ویل ڈن مصدق ملک

’وہ شخص جس نے کہا تھا کہ پاکستان کا پانی روکنے والا ہاتھ کاٹ دیا جائے گا۔ آج وہ شخص بھارت کی سرزمین پر پہنچ چکا ہے۔‘


ڈاکٹر فاروق عادل November 23, 2026
[email protected]

مصدق ملک دلی کیا گئے، گویا دبستاں کھل گیا۔ دنیا نے انھیں ایس سی او کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے دیکھا پھر بھارتی ذرائع ابلاغ کا سامنا کرتے ہوئے دیکھا، ہتھیلی پر سرسوں جمانا اور بال کی کھال اتارنا جس کے بائیں ہاتھ کا کھیل ہے۔ بھارت میں ہمارے اس ذہین وزیر کا استقبال سب سے پہلے بے لگام سوشل میڈیا نے ہذیانی انداز میں کیا۔ بے شمار بھارتی سوشل میڈیا انفلوئنزرز کو چلاتے ہوئے سنا گیا:

’وہ شخص جس نے کہا تھا کہ پاکستان کا پانی روکنے والا ہاتھ کاٹ دیا جائے گا۔ آج وہ شخص بھارت کی سرزمین پر پہنچ چکا ہے۔‘

یہ طرزِ عمل کیا تھا۔ سیدھی سی بات ہے کہ ایک غیر ملکی مہمان کو پہلے ہی ہلے میں مشتعل کر دیا جائے تا کہ اس کا دورہ ناکام ہو جائے لیکن ہوا کیا؟ یہ تاریخ کے اوراق میں سنہری حروف میں درج ہو گیا ہے۔ نہ صرف درج ہو گیا ہے بلکہ سفارت کاری کا ایک نیا رجحان بھی متعارف ہو گیا ہے۔

جنرل مشرف کے زمانے میں جب پاکستان اور بھارت کی فوجیں سرحدوں پر آنکھوں میں آنکھیں ڈالے کھڑی تھیں، پاکستان کے وزیر خارجہ عبد الستار اور بھارت کے وزیر خارجہ جسونت سنگھ کسی کانفرنس میں کابل پہنچے۔ جسونت سنگھ کا سامنا جیسے ہی عبد الستار سے ہوا، انھوں نے کہا:

’کیسا لگتا ہے جب کسی تیسرے ملک میں دشمن سے سامنا کرنا پڑے۔‘

یہ ایک فضول اور اشتعال انگیز تبصرہ تھا۔ مقصد یہی تھا کہ مخاطب کو مشتعل کر کے سین کری ایٹ کر دیا جائے۔ یہی کچھ مصدق ملک کے ساتھ بھی ہوا۔ ایک نہیں، دو نہیں، تین بار مصدق ملک کا سامنا پریس سے ہوا اور ہر بار ان سے ایک ہی سوال پوچھا گیا یعنی دہشت گردی اور اس سے پاکستان کا تعلق۔ مصدق ملک طرح دیتے رہے یہاں تک کہ ایک بار پھر گھیر لیے گئے۔ اس بار سوال سن کر وہ مسکرائے اور کہا کہ ہم یہاں کثیر القومی مکالمے کے لیے آئے لیکن آپ اسے کیوں دو طرفہ معاملہ بنا کر خراب کرنا چاہتے ہیں۔ کثیر القومی مکالمے کے تقاضے اور ہیں اور دو طرفہ تنازعے کو ہوا دینا اور۔ خیر، جہاں تک دہشت گردی کا معاملہ ہے، اس نے ہمیں بہت دکھی کیا ہے۔

گزشتہ چند برس کے دوران میں ہم نے ہزاروں لاشیں اٹھائی ہیں۔ الزام آپ بھی لگاتے ہیں اور کہنے کے لیے ہمارے پاس بھی بہت کچھ ہے کیا یہ اچھا نہ ہو گا کہ ایک دوسرے کی طرف انگلیاں تاننے کے بہ جائے تحقیق کا کوئی شفاف نظام وضع کر لیا جائے۔ اپنی عادت کے عین خلاف بھارتی صحافیوں نے مصدق ملک کا یہ سخن تحمل سے سن لیا۔ تحقیقات کے شفاف نظام جیسی بات پر بڑے سے بڑا مخالف بھی آخر کیا اعتراض کرے گا۔ بزرگ کہا کرتے تھے:

ایسے کہتے ہیں سخن ور سہرا

مطلب یہ کہ آپ اپنے مطلب کی بات بھی کہہ لیں اور بگاڑ بھی پیدا نہ ہو۔ مصدق ملک نے مطلب کی ایک بات تو یہ کہی کہ دہشت گردی کے جو الزامات ہیں، انھیں یک طرفہ نہیں ہونا چاہیے۔ اسی سانس میں انھوں نے نہایت طاقت ور طریقے سے رجسٹر کرا دیا کہ دہشت گردی کا اصل ہدف تو پاکستان ہے جس نے مختصر عرصے میں ہزاروں شہدا کے جنازے اٹھائے ہیں۔مصدق ملک کی کارکردگی ایس سی او کانفرنس میں اس سے بھی بڑھ کر تھی۔ بھارت کے موجودہ حکمراں طبقے اور اس کے نظریاتی سرپرست کہا کرتے ہیں کہ باہر سے آنے والے فلاں تھے اور فلاں تھے۔ نریندر مودی اور آر ایس ایس کی نفرت کا سارا کاروبار اسی پروپیگنڈے پر ہے۔ مصدق ملک نے اس پروپیگنڈے کے بارے میں ایک لفظ بھی نہ کہا اور میلہ لوٹ لیا ۔

بھارتی وزیر ثقافت کہیں کہہ بیٹھے تھے کہ ماہرین آثار قدیمہ نے لال قلعے میں ایک خندق کھود رکھی ہے اور وہ تحقیق کر رہے ہیں کہ تاریخ کے کس مرحلے پر کیا کیا واقعات ظہور میں آئے۔ مصدق ملک نے اسی بات سے اپنا استدلال شروع کیا اور کہا کہ کاش یہ لوگ اس خندق سے کچھ سچائی بھی دریافت کرتے۔ یہ سچائی کیا ہے۔ دلی کے اسی لال قلعے کی بنیاد باہر سے آنے والوں نے رکھی اور باہر ہی سے آنے والوں نے اسے پروان چڑھایا۔ تو معلوم یہ ہوا کہ باہر سے آنے والوں نے دلی سے کچھ لیا نہیں بلکہ دیا ہی دیا ہے۔

مصدق ملک نے دلی کے لال قلعے میں اپنی مختصر سی گفتگو میں اتنا کچھ کہہ دیا کہ لوگ تادیر اسے یاد کریں گے۔ انھوں نے مسلمانوں کے خلاف تنگ نظر قوم پرست قوتوں کے بیانیے کا تاج محل زمین بوس کر دیا اور اس پر دو قومی نظریے کی سچی اور سُچی مہر ثبت کر دی۔

یہ سب کیسے ممکن ہوا؟ اس کا راز ہے قومی زبان کا کرشمہ۔ مصدق ملک انتہائی پڑھے لکھے ٹیکنو کریٹ ہیں لیکن ان سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ ان کی جڑیں زمین میں پیوست ہیں۔ وہ صرف اپنی نظریاتی وراثت کے امین ہی نہیں ہیں بلکہ اپنے زبان و ادب کے ساتھ بھی گہرا شغف رکھتے ہیں۔کسی زمانے میں جاوید جبار کے لیے کہا جاتا تھا کہ وہ کہیں اور سنا کرے کوئی۔ حسین حقانی کی قادر الکلامی کے بھی بڑے چرچے رہے ہیں لیکن مصدق ملک نے بھارت کی سرزمین پر کھڑے ہو کر نیا معیار قائم کر دیا ہے۔ آیندہ بیانیہ سازی، سفارت کاری اور قومی مقاصد کے اظہار کے سلسلے میں ان ہی کی مثال دی جائے گی۔

مصدق ملک انگریزی پر یقیناً غیر معمولی مہارت رکھتے ہیں ، وہ انگریزی میں بھی مؤثر طریقے سے بات کر سکتے تھے لیکن انھوں نے غالب کی رعایت سے اردو میں اظہار خیال کا جواز پیدا کر کے اپنی گفتگو میں معنی آفرینی کے لیے غیر معمولی گنجائش پیدا کر لی۔ ایک اچھے اور بیدار مغز مقرر اور مدبر کی پہچان یہی ہے۔ وہ اپنی نستعلیق اردو میں چھوٹے چھوٹے خوب صورت اور با معنی جملے بولتے گئے اور اپنے ملک کا پرچم بلند کرتے چلے گئے۔ مصدق ملک کے اس غیر معمولی کارنامے کا راز اگر ان کی نظریاتی پختگی اور اس کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی ہے تو اس میں اردو کا حصہ شاید اس سے بھی بڑھ کر ہے۔

یہ درست ہے کہ ایس سی او کانفرنس میں ان کا اصل مخاطب بھارت بلکہ بھارت کی نسل پرست حکومت تھی، اس لیے اردو کو ذریعہ اظہار بنانا مناسب فیصلہ تھا لیکن اگر کوئی قادر الکلام مقرر کسی بھی بین الاقوامی فورم پر اردو کو ذریعہ اظہار بنائے گا تو وہ اسی طرح نیک نامی کمائے گا اور کام یاب ہو گا۔ اس لیے بہتر ہو گا کہ ہمارے حکمران دنیا کے ہر فورم پر اردو کو اپنا ذریعہ ٔ اظہار بنائیں۔ یقین رکھیں کہ بات مؤثر اور ٹھوس ہو تو وہ چاہے جس زبان میں بھی کہی جائے، اثر کرتی ہے اور بین الاقوامی فورموں پر اس کے مؤثر ترجمے کا اہتمام موجود ہوتا ہے۔ ایس سی او کلچرل ڈائیلاگ کے موقع پر مصدق ملک کی کارکردگی نے یہ حقیقت ثابت کر دی ہے۔

مصدق ملک کی شان دار کارکردگی اور اردو کے کرشمے پر بات ہو گئی، اب ایک آخری بات سفارت کاری کے بارے میں۔ گزشتہ برس مئی کی پاک بھارت جنگ اور امریکا ایران جنگ کے موقع پر پاکستان کی سفارت کاری کے چرچے دنیا بھر میں ہیں۔ بھارت میں مصدق ملک کے سفارتی چھکے نے پاکستان کو نیا عروج عطا کیا ہے۔ بھارت میں پاکستان کا مقدمہ پیش کرنے کے لیے ان کا انتخاب انتہائی مناسب اور برمحل رہا۔ ویل ڈن وزیر اعظم شہباز شریف، ویل ڈن مصدق ملک۔