ایک نئے عالمی نظام کی آہٹ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ کی یہ پہلی باضابطہ سہ فریقی ملاقات تھی


سہیل یعقوب November 23, 2026
sohailyaqoob

دنیا کی تاریخ میں بعض ملاقاتیں محض ملاقاتیں نہیں ہوتیں بلکہ آنے والے وقت کی سمت کا تعین کرتی ہیں۔ ایسی ملاقاتوں میں ہونے والی گفتگو سے زیادہ اہم وہ پیغامات ہوتے ہیں جو الفاظ کے بغیر دیے جاتے ہیں۔ حال ہی میں چین کے شہر شینزن میں دنیا کی تین بڑی طاقتوں، امریکا، روس اور چین کے سربراہان کی ملاقات بھی کچھ ایسی ہی اہمیت کی حامل ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ کی یہ پہلی باضابطہ سہ فریقی ملاقات تھی۔ بظاہر اس ملاقات کا مقصد عالمی امن، سلامتی اور بڑی طاقتوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا تھا، لیکن اس کے پس منظر میں عالمی سیاست کے کئی پیچیدہ معاملات اور مفادات کارفرما تھے۔ یہ تینوں ممالک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان بھی ہیں اور دنیا کے سیاسی، معاشی اور عسکری معاملات میں غیر معمولی اثر و رسوخ رکھتے ہیں۔

اس ملاقات سے پہلے ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس نے سفارتی حلقوں اور عالمی میڈیا کی توجہ اپنی طرف مبذول کرائی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جب نومبر 2026 میں چین پہنچے تو چینی صدر شی جن پنگ خود ایئرپورٹ پر ان کے استقبال کے لیے موجود تھے، یہ کوئی معمولی سفارتی روایت نہیں تھی۔ اطلاعات کے مطابق شی جن پنگ نے 2013 میں چین کا صدر بننے کے بعد اس سے پہلے کسی غیر ملکی سربراہ مملکت کا خود ایئرپورٹ پر استقبال نہیں کیا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جب ٹرمپ مئی 2026 میں چین کے دورے پر گئے تھے تو ان کا استقبال چینی نائب صدر ہان ژینگ نے کیا تھا، لیکن اس مرتبہ معاملہ مختلف تھا۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی بتائی گئی کہ ستمبر میں جب شی جن پنگ امریکا کے دورے پر گئے تو صدر ٹرمپ خود ایئرپورٹ پر ان کے استقبال کے لیے پہنچے تھے۔ چنانچہ شی جن پنگ نے اسے سفارتی آداب اور باہمی عزت و احترام کی روایت قرار دیتے ہوئے ٹرمپ کا خود استقبال کیا۔ یہاں ایک سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ محض مہمان نوازی تھی یا اس کے پیچھے کوئی بڑا سفارتی پیغام بھی تھا؟ عالمی سیاست میں کوئی بھی قدم محض اتفاقاً نہیں اٹھایا جاتا۔ خاص طور پر جب معاملہ دنیا کی دو بڑی معاشی طاقتوں کے سربراہان کا ہو تو ایک مصافحہ، ایک معانقہ اور استقبال کے لیے ایئرپورٹ پر موجودگی بھی اپنے اندر کئی معنی رکھتی ہے۔

 دوسری طرف روسی صدر پیوٹن بھی چین پہنچے، لیکن ان کا استقبال شی جن پنگ نے خود کرنے کے بجائے اپنے چیف آف اسٹاف کائی چی کے ذریعے کروایا۔ یہ فرق بھی عالمی میڈیا اور سفارتی مبصرین کی نظر سے پوشیدہ نہیں رہا۔ تاہم اس سے یہ نتیجہ اخذ کرنا درست نہیں ہوگا کہ چین نے روس کے مقابلے میں امریکا کو ترجیح دے دی ہے۔ سفارت کاری میں تعلقات کی نوعیت، وقت اور حالات کے مطابق پروٹوکول بھی تبدیل ہوتا رہتا ہے۔

اب ذرا اس ملاقات کے اصل مقاصد اور نتائج کی طرف آتے ہیں۔ تینوں صدور نے 19 نومبر 2026 کو ملاقات کی اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کے بعد ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا۔ اس اعلامیے میں چار اہم معاملات پر اتفاق کیا گیا۔

پہلا معاملہ اقوام متحدہ میں اصلاحات کا تھا۔ تینوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اقوام متحدہ کو اس قابل بنایا جائے کہ وہ عالمی مسائل اور تنازعات سے زیادہ موثر انداز میں نمٹ سکے۔ یہ بات اپنی جگہ دلچسپ ہے کہ دنیا کے تین طاقتور ممالک ایک ایسے ادارے میں اصلاحات کی ضرورت محسوس کر رہے ہیں جس کی سلامتی کونسل میں ان تینوں کو مستقل رکنیت اور ان تینوں کے پاس ویٹو کا اختیار بھی موجود ہے، جو عالمی سیاست میں ان کی غیر معمولی حیثیت کا عکاس ہے۔ ہمارے قارئین کو یاد ہوگا کہ ہم نے اپنی متعدد تحاریر میں اقوام متحدہ کے منشور میں اصلاحات پر زور دیا تھا۔ آپ چاہیں تو اسے ہماری خوش فہمی ہی سمجھ لیں، لیکن لگتا ہے کہ ہماری آواز کہیں نہ کہیں ضرور پہنچی ہے۔

دوسرا معاملہ توانائی کا تھا۔ تینوں ممالک نے ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار اور فراہمی بڑھانے اور توانائی کی مستحکم ترسیل کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ عالمی سیاست میں توانائی اور تیل کی اہمیت آج بھی کسی دوسرے معاملے سے کم نہیں ہوئی۔

تیسرا معاملہ عالمی فوجداری عدالت (International Criminal Court) کے اختیارات اور ریاستی عہدیداروں کے استثنیٰ سے متعلق تھا۔ تینوں ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ ریاستی خودمختاری اور سرکاری عہدیداروں کے قانونی استثنیٰ کا احترام کیا جانا چاہیے اور عالمی فوجداری عدالت اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز نہ کرے۔ اس نکتے کی اہمیت اس لیے بھی زیادہ ہے کہ روسی صدر پیوٹن کے خلاف اسی عدالت کی جانب سے گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا جا چکا ہے۔

چوتھا اور شاید سب سے اہم معاملہ جوہری ہتھیاروں کا تھا۔ تینوں صدور نے اس اصول کا اعادہ کیا کہ جوہری جنگ نہ جیتی جا سکتی ہے اور نہ ہی اسے لڑا جانا چاہیے۔ اس کے ساتھ جوہری خطرات میں کمی اور جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

یہاں ایک اہم بات قابلِ غور ہے۔ اس مشترکہ اعلامیے میں نہ تو یوکرین کی جنگ کے خاتمے کا کوئی عملی منصوبہ سامنے آیا اور نہ ہی ایران کے ساتھ جاری جنگ اور کشیدگی کے حوالے سے کوئی واضح معاہدہ کیا گیا۔ یعنی دنیا کے تین طاقتور ترین ممالک ایک میز پر بیٹھے، عالمی امن کی بات کی، مگر دنیا کے بعض بڑے تنازعات جوں کے توں موجود رہے۔ اب سوال یہ ہے کہ اس ملاقات سے کس کو کیا حاصل ہوا؟ امریکا کے صدر ٹرمپ کے لیے یہ ملاقات اپنی عالمی اہمیت اور سفارتی اثر و رسوخ کو نمایاں کرنے کا ایک موقع تھی۔ روسی صدر پیوٹن کے لیے یہ عالمی تنہائی کے تاثر کو کم کرنے اور دنیا کو یہ باور کرانے کا ذریعہ تھا کہ روس کو عالمی معاملات سے الگ نہیں کیا جا سکتا، جب کہ چین کے صدر شی جن پنگ نے ایک مرتبہ پھر یہ پیغام دینے کی کوشش کی کہ چین محض ایک بڑی معاشی طاقت نہیں بلکہ عالمی سیاست میں بھی مرکزی کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

میرے نزدیک اس ملاقات کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ تینوں ممالک نے اپنے اختلافات کے باوجود ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھنے اور عالمی معاملات پر بات چیت کرنے کی ضرورت محسوس کی۔ یہ بات اپنی جگہ قابلِ غور ہے کہ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی اور ٹیکنالوجی کی جنگ جاری ہے، امریکا اور روس کے تعلقات یوکرین جنگ کے باعث شدید تناؤ کا شکار ہیں، جب کہ چین اور روس ایک دوسرے کے قریب تر ہوتے جا رہے ہیں۔ اس کے باوجود تینوں ممالک کے سربراہان ایک میز پر بیٹھے، لیکن کیا یہ ملاقات واقعی ایک نئے عالمی نظام کی بنیاد بن سکتی ہے؟

اس سوال کا جواب ابھی قبل از وقت ہے، کیونکہ عالمی نظام صرف تین سربراہان کی ملاقات یا کسی مشترکہ اعلامیے سے تبدیل نہیں ہوتا۔ اس کے لیے عالمی طاقتوں کے مفادات، معاشی ترجیحات، عسکری حکمت عملی اور بین الاقوامی اداروں کے کردار میں حقیقی تبدیلی درکار ہوتی ہے، تاہم یہ بات طے ہے کہ دنیا اب یک قطبی نظام سے آگے بڑھ کر ایک ایسے دور میں داخل ہو رہی ہے جہاں کسی ایک ملک کے لیے پوری دنیا کے فیصلے کرنا آسان نہیں رہا۔ چین کی بڑھتی ہوئی معاشی اور عسکری طاقت، روس کا عالمی سیاست میں اپنا اثر برقرار رکھنے کا عزم اور امریکا کی عالمی بالادستی قائم رکھنے کی کوششیں اس تبدیلی کی واضح نشانیاں ہیں۔

ایک اور اہم سوال بھی ہے۔ کیا دنیا کے یہ تین طاقتور ممالک واقعی عالمی امن کے لیے مل کر کام کریں گے یا اپنے اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ایک دوسرے سے معاملات طے کریں گے؟ کیونکہ تاریخ گواہ ہے کہ بڑی طاقتیں جب بھی ایک میز پر بیٹھی ہیں تو اکثر چھوٹے اور کمزور ممالک کے مفادات ان مذاکرات کا حصہ بننے کے بجائے ان کے فیصلوں کی زد میں آئے ہیں۔

دنیا کے نقشے پر نظر دوڑائیں تو محسوس ہوتا ہے کہ آج بھی طاقتور ممالک کے درمیان ہونے والے فیصلوں کی قیمت اکثر کمزور ممالک کو ادا کرنا پڑتی ہے۔ یوکرین ہو، مشرقِ وسطیٰ ہو یا ہمارے خطے کے معاملات، ہر جگہ عالمی طاقتوں کے مفادات کا اثر نمایاں دکھائی دیتا ہے۔ اب آپ اس اعلامیے کو ہی دیکھ لیجیے کہ اس میں زیادہ توجہ ان تینوں طاقتوں کے اپنے مفادات اور مسائل پر دی گئی ہے، جب کہ ان کے اپنے حلیف ممالک کے مسائل جوں کے توں موجود ہیں۔ شاید اسی لیے اس ملاقات کو محض تین صدور کی ملاقات سمجھنا درست نہیں ہوگا۔ یہ ایک ایسے عالمی منظرنامے کی جھلک بھی ہو سکتی ہے جس میں طاقت کے پرانے مراکز اپنی حیثیت برقرار رکھنے اور نئے مراکز اپنی جگہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ ملاقات عالمی امن کی طرف ایک حقیقی قدم ثابت ہوتی ہے یا دنیا کی بڑی طاقتوں کے درمیان مفادات کی نئی تقسیم کا آغاز؟ کیونکہ تاریخ کا ایک سبق بہت واضح ہے۔دنیا میں طاقت کا توازن بدلتا رہتا ہے، لیکن طاقتوروں کے مفادات کبھی نہیں بدلتے۔ میرا اپنا تجزیہ یہ ہے کہ ان مذاکرات سے ان عالمی طاقتوں کے مفادات کو مزید تقویت حاصل ہوگی اور دنیا کے مسائل اس وقت حل نہیں ہوں گے جب تک ان مسائل کی وجہ سے ان کے مفادات پر ضرب نہیں پڑتی۔