شاعر مشرق و عظیم فلسفی سر علامہ محمد اقبال صاحب کی خدمت میں ایک نوجوان حاضر ہوتا ہے اور اپنا لکھا ہوا شاعری کا ایک مسودہ علامہ صاحب کی خدمت میں پیش کرتا ہے۔ اس نوجوان کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ علامہ صاحب سے شاعری میں اصلاح حاصل کی جائے۔
یوں بھی اس نوجوان کے خاندان و علامہ صاحب کے خاندان کے درمیان بہت اچھے مراسم تھے، جب وہ نوجوان علامہ صاحب کے سامنے اپنا مدعا بیان کرتا ہے تو علامہ صاحب اس نوجوان کے تحریر کردہ مسودے پر سرسری نظر ڈالتے ہیں اور جوہر شناس علامہ صاحب اس نوجوان کو یہ مشورہ دیتے ہیں کہ نوجوان تم شاعری چھوڑو نثر لکھو۔ چنانچہ وہ نوجوان نثر میں لکھنا شروع کر دیتا ہے۔ اس نوجوان کا نام تھا میاں محمد اسلم جوکہ بعدازاں ایم اسلم کے نام سے نامور ہوئے۔
ایم اسلم کا جنم 6 اگست 1885 کو لاہور میں میاں نظام دین صاحب کے گھر میں ہوا، جس گھر میں ایم اسلم صاحب کا جنم ہوا۔ وہ خاندان معاشی تفکرات سے مکمل آزاد تھا اور اس خاندان کا شمار لاہور کے دولت مند خاندانوں میں ہوتا تھا۔ یہی باعث تھا کہ ایم اسلم نے اس وقت کے مطابق اعلیٰ تعلیم حاصل کی بلکہ اپنے تمام تر تعلیمی مراحل لاہور ہی میں طے کیے۔ یہ ضرور تھا کہ ایم اسلم صاحب نے مروجہ تعلیم کے حصول کے بعد مطالعہ خوب کیا اور ہر قسم کی کتب ان کے زیر مطالعہ ہوتیں۔
ان کتب میں تاریخی کتب ہوتیں بالخصوص اسلامی تاریخی کتب، سیرت نبویؐ پر تحریر کردہ کتب، عام سماجی موضوعات پر لکھی گئی کتب۔ جب کہ وہ سماجی مشاہدہ بھی خوب رکھتے تھے۔ یہی باعث تھا کہ ایم اسلم جو تحریر بھی لکھتے وہ عام قسم کے نقائص سے مبرا ہوتی۔ اگر ایم اسلم صاحب کی اسلامی تاریخ یا عہد نبویؐ کے زمانہ کی تحریریں پڑھیں تو ایم اسلم کی اس صلاحیت کو لازمی تسلیم کرنا پڑے گا کہ وہ مکمل تحقیق کے بعد ہی لکھنے کے لیے قلم اٹھاتے تھے کیونکہ اسلامی یا مذہبی تحریریں اکثریت میں اہل قلم لکھنے سے گریز کرتے ہیں کیونکہ ان تحریروں میں غلطی کی گنجائش نہیں ہوتی۔ مگر ایم اسلم نے ایسے نازک موضوعات پر بھی خوب لکھا جیسے کہ دختر رسولؐ ،کریم خاتونؓ، جنت کی آپ بیتی، پھر 2 ہجری میں لڑی گئی جنگ بدر، اس جنگ میں مسلمانوں نے وسائل کی کمی کے باوجود کفار مکہ کو بدترین شکست سے دوچار کیا۔
اگرچہ کفار مکہ تمام قسم کے حربی سامان کے ساتھ مسلمانوں پر حملہ آور ہوئے اس واقعے کو ایم اسلم صاحب نے جنگ بدر کے نام سے لکھا۔ پھر 3 ہجری کو جنگ احد ہوئی تو اس جنگ کے واقعات کو صبح احد کے نام سے ناول کی شکل میں لکھا اور پوری تفصیل سے بیان کیا کہ کس طرح مسلمانوں کو عارضی طور پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی تسلسل میں ناول فتح مکہ لکھا، پھر پاسبان حرم، بنت حرم، خون شہیداں، ابو جہل اور رقص ابلیس و دیگر اسلامی تاریخ کے حوالے سے ان کے یادگار ناول ہیں جب کہ سماجی موضوعات پر جو ناول انھوں نے لکھے ان میں مرزا جی، گناہ کی راتیں، رقص زندگی، جب کہ تاتاریوں نے جو ظلم و جبر مسلمانوں پر کیے ان تاریخی جبر کے واقعات کو ایم اسلم نے فتنہ تاتار کے نام سے ایک خوبصورت ناول لکھا۔ ایم اسلم نے رومانوی ناول بھی لکھے جن میں حسن سوگوار، خار و گل، توبہ، راوی کے رومان و دیگر ناول قلم بند کیے اور خوب کیے۔
البتہ محنت کشوں کے مسائل پر ان کا ناول شام غریباں کا اگر ذکر نہ ہو تو ان کے ساتھ زیادتی ہوگی۔ اس ناول میں انھوں نے مل مزدوروں کے مسائل و مزدوروں کو روزمرہ کے پیش آنے والے واقعات کو انھوں نے اس قدر خوبصورتی سے لکھا ہے کہ پڑھنے والا خود کو اس ماحول کا ایک حصہ محسوس کرتا ہے اس ناول میں سرمایہ داری جبر و استحصال کو خوبصورتی سے بیان کیا گیا ہے جب کہ محنت کشوں کے مسائل پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔ البتہ اس ناول شام غریباں میں ایک خوبصورت رومان بھی رکھا گیا ہے۔ اس رومان کا انجام اگرچہ آخر میں دردناک بیان کیا گیا ہے کہ حبیب کی محبت ٹی بی جیسے مرض میں مبتلا ہو کر موت کی وادیوں میں چلی جاتی ہے۔
انفرادیت پسند ایم اسلم شلوار قمیص زیب تن کرتے تو ٹائی بھی لگاتے مختلف موضوعات پر دو سو کتب و ایک لاکھ سے زائد صفحات لکھنے والے واحد قلم کار ایم اسلم سے ایک بار فلمی شاعر قتیل شفائی ملنے آئے تو قتیل شفائی کھانا کھا کر کافی پیتے ہوئے کہنے لگے میاں! سنا ہے آپ مہمان کو کھانا کھلا کر اپنے کسی ناول کے دو چار باب ضرور سناتے ہیں۔ قتیل شفائی نے ایسا سن رکھا تھا لیکن ایسا کہنے والوں سے ایک قسم کی شرط لگائی تھی کہ میں میاں صاحب کے ساتھ کھانا کھاؤں گا لیکن ان سے ان کے کسی ناول کا کوئی باب نہیں سنوں گا۔ قتیل شفائی کی بات سن کر ایم اسلم نے کہا میں زبردستی کسی کو کچھ بھی نہیں سناتا جیسے کہ آپ کو کھانا تو کھلایا کچھ سنایا نہیں۔ یوں قتیل شفائی ایم اسلم سے کچھ سنے بغیر ہی اپنے گھر چلے گئے اور بعد میں پورا واقعہ اپنے دوستوں کو مزے لے لے کر سنایا کرتے۔ ایم اسلم کے علامہ اقبال صاحب کے خاندان سے اس قدر قریبی مراسم تھے کہ جب علامہ صاحب کی صاحبزادی منیرہ کی شادی انجام پا رہی تھی تو ایم اسلم نے بطور گواہ دستخط کیے اور منیرہ صاحبہ کے شوہر کے سرپرست کے فرائض بھی ادا کیے۔
گراموفون سنتے ہوئے لکھنے کے لیے غور و فکر کرنے والے و اولاد جیسی نعمت سے محروم رہنے والے ایم اسلم نے 23 نومبر 1983 کو اس جہان فانی سے کوچ کیا۔ انھوں نے 98 برس 3 ماہ 17 یوم عمر پائی اور میانی صاحب کے قبرستان میں آسودہ خاک ہوئے۔23 نومبر 2026 کو ایم اسلم صاحب کی 43 ویں برسی ہے اس موقع پر ہم دعا گو ہیں کہ خداوند کریم ان کے درجات بلند فرمائے۔( آمین)