پاکستان کے چار بڑے شہروں میں فضائی آلودگی کی سطح مسلسل محفوظ حد سے بلند رہی جبکہ ملتان میں آلودگی کی شرح گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 41 فیصد زیادہ ریکارڈ کی گئی۔
پاکستان ایئر کوالٹی انیشی ایٹو (پی اے کیو آئی) کی تازہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 16 سے 22 نومبر کے دوران ملتان ملک کا آلودہ ترین شہر رہا، جہاں باریک ذرات پی ایم 2.5 کی اوسط مقدار 204.1 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق اس عرصے میں ملتان کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 254 رہا، جو انتہائی مضرِ صحت کیٹیگری میں آتا ہے۔ شہر میں 20 نومبر کو آلودگی کی سطح سب سے زیادہ رہی، جب پی ایم 2.5 کی مقدار 263.3 مائیکروگرام اور اے کیو آئی 313 تک پہنچ گیا۔ ملتان میں آلودگی کی ہفتہ وار اوسط گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 41 فیصد زیادہ تھی۔
لاہور میں پی ایم 2.5 کی ہفتہ وار اوسط 180 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ اوسط اے کیو آئی 230 رہا۔ شہر میں 22 نومبر کو آلودگی کی بلند ترین سطح ریکارڈ ہوئی، جب پی ایم 2.5 کی مقدار 236.7 مائیکروگرام اور اے کیو آئی 286 تک پہنچ گیا۔ تاہم گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں لاہور کی فضائی آلودگی میں 17 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ نو برس کے اعدادوشمار میں لاہور کی آلودگی کے حوالے سے کوئی واضح طویل مدتی رجحان سامنے نہیں آیا۔
کراچی میں پی ایم 2.5 کی ہفتہ وار اوسط 75 مائیکروگرام فی مکعب میٹر اور اے کیو آئی 160 رہا۔ یہ مقدار گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 96 فیصد زیادہ، تاہم گزشتہ سال کے اسی عرصے سے 21 فیصد کم تھی۔ اسلام آباد میں پی ایم 2.5 کی اوسط 64.5 مائیکروگرام اور اے کیو آئی 155 ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 42 فیصد کم ہے۔
پی اے کیو آئی کے مطابق چاروں شہروں میں ساتوں دن پی ایم 2.5 کی سطح عالمی ادارۂ صحت کی تجویز کردہ حد 15 مائیکروگرام اور پاکستان کی مقررہ حد 35 مائیکروگرام فی مکعب میٹر سے زیادہ رہی۔
رپورٹ میں لاہور کے گردونواح میں بھی آلودگی کی بلند سطح کی نشاندہی کی گئی ہے۔ قصور میں پی ایم 2.5 کی اوسط 240، نارووال میں 225، کہنہ نو میں 187 اور رائیونڈ میں 186 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اس طرح بعض اضلاع میں آلودگی کی سطح لاہور سے بھی زیادہ رہی۔
رپورٹ کے مطابق لاہور پہنچنے والی ہوا کے گزشتہ دو دن کے راستوں میں اوسطاً سات فیصد وقت بھارتی حدود میں گزرنے کا تخمینہ لگایا گیا، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ شرح تین فیصد تھی۔ 21 نومبر کو ہوا کا راستہ 43 فیصد وقت بھارت کے اوپر سے گزرا۔ تاہم یہ اعدادوشمار آلودگی کے کسی مخصوص ذریعے کی براہِ راست تصدیق نہیں کرتے۔
ادارہ تحفظ ماحولیات پنجاب کے ڈپٹی ڈائریکٹر علی اعجاز نے کہا ہے کہ لاہور میں آلودگی کے مقامی عوامل پر قابو پانے کے اقدامات کے باعث اب صبح اور شام کے اوقات میں چند گھنٹوں کے لیے اے کیو آئی بڑھتا ہے، تاہم درجہ حرارت میں اضافے کے بعد اس میں کمی آنا شروع ہو جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دیگر اضلاع میں فضائی آلودگی کی زیادہ شرح کا لاہور سے براہِ راست موازنہ نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ وہاں فضائی معیار جانچنے والے مانیٹر پہلی بار نصب کیے گئے ہیں اور ان کی تعداد بھی لاہور کے مقابلے میں کم ہے۔
رپورٹ میں ملتان کے شہریوں کو بیرونی سرگرمیاں محدود کرنے جبکہ حساس افراد کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ لاہور کے لیے بھی بیرونی سرگرمیوں سے گریز اور حساس گروہوں کو احتیاط برتنے کی سفارش کی گئی ہے۔