ایم کیو ایم 29 نومبر کو اپنے جلسے کی تاریخ یا جگہ تبدیل کرے، سعید غنی

قادر مگسی نے پہلے جلسے کا اعلان کیا اس کے بعد ایم کیو ایم نے کیا، صوبائی وزیر محنت


اسٹاف رپورٹر November 25, 2026
فائل فوٹو

کراچی:

صوبائی وزیر محنت سعید غنی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم سے درخواست ہے کہ وہ 29 نومبر کو اپنے جلسے کی تاریخ یا جگہ تبدیل کرے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ پُر امن سیاسی جلسے کرنے کا حق سب کو ہے، پیپلز پارٹی کسی کو جلسے کرنے سے روک نہیں سکتی، ہم نے کمیٹی بنائی اور ایم کیو ایم سمیت قوم پرستوں سے رابطہ کیا ہے۔

صوبائی وزیر محنت نے کہا کہ 29 نومبر کے جلسوں کے حوالے سے صورتحال ٹھیک نہیں، 29 نومبر کو پہلے قادر مگسی نے جلسے کا اعلان کیا اس کے بعد ایم کیو ایم نے اعلان کیا، ایم کیو ایم نے اس حوالے سے ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کیا، ہم نے ایم کیو ایم کو کہا ہے کہ وہ تاریخ یا جگہ تبدیل کریں۔

سعید غنی نے کہا کہ 30 نومبر کو یوم تاسیس کا جلسہ کراچی میں ریلوے گراؤنڈ محمود آباد میں ہوگا، کارکنوں سے کہا ہے وہ جلسے میں بڑے جلوس لیکر نہ آئیں چھوٹے چھوٹے قافلے کی صورت میں آئیں، جلسے سے بلاول بھٹوزرداری ویڈیو لنگ سے خطاب کریں گے۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت کے لئے پیپلز پارٹی نے قربانیاں دی ہیں، بے نظیر نے دہشت گردوں کو چیلنج کیا اور جان قربان کردی، پیپلز پارٹی آج بھی اپنے نظریے پر قائم ہے۔