نجی زمین پر قائم قبر کا مزار بن جانے سے ملکیت اوقاف کی نہیں بن جاتی، سپریم کورٹ

محکمہ اوقاف کو زمین اور اس پر قائم عمارتوں کا انتظام مالک کو واپس کرنے کا حکم


جہانزیب عباسی November 24, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

سپریم کورٹ نے محکمہ اوقاف کی جانب سے نجی زمین کا انتظام سنبھالنے کا اقدام غیر قانونی قرار دے دیا۔

سپریم کورٹ نے چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب کی اپیل خارج کردی اور محکمہ اوقاف کا 19 نومبر 2003 کا نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار دے دیا۔

جسٹس شاہد وحید نے 10 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا جس میں کہا گیا کہ نجی زمین پر قائم قبر کا مزار بن جانے اور عقیدت مندوں کی آمد سے ملکیت اوقاف کی نہیں بن جاتی۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ وقف قرار دینے کے لیے زمین کی مستقل وقفیت ثابت کرنا ضروری ہے، مالک کی جانب سے اپنی زمین پر عزیز کی قبر تعمیر کرنے سے زمین وقف نہیں ہو جاتی۔

فیصلے میں کہا گیا کہ محض زائرین کی آمد اور نذرانے جمع ہونے سے زمین کی ملکیت محکمہ اوقاف کو منتقل نہیں ہوتی، محکمہ اوقاف نجی ملکیتی زمین کو مالک کی رضامندی کے بغیر اپنی تحویل میں نہیں لے سکتا۔

 سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا کہ زندہ وقف کنندہ کی رضامندی کے بغیر محکمہ اوقاف زمین کا انتظام سنبھالنے کا مجاز نہیں۔ عدالت نے محکمہ اوقاف کی جانب سے نوٹس کی عدم تعمیل اور قانونی تقاضے پورے نہ کرنے پر قبضے کا نوٹیفکیشن غیر مؤثر قرار دے دیا۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ وقف ہونے کا دعویٰ کرنے والے فریق پر مستقل وقفیت ثابت کرنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، زمین کے ریونیو ریکارڈ میں دربار کا اندراج ملکیت کا ثبوت نہیں ہوگا۔

سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے اس کی وجوہات میں قانونی وضاحت کردی،  محکمہ اوقاف کو 5 کنال 3 مرلے زمین اور اس پر قائم عمارتوں کا انتظام، کنٹرول اور قبضہ مالک کو واپس کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالتی حکم میں کہا گیا کہ زمین اور اس پر قائم عمارتوں کا قبضہ 30 روز کے اندر اصل مالک کو واپس کریا جائے، عدالت نے متعلقہ ریونیو حکام کو محکمہ اوقاف کے نوٹیفکیشن کی بنیاد پر کی گئی اراضی کی تبدیلیاں درست کرنے کا حکم دے دیا۔