اسلام آباد:
وفاقی حکومت کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 172(3) کے تحت تیل اورگیس کے شعبے کی چار بڑی کمپنیوں کے منافع میں سے صوبوں کاایک ہزار 800 ارب روپے سے زائدکاحصہ ادانہ کرنے کاانکشاف ہواہے،جبکہ وفاقی سیکریٹریٹ میں گریڈ 22 کے اعلیٰ ترین عہدوں پر بھی پنجاب کے افسران کی تعداددیگرصوبوں کے مقابلے میں نمایاں طور پرزیادہ ہے۔
سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے اختیارات کی منتقلی کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ اعدادوشمارکے مطابق وفاقی سیکریٹریٹ میں گریڈ 22 کی مجموعی 53 اسامیوں میں سے 35 پر پنجاب، 10پرخیبرپختونخوا، 6 پرسندھ، ایک پر بلوچستان اور ایک پرگلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے افسران تعینات ہیں،جبکہ آزادکشمیر اور سابق فاٹاکی کوئی نمائندگی نہیں ہے۔
پیپلز پارٹی کے سینیٹرضمیرگھمروکی زیرصدارت اجلاس میں آئین کے آرٹیکل 172(3) اور 38(g) پر عمل درآمدکاجائزہ لیاگیا۔سینیٹرگھمرو نے بتایا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعدسے پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ،آئل اینڈگیس ڈیولپمنٹ کمپنی، ماری پیٹرولیم اور پاکستان آئل فیلڈزلمیٹڈ نے مجموعی طور پر 3 ہزار 600 ارب روپے منافع کمایا، تاہم صوبوں کو ان کے آئینی حق کے مطابق نصف منافع یعنی ایک ہزار 800 ارب روپے ادانہیں کیے گئے۔
ان کے مطابق او جی ڈی سی ایل کے منافع میں صوبوں کاحصہ 978 ارب روپے، پی پی ایل کا 462 ارب روپے،ماری پیٹرولیم کا 225 ارب روپے اور پی او ایل کا 144 ارب روپے بنتا ہے،آئین کے آرٹیکل 172(3) کے تحت قدرتی وسائل کی مشترکہ اور مساوی ملکیت اور ان سے حاصل ہونیوالی آمدن میں صوبوں کاحصہ یقینی بنانا وفاق کی آئینی ذمہ داری ہے۔
کمیٹی چیئرمین نے پیٹرولیم ڈویژن کو ہدایت کی کہ تیل وگیس کمپنیوں کے مجموعی منافع کانصف صوبوں کو منتقل کرنے کیلیے جامع طریقہ کار تیارکرکے وفاقی کابینہ کے سامنے منظوری کیلیے پیش کیاجائے اور متعلقہ سمری کمیٹی کو بھی فراہم کی جائے،دیگرکمپنیوں کے اعدادوشمار سامنے آنے کے بعدصوبوں کامجموعی واجب الادا حصہ 6 ہزارارب روپے سے بھی تجاوزکرسکتاہے۔
انہوں نے خبردارکیاکہ آئینی تقاضے پورے نہ کیے گئے تومعاملہ مزیدکارروائی کیلیے پاکستان کے آڈٹ حکام کو بھیجاجاسکتا ہے۔ کمیٹی نے فیصلہ کیاکہ مسئلہ حل نہ ہونے کی صورت میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اوروفاقی وزرائے خزانہ و پیٹرولیم کو بھی اجلاس میں طلب کیاجائیگا۔