غیر قانونی تعمیرات پہلے کیوں نظر نہیں آئیں؟ جو اسٹے لائے اسے جوتے لگائیں، وزیراعلیٰ برہم

سرکاری لوگوں کے ملوث ہوئے بغیر غیر قانونی تعمیرات نہیں ہوسکتیں، ملوث افسر جیل جائے گا، وزیراعلیٰ سندھ


شاہ میر خان November 25, 2026

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ایڈمن سوسائٹی واقعے میں ملوث افراد قاتل ہیں اور وہ چاہیے کسی بھی عہدے یا ادارے کے ہوں انہیں سزا ملے گی، سرکاری افراد کے ملوث ہوئے بغیر غیر قانونی تعمیرات نہیں ہوسکتی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے چنیسر ٹاؤن کے علاقے بلوچ کالونی کی ایڈمن سوسائٹی میں 6 منزلہ عمارت منہدم ہونے کے واقعے کے بعد وزیراعلیٰ نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور متعلقہ حکام سے بریفنگ لی۔

وزیراعلیٰ نے مذکورہ عمارت کے ساتھ قائم عمارتوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ایسٹ ور افسران سے سوال کیا کہ علاقے میں غیر قانونی تعمیرات اور یہ عمارتیں کیسے بن رہی ہیں؟ وزیراعلیٰ کے استفسار پر ڈی سی ایسٹ نے جواب دیا کہ ’سر وہ عدالت سے اسٹے لے آتے ہیں؟

وزیراعلی نے ڈپٹی کمشنر کا جواب سُن کر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ اسٹے لانے والوں کو جوتے لگائیں، یہ لوگوں کا قتل کررہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمارت گرنے کا واقعہ قتل ہے اور اس قتل میں جو بھی ملوث ہوا اُسے بلا تفریق سزا دی جائے گی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ واقعے میں تین افراد جاں بحق جبکہ ملبے سے چودہ افراد کو نکالا گیا اور 10 کے قریب تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش کیلیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمارت کو گراؤنڈ پلس ون کی اجازت تھی، چھ منزلیں بنا دی گئیں، سرکاری لوگوں کی ملی بھگت کے بغیر یہ کام ہو نہیں سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں مالک ہو، کنسلٹنٹ، ٹھیکیدار یا سرکاری افسر جو بھی ملوث ہوا اُس کو سزا ملے گی اور اس بار کوئی بحال نہیں ہوگا بلکہ ذمہ دار افسر یا دیگر کوئی اور جیل جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ہو یا ضلعی انتظامیہ، ذمہ دار کو سزا ملے گی، یہ آپ بھول جائیں کہ کوئی ذمہ دار نوکری پر بحال ہوگا۔

واضح رہے کہ ایڈمن سوسائٹی کے بلاک سی میں پلاٹ پر 6 منزلہ عمارت غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی تھی جس کا نقشہ گراؤنڈ + پہلی منزل کا منظور تھا تاہم بلڈر نے عدالت سے حکم امتناع لے کر 8 ماہ میں تعمیرات کر کے عمارت کے پورشنز فروخت کردیے تھے۔

اس حادثے میں اب تک جاں بحق افراد کی تعداد 3 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 14 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ بھی ہے جس کیلیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔