی ہے تو

ہانیہ عامر نے ڈاکٹر آئرہ اور بلال عباس خان نے کامیار کا کردار ادا کیا۔ یہ پہلی مرتبہ تھا کہ دونوں اداکار ایک ساتھ اسکرین پر نظر آئے اور پہلے ہی ایپی سوڈ کے بعد ان کی جوڑی ناظرین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ بلال عباس کی انٹری سائبر ٹرک اور منفرد انداز کے ساتھ ہوئی، جس کے بعد تقریباً چار ماہ تک ناظرین کرداروں اور کہانی کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کرتے رہے۔

رادین شاہ کے تحریر کردہ اور مصدق ملک کی ہدایت کاری میں بننے والے اس ڈرامے کو کہانی کے حوالے سے تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا، لیکن اس کے باوجود یہ مسلسل زیر بحث رہا۔ مرکزی اداکاروں کی کیمسٹری اس کی مقبولیت کی اہم وجوہات میں شامل رہی۔

کیس نمبر 9

نجی نیوز چینل کے اینکر شاہ زیب خانزادہ نے پہلی مرتبہ کسی ڈرامے کا اسکرپٹ تحریر کیا۔ ’کیس نمبر 9‘ میں زیادتی اور انصاف کے حصول کے موضوع کو عدالتی کارروائی کے تناظر میں پیش کیا گیا، جس نے ناظرین میں خاصی بحث چھیڑی۔

صبا قمر نے سحر معظم نامی کری ایٹو ڈائریکٹر کا کردار ادا کیا، جسے اس کا امیر باس کامران، جس کا کردار فیصل قریشی نے نبھایا، جنسی زیادتی کا نشانہ بناتا ہے۔ ڈرامے کے اختتام پر سحر کو مقدمے میں فیصلہ مل جاتا ہے۔ اس کی آخری قسط نشر ہونے سے پہلے جیو نیوز نے اپنے نیوز چینل پر اس موضوع پر خصوصی گفتگو بھی نشر کی، جس نے ڈرامے کی اہمیت اور اس کے سماجی موضوع کو مزید نمایاں کیا۔

ایک اور پاکیزہ

اس ڈرامے میں سحر خان نے پاکیزہ نامی نوآموز وکیل جبکہ نمیر خان نے انجینئر فراز کا کردار ادا کیا۔ دونوں کو اس وقت ایک سنگین صورت حال کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب انہیں اسلحے کے زور پر فلمایا جاتا ہے اور بعد میں ان کی ویڈیو انٹرنیٹ پر لیک کردی جاتی ہے۔

کہانی سائبر کرائم اور ڈیجیٹل ہراسانی کے ساتھ اس معاشرتی رویے کو بھی سامنے لاتی ہے جس میں متاثرہ افراد کو سہارا دینے کے بجائے خاندان اکثر بدنامی کے خوف سے خاموش رہنے پر مجبور کرتے ہیں۔ ڈرامے میں مرد اور عورت متاثرین کے ساتھ معاشرے کے مختلف رویوں کو بھی موضوع بنایا گیا۔

ڈاکٹر بہو

اس ڈرامے میں کبریٰ خان نے ڈاکٹر ثانیہ کا کردار ادا کیا، جو ایک باصلاحیت اور پرعزم ڈاکٹر ہے، لیکن شادی کے بعد ایسے خاندان کا حصہ بن جاتی ہے جو خود ایک اسپتال چلاتا ہے۔ اس تجربے کے دوران اسے احساس ہوتا ہے کہ میڈیکل کی ڈگری رکھنے کے باوجود سسرال میں بہو کی حیثیت سے درپیش مسائل ختم نہیں ہوتے۔ شجاع اسد نے اس کے شوہر سلمان کا کردار ادا کیا، جس کی شخصیت میں کئی خامیاں دکھائی گئیں۔ اداکار نے ڈرامے کے اختتام پر اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں بھی کردار کی ان خامیوں کا اعتراف کیا تھا۔

یہ 2019 کے بعد ہدایت کارہ مہرین جبار کا پہلا مکمل دورانیے کا ڈراما تھا، جسے صنم مہدی زریاب نے تحریر کیا۔ اس نے ’میری زندگی ہے تو‘ کا جمعہ اور ہفتہ والا نشر ہونے کا وقت حاصل کیا۔ ڈرامے میں صبا حمید کے کردار ڈاکٹر فرحین کی موت کے منظر نے ناظرین کو جذباتی کردیا، جبکہ ہاجرہ یامین نے منہا کے کردار میں کم مکالموں کے باوجود اپنی خاموش اداکاری سے متاثر کیا۔

ہمراہی

نجی ٹی وی چینل نے ’ہمراہی‘ کو سال کی سب سے بڑی محبت کی کہانی قرار دے کر پیش کیا۔ دانش تیمور اور حبا بخاری کی جوڑی ’دیوانگی‘ اور ’جان نثار‘ کے بعد ایک مرتبہ پھر اسکرین پر اکٹھی ہوئی، جسے مداحوں نے بھرپور پذیرائی دی۔ ڈرامے کی پہلی قسط ہی یوٹیوب پر 80 لاکھ سے زیادہ مرتبہ دیکھی گئی۔

دانش تیمور نے ٹوٹے ہوئے مگر بااثر خاندان کے وارث سَیحان غازی کا کردار ادا کیا، جبکہ حبا بخاری دو کرداروں، ایلف اور بعد ازاں الہام، میں نظر آئیں۔ زنجبیل عاصم شاہ کے تحریر کردہ اور بابر جاوید کی ہدایت کاری میں بننے والے اس ڈرامے کو بی جے پروڈکشنز نے پیش کیا۔

’ہمراہی‘ نے آخری قسط سے پہلے ہی یوٹیوب پر 90 کروڑ سے زیادہ ویوز حاصل کرلیے تھے۔ اس کی اختتامی قسط پہلے سینما گھروں میں دکھائی گئی اور اسی رات چینل پر بھی نشر ہوئی۔ تاہم کہانی میں سَیحان کی موت نے مداحوں کو حیران اور افسردہ کردیا۔ وہ ناظرین جنہوں نے خوشگوار اختتام کی امید میں سینما کی نشستیں بک کروائی تھیں، انہیں بالآخر ایک غیر متوقع انجام دیکھنا پڑا۔

زنجیریں

ابتدائی تشہیری پوسٹرز سے تاثر ملتا تھا کہ سجل علی اور عامر گیلانی کی محبت کی کہانی دکھائی جائے گی، لیکن فرحت اشتیاق نے کہانی کو ایک مختلف رخ دیا۔ عامر گیلانی نے مدثر کا کردار ادا کیا، جو رابعہ کا شوہر ہے۔ ایک جنونی تعاقب کرنے والے طورسم کے ہاتھوں مدثر کے قتل کے بعد رابعہ کی زندگی بدل جاتی ہے۔

اس مشکل وقت میں سربلند نامی کردار اس کا سہارا بنتا ہے، جسے گلوکار سے اداکار بننے والے دانیال ظفر نے ادا کیا۔ سجل علی کے ساتھ ان کی اسکرین کیمسٹری ڈرامے کی نمایاں خصوصیت بن گئی اور ناظرین میں خاصی گفتگو کا سبب بنی۔

شہزاد کشمیری کی ہدایت کاری میں بننے والے اس ڈرامے کو مومنہ درید کے ایم ڈی پروڈکشنز نے پیش کیا۔ قبائلی دشمنیوں اور نسل در نسل منتقل ہونے والے صدمات پر مبنی اس کہانی نے ابتدا میں نسبتاً سست رفتار اختیار کی، تاہم بعد میں اس کی مقبولیت اور سوشل میڈیا پر گفتگو میں اضافہ ہوا۔ اگست میں ڈرامے نے یوٹیوب پر ایک ارب ویوز کا سنگ میل بھی عبور کیا۔

بس تیرا ساتھ ہو

مرحومہ سائرہ رضا کے تحریر کردہ اس ڈرامے میں روایتی کہانی کے برعکس مظلوم اور مشکلات کا شکار مرکزی کردار ایک مرد کو بنایا گیا۔ سائرہ رضا اس سے پہلے ’میرے ہمسفر‘ جیسے مقبول ڈرامے بھی لکھ چکی تھیں اور جون 2025 میں انتقال کرگئی تھیں۔

’بس تیرا ساتھ ہو‘ میں فرحان سعید نے انس کا کردار ادا کیا، جو ظلم اور ناانصافی کا سامنا کرتا ہے، جبکہ ثنا جاوید نے انسا کا کردار نبھایا۔ انسا کی زندگی اس وقت مشکلات کا شکار ہوجاتی ہے جب اس کی مصنوعی ذہانت کے ذریعے تبدیل کی گئی ویڈیو پھیلادی جاتی ہے۔ وہ انس سے شادی کرتی ہے اور بعد میں اسی کی کوششوں سے اسے جیل سے رہائی دلانے میں مدد ملتی ہے۔

یہ فرحان سعید اور ثنا جاوید کی پہلی مشترکہ اداکاری تھی۔ ڈرامے میں ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کو بھی موضوع بنایا گیا، جب انس کا انتقام لینے والا کزن جوڑے کی جعلی ویڈیو پھیلا دیتا ہے۔ قاسم علی مرید کی ہدایت کاری میں بننے والے اس ڈرامے میں فرحان سعید کی دوبارہ صبا حمید کے ساتھ جوڑی بنی، جو اس سے پہلے ’میرے ہمسفر‘ میں بھی ان کے ساتھ کام کرچکی ہیں۔

درِ نجات

عمیرہ احمد کا تحریر کردہ ڈراما ’درِ نجات‘ بھی 2026 کے نمایاں ڈراموں میں شامل ہے۔ اس میں درفشاں سلیم نے زریاب کا کردار ادا کیا ہے، جسے اس کا دیرینہ منگیتر زمیل دھوکا دیتا ہے۔ نعیمیر خان نے زمیل کا کردار ادا کیا، جس کی شخصیت ناظرین میں ناپسندیدگی کا باعث بنی۔ دوسری جانب شہریار منور نے ابوبکر کا کردار ادا کیا، جو طویل عرصے سے زریاب سے خاموش محبت کرتا ہے۔

ڈرامے کی کہانی میں یہ سوال بھی بحث کا موضوع بنا کہ کیا زریاب کو اپنے دکھوں سے نکلنے کے لیے لازماً ابوبکر جیسے کسی شخص کی ضرورت ہے؟ اس معاملے پر ناظرین کے ساتھ ساتھ درفشاں سلیم نے بھی اپنی رائے کا اظہار کیا۔

یہ تھری انٹرٹینمنٹ کا پہلا ڈراما ہے، جو شہریار منور نے اے آر وائی کے سلمان اقبال اور سونیا خان کے ساتھ مل کر قائم کیا۔ اے آر وائی کے مطابق صرف 23 اقساط میں ڈرامے کو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مجموعی طور پر ایک ارب 70 کروڑ سے زیادہ مرتبہ دیکھا جاچکا تھا۔ پروڈیوسر نے اس کی ٹی آر پی 16.5 بتائی، جبکہ ڈرامے کا او ایس ٹی ’الوداع الوداع‘ اسپاٹی فائی پاکستان کی او ایس ٹی پلے لسٹ میں سرفہرست رہا۔

ثاقب خان کی ہدایت کاری میں بننے والے اس ڈرامے نے ’ڈاکٹر بہو‘ کی جگہ حاصل کی اور 21 نومبر 2026 تک نشر ہورہا ہے۔