پختونخوا میں ترقی کا نیا دور؛ 160 ارب کے ترقیاتی پیکیج سے ابتدائی 10 ارب روپے جاری

دستاویزات کے مطابق منصوبے کے تحت صوبے کے مختلف اضلاع میں سیکڑوں ترقیاتی اسکیمیں مکمل کی جائیں گی


احتشام بشیر November 22, 2026

اسلام آباد:

وزیراعظم شہباز شریف کے اعلان کردہ خیبرپختونخوا کے 160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں دستیاب دستاویزات کے حوالے  سے بتایا گیا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں خیبر پختونخوا کی نئی حکومت کو 10 ارب روپے جاری کردیے گئے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت صوبے کے مختلف اضلاع میں سیکڑوں ترقیاتی اسکیمیں مکمل کی جائیں گی۔

دستیاب دستاویزات کے مطابق پیکیج میں خیبرپختونخوا کے 12 مخصوص اضلاع کے لیے 96 ارب 97 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ باقی 25 اضلاع میں ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے 63 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔

اسی طرح 12 مخصوص اضلاع میں مجموعی طور پر 430 منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔ ان میں 7 خصوصی منصوبوں پر 19 ارب 27 کروڑ روپے خرچ کرنے کی تجویز ہے، جبکہ دیگر 423 ترقیاتی اسکیموں کے لیے 77 ارب 70 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ان علاقوں میں 100 اور 180 روزہ ترقیاتی پروگرام بھی شروع ہوں گے۔

امن و امان کی بہتری کے لیے پیکیج میں 62 منصوبے شامل ہیں، جن پر 39 ارب 19 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ ان منصوبوں میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عملی استعداد میں اضافے کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔

علاوہ ازیں تعلیم اور صحت کے شعبوں کے لیے بھی بھاری فنڈز مختص کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ دستاویزات کے مطابق صحت سے متعلق 41 منصوبوں پر 3 ارب 20 کروڑ روپے خرچ ہوں گے، جبکہ مخصوص اضلاع میں تعلیمی سہولتوں کی بہتری کے 72 منصوبوں کے لیے 12 ارب 90 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

تعلیمی منصوبوں کے تحت باجوڑ، کرم اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 3 دانش اسکول قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 70 موجودہ اسکولوں کی مرمت اور اپ گریڈیشن ہوگی، جبکہ 409 تعلیمی اداروں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق مواصلاتی نظام بہتر بنانے کے لیے مخصوص اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کے 32 منصوبوں پر 12 ارب 70 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ ترقیاتی پروگرام میں ٹل پاراچنار روڈ اور گومل زام ڈیم سے متعلق منصوبے بھی شامل ہیں۔

پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے 88 مقامات پر واٹر سپلائی اسکیموں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا، تاکہ متعلقہ علاقوں کے شہریوں کو پانی کی فراہمی میں درپیش مشکلات کم کی جاسکیں۔

زرعی شعبے کی ترقی کے لیے بھی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں، جن کے تحت 100 طلبہ کو چین میں زرعی تعلیم حاصل کرنے کے لیے اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔ مزید برآں خیبرپختونخوا کے باقی 25 اضلاع میں بھی مجموعی طور پر 219 ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔