اسریٰ عائشہ کا شوہروں کےلیے مشورہ، رزق میں برکت کا طریقہ بتادیا

اسریٰ عائشہ اور زیب خان کی ملاقات ’تماشا 5‘ کے دوران ہوئی تھی، جس کے فوراً بعد انھوں نے شادی کرلی


ویب ڈیسک November 22, 2026

ریئلٹی شو ’تماشا‘ کے پانچویں سیزن سے مقبول ہونے والی اسریٰ عائشہ اور زیب خان نے شادی کے بعد بھی اپنی سرگرمیوں کے ذریعے مداحوں کی توجہ برقرار رکھی ہوئی ہے۔

حال ہی میں خریداری کے دوران اسریٰ نے شوہروں کو مشورہ دیا کہ انہیں اپنی بیویوں پر خوش دلی سے خرچ کرنا چاہیے، کیونکہ اس سے رزق میں برکت آتی ہے۔

اسریٰ عائشہ اور زیب خان کی ملاقات ’تماشا 5‘ کے دوران ہوئی تھی۔ شو میں دونوں کی دوستی اور قربت کو ناظرین نے محسوس کیا، تاہم پروگرام کے اختتام کے کچھ ہی عرصے بعد دونوں نے نکاح کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا۔ انہوں نے قریبی دوستوں اور اہل خانہ کی موجودگی میں سادہ تقریب کے دوران شادی کی تھی۔

شادی کے بعد یہ جوڑا مختلف ٹی وی پروگراموں میں شرکت کے ساتھ یوٹیوب پر وی لاگز بھی بناتا ہے۔ حالیہ ویڈیو میں دونوں خریداری کے لیے بازار گئے ہوئے تھے۔ زیب خان نے بتایا کہ جب بھی وہ دونوں مارکیٹ جاتے ہیں تو خریداری کا زیادہ حصہ اسریٰ کے لیے ہی نکل آتا ہے۔ اس مرتبہ بھی وہ اپنے لیے لاکٹ لینے گئے تھے، لیکن اسریٰ نے کئی دوسری چیزیں خرید لیں۔

اس موقع پر اسریٰ عائشہ نے ہنستے ہوئے شوہروں کے لیے اپنا مشورہ دیا کہ وہ اپنی بیویوں پر خرچ کرنے میں بخل نہ کریں، کیونکہ اللہ تعالیٰ انہیں مزید رزق عطا کرے گا۔ ان کی اس بات پر سوشل میڈیا صارفین کی توجہ مرکوز ہوگئی۔