لکی مروت میں پولیس موبائل آئی ای ڈی دھماکے کی زد میں آگئی، 2 اہلکاروں سمیت 5 زخمی

پولیس اہلکاروں کی شناخت کامران اور سجاد جبکہ شہری ثناء اللہ، شفقت اللہ اور محمد زیشان کے ناموں سے ہوئی


ویب ڈیسک November 24, 2026

خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں  تھانہ صدر پولیس کی موبائل وین کو آئی ای ڈی دھماکے سے نشانہ بنایا گیا ہے جس میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لکی مروت کے تھانہ صدر پولیس کی موبائل وین معمول کے گشت کے دوران آئی ای ڈی دھماکے کی زد میں آئی۔ 

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں جہاں سے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی شناخت کامران اور سجاد جبکہ شہری ثناء اللہ، شفقت اللہ اور محمد زیشان کے ناموں سے ہوئی۔

ریسکیو 1122 لکی مروت کی امدادی ٹیمیں اطلاع پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد کیلئے سٹی ہسپتال لکی سٹی منتقل کیا۔

دریں اثناء تھانہ سٹی کی حدود میں واقع پولیس چوکی بیگوخیل پر بھی کواڈ کاپٹر کے زریعے حملہ کیا گیا، جہاں گولہ گرنے سے زوردار دھماکہ ہوا۔ تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے۔ دونوں واقعات کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی۔