سوشل میڈیا پر شہرت حاصل کرنے والی 9 سالہ دریائی گھوڑی فیونا کی موت کی وجہ ایک سردیوں کی ٹوپی بنی جو غلطی سے اس کے پنجرے میں جاگری اور اس نے نگل لی تھی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فیونا گزشتہ ہفتے ایک وزیٹر کی ٹوپی نگلنے کے بعد بیمار ہوگئی تھی۔ چڑیا گھر کے عملے نے اسے بچانے کے لیے کئی روز تک مسلسل طبی نگرانی میں رکھا اور مختلف طریقہ علاج بھی آزمائے تاہم تمام کوششیں ناکام رہیں۔
چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق پوسٹ مارٹم سے معلوم ہوا کہ ٹوپی فیونا کی چھوٹی آنت کے درمیانی حصے میں پھنس گئی تھی۔ اس کی جگہ اور جسمانی ساخت کے باعث آپریشن کے ذریعے ٹوپی نکالنا ممکن نہیں تھا۔
ویٹرنری ڈاکٹروں نے ادویات، کولونواسکوپی اور خصوصی وائبریشن پلیٹ کے ذریعے ٹوپی کو نظام ہاضمہ سے گزارنے کی کوشش بھی کی لیکن فیونا کی حالت بہتر نہ ہوسکی۔
فیونا جنوری 2017 میں مقررہ وقت سے چھ ہفتے قبل پیدا ہوئی تھی اور پیدائش کے وقت اس کا وزن صرف 13 کلوگرام تھا، جو عام وزن سے نصف سے بھی کم تھا۔
ابتدائی دنوں میں اس کے زندہ رہنے کے امکانات انتہائی کم تھے تاہم چڑیا گھر کے عملے کی مسلسل دیکھ بھال نے اسے صحت مند بنا دیا۔
اس کی نشوونما اور روزمرہ سرگرمیوں کی ویڈیوز دنیا بھر میں مقبول ہوئیں اور وہ بچوں کی کتابوں کا موضوع بھی بنی۔
میئر آفتاب پیوروال نے فیونا کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہر کے لیے خوشی اور ثابت قدمی کی علامت تھی اور اس نے دنیا بھر کے لاکھوں لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیریں۔