پشاور کے علاقے گلبہاراورشاہین مسلم ٹاون میں دوبھائیوں کے گھروں پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس سے اہلخانہ محفوظ رہے تاہم شدید فائرنگ سے ان علاقوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور کے دو علاقوں گلبہار اور شاہین مسلم ٹاؤن میں دو سگے بھائیوں کے گھروں پر مسلح افراد نے شدید فائرنگ کی جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں بھائیوں کے رشتہ داروں کے ساتھ رقم وغیرہ کے تنازعات چلے آرہے ہیں تاہم ملزموں کی گرفتاری پر اصل حقائق سامنے آسکیں گے۔ ایک بھائی سنٹرل جیل پشاور کا ملازم بھی بتایا جاتا ہے۔
پولیس نے دونوں واقعات کے مقدمات درج کرلیے ہیں۔ تھانہ گلبہار کی حدود محلہ اسلام آباد میں اتوار اور پیرکی درمیان شب چن گل ولد قدر گل سکنہ محلہ اسلام آباد کے گھر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی تھی جس میں وہ محفوظ رہے۔
اسی طرح اس کے بھائی تنویر خان کی رہائشگاہ واقع پھندو آفریدی آباد پر بھی ملزم نے فائرنگ کی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ پولیس کاکہناہے کہ پھندو فائرنگ واقعہ میں20/21سالہ ملزم کی نشاندہی کرلی گئی جسے جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر خبریں گردش کررہی ہیں کہ ان سے رقم کا تقاضہ کیا گیا تاہم پولیس کاکہنا ہے کہ ان کا رقم تنازعہ بھی چل رہا ہے۔ پولیس حکام نے ایس پی فقیرآباد کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دیکر تفتیش شروع کردی ہے۔