کیلیفورنیا میں کنسرٹ کے دوران فائرنگ، 9 افراد زخمی

تحقیقات جاری ہیں اور تاحال کسی گرفتاری کا اعلان نہیں کیا گیا


ویب ڈیسک November 23, 2026

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک بڑے کنسرٹ کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 9 افراد زخمی ہوگئے۔

واقعے کے بعد کنسرٹ میں بھگدڑ اور خوف و ہراس کی صورتحال پیدا ہوگئی، جبکہ شرکاء نے جان بچانے کے لیے محفوظ مقامات کی طرف بھاگنا شروع کردیا۔

اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ہفتے کی شام تقریباً 7 بج کر 40 منٹ پر اسٹریتھمور، ٹولیرے کاؤنٹی میں پیش آیا، جہاں تقریباً 150 افراد کنسرٹ میں شریک تھے۔ فائرنگ کے بعد زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ 

ایک 26 سالہ شخص سینے میں گولی لگنے کے باعث تشویشناک حالت میں ہے۔ دو دیگر زخمیوں کی بھی سرجری کی گئی۔

پولیس کے مطابق واقعہ ممکنہ طور پر گینگ سے متعلق ہے، تاہم تحقیقات جاری ہیں اور تاحال کسی گرفتاری کا اعلان نہیں کیا گیا۔