جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے یونیورسٹی تاریخ میں پہلی بار اکیڈمک کلینڈر میں سیمسٹر امتحانی نتائج کے اجرا کی تاریخ اور مدت کا تعین کردیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی یونیورسٹی کی انتظامیہ نے تاریخ مین پہلی بار سیمسٹر کے نتائج کو تاخیر کے بجائے بروقت اور شفاف اجرا کو یقینی بنانے کیلیے تعین کردیا ہے۔
مذکورہ فیصلہ سیمسٹر نتائج کو تاخیر سے بچانے اس کے بروقت اور شفاف اجراء کے سلسلے میں کیا گیا ہے جسے اکیڈمک کلینڈر کا حصہ بنادیا گیا ہے۔
قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر طفیل احمد کے دو ماہ کے مختصر دور میں بنائے گئے اکیڈمک کلینڈر کی از سر نو تشکیل کردی ہے اور اکیڈمک سیشن 2027 کو ری شیڈول کرتے ہوئے 7 جنوری سے تدریسی سلسلہ شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے جو گزشتہ فیصلے کے تحت 15 دسمبر 2026 سے شروع ہونا تھاْ
تعارفی orientation کلاسز اب 14 دسمبر کے بجائے 6 جنوری کو ہونگی اس بات کا فیصلہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی کی زیر صدارت منعقدہ رئیس کلیات اور مشیران کے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں رئیس کلیہ علوم الادویات ڈاکٹر حارث شعیب، رئیس کلیہ سائنس ڈاکٹر بلقیس گل، رئیس کلیہ فنون و سماجی علوم ڈاکٹر ثمینہ سعید، مشیر امور طلبہ نوشین رضا، کیمپس سیکیورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر معیز خان، ڈائریکٹر ایوننگ پروگرام ڈاکٹر شبیب الحسن، ناظم امتحانات ڈاکٹر غفران سعید و دیگر شریک تھے۔
اس سلسلے میں جامعہ کراچی کے قائم مقام رجسٹرار نے وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی کی منظوری سے اس فیصلے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق تمام متعلقہ افراد کو اطلاع دی گئی ہے کہ تعلیمی سیشن 2027 (مارننگ اور ایوننگ پروگرام) کے آغاز کے حوالے سے تبدیلیاں کی گئی ہیں.
انتظامیہ کے مطابق اورینٹیشن ڈے اب 14 دسمبر 2026 کے بجائے 6 جنوری 2027 کو منعقد ہوگا، تعلیمی سیشن 2027 کی کلاسز کا آغاز 15 دسمبر 2026 کے بجائے اب 7 جنوری 2027 سے ہوگا۔
اسی طرح تعلیمی سیشن 2027 کا اکیڈمک کیلنڈر کچھ اس طرح ہوگاپہلے سمسٹر کا تدریسی عمل 7 جنوری سے شروع ہوکر جمعہ 7 مئی 2027 تک جاری رہے گا جبکہ سیمسٹر امتحانات بدھ 12 مئی سے 28 مئی 2027 تک ہونگے۔
مذکورہ سیمسٹر کے امتحانی نتائج 19 جون تک جاری کردیے جائیں گے اور اس سلسلے میں متعلقہ رئیس کلیات اساتذہ کو پابند کریں گے۔
علاوہ ازیں 21جون سے سیمسٹر تعطیلات ہونگی جو جمعہ 2 جولائی تک ہونگی فال سیمسٹر کا آغاز پیر 5 جولائی سے ہوگا جو بدھ 3 نومبر 2027 تک جاری رہے گا ۔ سمسٹر امتحانات پیر 8 نومبر سے 26 نومبر 2027 تک ہونگے اور 14 دسمبر تک نتائج کا اعلان کردیا جائے گا جبکہ فل سمسٹر کی 15 دسمبر سے 2 جنوری 2028 تک ہونگی۔