نئے صوبے ،نئے تنازعات

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے انتظامی نقشے میں تبدیلی کرکے 12 نئے صوبے بنانے کی تجویز زیر غور ہے۔


ایم جے گوہر November 23, 2026

کے پی کے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد ملک میں نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کی بحث پس پردہ چلی گئی تھی اور ذرائع ابلاغ میں مبصرین و تجزیہ نگار گورنر راج کے حوالے سے مباحثہ کر رہے تھے اور کے پی کے میں پی ٹی آئی کی حکومت کے خاتمے کے تناظر میں پی ٹی آئی کے مستقبل اور بانی کی آیندہ حکمت عملی کے حوالے سے اپنی اپنی آرا کا اظہار کر رہے تھے، جب کہ نئے صوبوں کے قیام کی منصوبہ بندی کی باتیں بھی مدھم مدھم چل رہی تھیں ۔نئے صوبوں کے قیام کی بحث کا آغاز وزیر داخلہ محسن نقوی کے اس بیان سے شروع ہوا تھا کہ ملک میں جاری سسٹم تباہ ہو چکا ہے اس لیے نظام کو ’’ری سیٹ‘‘ کرنے کے لیے چاروں صوبوں کو مزید نئے صوبوں میں تقسیم کرنا ازبس ضروری ہو گیا ہے۔ آج ذرائع ابلاغ میں یہ موضوع پھر سے ’’ہاٹ کیک‘‘ بنا ہوا ہے۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے انتظامی نقشے میں تبدیلی کرکے 12 نئے صوبے بنانے کی تجویز زیر غور ہے۔ سندھ کو دو، پنجاب کو چار، کے پی کے کو تین اور بلوچستان کو بھی تین صوبوں میں تقسیم کرکے سسٹم کو ’’ری سیٹ‘‘ کیا جائے گا۔ نئے صوبوں کے فارمولے کو آگے بڑھانے کے لیے کوشش جاری ہے۔وزیر داخلہ کا موقف یہ ہے کہ نظام تو سارے کا سارا ٹھیک ہونے والا، سسٹم ری سیٹ کے معاملے پر وہ اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری تقریباً ایک پیج پر ہیں۔ وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام پر طویل سیاسی اختلافات کے بجائے بہتر اور مناسب یہ ہوگا کہ عوامی ریفرنڈم کرا لیا جائے، اگر عوام نہیں چاہتے تو میں بھی کہوں گا کہ صوبے نہ بنائیں۔

انھوں نے واضح طور پر کہا کہ تمام فیصلے باہمی مشاورت اور رضامندی سے ہوں گے اور کوئی بھی فیصلہ یک طرفہ مسلط نہیں کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سروے اور عوامی مباحثے نئے صوبوں کی حمایت کا تاثر دیتے ہیں۔ انھوں نے گزشتہ ہفتے نواب شاہ میںصدر آصف علی زرداری سے بھی تقریباً ایک گھنٹہ ملاقات کی، اگرچہ ایوان صدر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں نئے صوبوں کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔ ان خبروں کو صدر وزیراعظم کی حالیہ ملاقات سے بھی تقویت مل رہی ہے، حالانکہ اس ملاقات کے حوالے سے بھی یہی کہا جا رہا ہے کہ دونوں بڑوں نے نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے سیاسی مشاورت کی ہوگی لیکن سرکاری سطح پر اس کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔

 نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے آئین میں واضح طریقہ کار درج ہے کہ جس صوبے کی حدود تبدیل کرنی ہو یا نیا صوبہ بنانا مقصود ہو تو اس صوبے کی اسمبلی سے دو تہائی اکثریت سے قرارداد کی منظوری لازمی ہے ،بعدازاں پارلیمنٹ کے دونوں ایوان میں بھی دو تہائی اکثریت سے بل کی منظوری لازمی ہے۔ پھر صدر مملکت کے دستخط کے بعد یہ بل آئینی و قانونی شکل اختیار کرتا ہے تب کہیں جا کے نئے صوبوں کا قیام عمل میں آتا ہے۔ نئے صوبوں کے قیام کی بحث کا آغاز وزیر داخلہ محسن نقوی کے اس بیان سے شروع ہوا تھا کہ ملک میں جاری سسٹم تباہ ہو چکا ہے اس لیے نظام کو ’’ری سیٹ‘‘ کرنے کے لیے چاروں صوبوں کو مزید نئے صوبوں میں تقسیم کرنا ازبس ضروری ہو گیا ہے۔

تازہ صورت حال میں حکمران سیاسی جماعت مسلم لیگ (ن) کے بعض وزرا اگرچہ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے اس کے حق میں بیانات دے رہے ہیں تاہم (ن) لیگ کا پالیسی بیان ابھی تک سامنے نہیں آیا، نہ ہی یہ مسئلہ کابینہ میں زیر بحث آیا اور نہ ہی وزیر اعظم شہباز شریف اور سربراہ (ن) لیگ میاں نواز شریف کا نئے صوبوں کے قیام کے ضمن میں کوئی واضح دو ٹوک موقف سامنے آیا ہے۔ جب کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے نہایت واضح اور دو ٹوک موقف سامنے آ چکا ہے کہ وہ سندھ کی تقسیم اور نئے صوبوں کے قیام کے حامی نہیں ۔ سندھ اسمبلی نے دو ماہ قبل 3 ستمبر کو باقاعدہ بحث کے بعد سندھ کی تقسیم کے خلاف قرارداد منظور کرکے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے بقول سندھ کی جغرافیائی وحدت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، ریفرنڈم آئین سے بالاتر نہیں ہے، جب تک پی پی پی ہے سندھ قائم و دائم رہے گا۔ پیپلز پارٹی ضلع وسطی کراچی کے نائب صدر اصغر لال نے راقم کو بتایا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے آئین میں طریقہ کار درج ہے، پیپلز پارٹی سندھ کی وحدت پر سمجھوتہ نہیں کر سکتی۔ اصغر لال کے بقول ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں نئے صوبوں کا فیصلہ مسلط کیا گیا تو نئے تنازعات جنم لیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کراچی پریس کلب میں خطاب کرتے ہوئے واضح طور پر کہا ہے کہ اگر صوبہ سندھ کو زبردستی تقسیم کیا گیا تو کراچی کی سڑکوں پر خون بہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے بنانا ہے تو آئین میں طریقہ کار موجود ہے۔ انھوں نے 26 ویں اور 27 ویں ترمیم کی منظوری، مخصوص نشستوں کی تقسیم، اپوزیشن کے ساتھ مخاصمت اور مولانا فضل الرحمن کے ساتھ حکومتی کشیدگی سمیت ملک کے معاشی حالات اور عوامی مسائل پر بھی کھل کر گفتگو کی۔

بلاول بھٹو کی مذکورہ بات چیت کے بعد ایک ہلچل سی مچ گئی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے وفاقی وزرا اور رہنماؤں اور پیپلز پارٹی سندھ حکومت کے وزرا کے درمیان لفظی گولہ باری شروع ہو گئی ہے۔ مبصرین اور تجزیہ نگار بلاول بھٹو کی گفتگو کو اپنی اپنی عینک سے دیکھ کر تبصرے اور تجزیے کر رہے ہیں۔ نئے صوبوں اور سندھ کی تقسیم کے حوالے سے بلاول اپنا پالیسی موقف دے چکے ہیں جب کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پالیسی بیان ابھی تک سامنے نہیں آیا۔