گلستان جوہر، شارع فیصل کے درمیان نئی سڑک میں لگے کھمبے طیاروں کے لیے بڑا خطرہ قرار

رات کے وقت سڑک پر لگے کھمبوں سے سڑک رن وے محسوس ہوتی ہے، اے ٹی سی کا پی اے اے کو خط


آفتاب خان November 23, 2026

کراچی:

کراچی ایئرپورٹ رن وے سے متصل گلستان جوہر اور شارع فیصل کے درمیان بنی نئی سڑک پر لگے کھمبوں کو ہوائی جہازوں کے لیے بڑا خطرہ قرار دے دیا گیا۔

ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) نے ممکنہ حادثے سے بچاؤ کے لیے پی اے اے انتظامیہ کو نئی تجویز پیش کر دی۔

اے ٹی سی کے مطابق رات کے وقت سڑک پر لگے کھمبوں سے سڑک رن وے محسوس ہوتی ہے لہٰذا رن وے کے سامنے جہازوں کی لینڈنگ والے کوریڈور کو مکمل خالی رکھا جائے۔

گلستان جوہر کے لیے بنائی گئی نئی سڑک کے کھمبوں کی اونچائی فوری طور کم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ایئر ٹریفک کنٹرول نے سفارش کی ہے کہ طیاروں کے کھمبوں سے ٹکرانے سے کسی بھی وقت حادثہ ہو سکتا ہے، اس لیے رات کے وقت رن وے کے سامنے نئی سڑک کے کھمبوں کی لائٹس بھی بند رکھی جائے۔

ذرائع کے مطابق معاملے کو کے ایم سی کے ساتھ اٹھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔